جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

چٹانوں کے سینے پر ایک خواب ،تحریر: نیہا علی

نقطہ نظر
Kitchen and Me, written by: Neha Ali

بعض مناظر بظاہر خاموش ہوتے ہیں مگر ان کی خاموشی میں زندگی کے گہرے حقائق پوشیدہ ہوتے ہیں۔ وہ زبان سے کچھ نہیں کہتے لیکن انسان کے ضمیر کو جھنجھوڑتے اور فکر کو نئی جہت عطا کرتے ہیں۔ یہ تصویر بھی ایک ایسے ہی بامعنی منظر کی عکاسی ہے۔ سنگلاخ پتھروں کے درمیان ایک ننھا سا پھول سر اٹھائے کھڑا ہے۔ اس کے گرد سختی خشکی اور بے مہری ہے مگر اس کے وجود میں زندگی کی تازگی اور اپنے ہونے کابھرپور اعلان نمایاں ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اس نے چٹانوں کے سینے پر اپنا خواب رقم کر دیا ہو۔

پھول کی نمو کے لیے نرم مٹی مناسب آب و ہوا اور آبیاری درکار ہوتی ہے مگر یہاں زمین کی آغوش بھی پتھریلی ہے، نہ کوئی شاداب کھیت اس کے استقبال کے لیے موجود ہے نہ کسی مالی کے ہاتھ اس کی نگہداشت کے لیے آگے بڑھے ہیں۔ اس کے باوجود اس نے اپنی جڑوں کو جگہ دی کونپل کو سنبھالا اور رفتہ رفتہ پھول بن کر کھل اٹھا۔ اس کی مختصر داستان ایک بڑی حقیقت کی ترجمان ہے۔ زندگی ہمیشہ سازگار حالات کی مرہون منت نہیں ہوتی کبھی عزم صبر اور مسلسل جدوجہد ناموافق ماحول میں بھی نمو کے امکانات پیدا کر دیتے ہیں۔یہ پھول بتاتا ہے کہ دشواریوں کا وجود ناکامی کا اعلان نہیں ہوتا چٹان راستہ روک سکتی ہے، مگر ہر راستہ بند نہیں کر سکتی۔ انسان کے سامنے بھی کبھی ایسے حالات آ کھڑے ہوتے ہیں جن میں امید کا دامن تھامے رکھنا دشوار دکھائی دیتا ہے۔ معاشی تنگی، محرومی، بے اعتنائی، ناکامی اور زمانے کی ٹھوکریں اس کے حوصلے کو آزماتی ہیں۔ بعض اوقات وہ کوشش کے باوجود منزل کو دور پاتا ہے اور سمجھتا ہے کہ شاید تمام راستے مسدود ہو چکے ہیں۔ مگر یہی وہ لمحہ ہے جب اسے اس پھول سے سبق لینا چاہیے جو پتھروں کے درمیان بھی کھلنے کا ہنر جانتا ہے۔زندگی میں امتیاز ان لوگوں کو حاصل ہوتا ہے جو حالات کے سامنے بے بس ہو کر بیٹھ نہیں جاتے، بلکہ اپنی صلاحیتوں کو پہچانتے، کمزوریوں کا محاسبہ کرتے اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر آگے بڑھتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ شکایت سے راستے نہیں کھلتے اور محض آرزو سے خواب حقیقت نہیں بنتے۔ اس کے لیے عزم پیہم، سعی مسلسل اور صبر جمیل درکار ہوتا ہے۔ جو شخص ہر ٹھوکر کو تجربہ بنا لے ہر رکاوٹ کو تربیت کا وسیلہ سمجھے اور ہر ناکامی کے بعد نئے حوصلے سے اٹھ کھڑا ہو، وہ منزل کی سمت پیش قدمی جاری رکھتا ہے۔اس منظر کا پیغام یہ نہیں کہ انسان ہر دکھ خاموشی سے سہتا رہے یا مشکلات دور کرنے کی کوشش ترک کر دے۔ میرے خیال سے اصل سبق یہ ہے کہ حالات کی سختی کو اپنی ہمت پر غالب نہ آنے دیا جائے۔ جہاں راستہ دشوار ہو وہاں تدبیر اختیار کی جائے جہاں سہارا میسر نہ ہو وہاں قوت عمل بیدار کی جائے اور جہاں کوئی در وا نہ دکھائی دے وہاں صبر دعا اور جائز کوشش کے ساتھ نئی راہ تلاش کی جائے۔ امید محض خوش فہمی نہیں یہ وہ باطنی قوت ہے جو انسان کو عمل پر آمادہ رکھتی ہے۔

یہ پھول ان لوگوں کی یاد بھی دلاتا ہے جو نامساعد حالات کے باوجود علم حاصل کرتے، اہل خانہ کا سہارا بنتے، رزق حلال کے لیے محنت کرتے اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ کوئی تنگ دست طالب علم چراغ علم روشن رکھنے کے لیے مشقت اٹھاتا ہے کوئی ماں اپنی محرومیوں کو اولاد کے مستقبل کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیتی، کوئی مزدور تھکے ہاتھوں کے باوجود اگلے دن کی محنت کا عزم باندھتا ہے۔ یہ سب زندگی کی سنگلاخ زمین میں نمو پانے والے پھول ہیں۔ ان کی ثابت قدمی دوسروں کے لیے بھی حوصلے کا پیغام بن جاتی ہے۔

ہر پھول کی نمو ایک ہی رفتار سے نہیں ہوتی۔ کسی کو جلد بہار نصیب ہوتی ہے اور کسی کو طویل انتظار کے بعد اپنے رنگ دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ اس لیے اپنی زندگی کا موازنہ دوسروں کی آسودگی سے کرنا دانش مندی نہیں۔ ہر انسان کے حالات، وسائل اور آزمائشیں جداگانہ ہیں۔ مقصد فراموش نہ کرے اور وقت کی گردش سے بددل ہو کر کوشش ترک نہ کرے۔ جو بیج زمین کی تاریکی میں صبر سے جڑیں مضبوط کرتا ہے۔ وہی ایک دن روشنی میں تناور پودا بننے کے قابل ہوتا ہے۔توکل، انسان تدبیر کرتا، محنت کرتا اور اسباب اختیار کرتا ہے۔ مگر نتیجہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیتا ہے۔ وہ جانتا ہے کہ اس کی نگاہ محدود ہے جب کہ خالق حقیقی کی حکمت ہر شے پر محیط ہے۔ بسا اوقات جس رکاوٹ کو ہم محرومی سمجھتے ہیں اسی میں کسی نئی بصیرت یا بہتر راستے کا امکان پوشیدہ ہوتا ہے۔ اس لیے مایوسی کو دل میں مستقل ٹھکانہ نہیں دینا چاہیے۔ دعا کے ساتھ کوشش اور کوشش کے ساتھ توکل انسان کو استحکام عطا کرتے ہیں۔

یہ ننھا سا پھول کسی بلند بانگ دعوے کے بغیر زندگی کا گراں قدر سبق دے رہا ہے۔ اس کی پنکھڑیاں نازک ہیں، مگر حوصلہ مضبوط ہے مسکن سخت ہے، مگر آرزو شگفتگی سے عبارت ہے۔ یہ یاد دلاتا ہے کہ عظمت ہمیشہ آسائش یا ظاہری قوت میں نہیں ہوتی کبھی ایک کمزور دکھائی دینے والے وجود کی ثابت قدمی بڑے بڑے دعووں سے زیادہ اثر رکھتی ہے۔

پس جب زندگی کے راستے سنگلاخ ہو جائیں کوششوں کے باوجود منزل اوجھل رہے اور حالات کا بوجھ دل کو شکستہ کرنے لگے، تو اس پھول کو یاد رکھیے۔ امید کی رمق زندہ رکھیے قدموں کو عمل سے وابستہ رکھیے اور اپنے رب کی رحمت پر بھروسا قائم رکھیے۔ خوابوں کی قدر ان کی آسان تعبیر سے نہیں، بلکہ ان کے حصول کے لیے کی جانے والی سچی جدوجہد سے متعین ہوتی ہے۔چٹانیں اپنی جگہ سخت رہتی ہیں مگر زندگی اپنا راستہ بنا لیتی ہے۔ بعض خواب نرم زمینوں میں نہیں اُگتے وہ چٹانوں کا سینہ چیر کر اپنی تعبیر پاتے ہیں۔