جمعہ، 13 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ادب کے افق پر ایک نئی ذمہ داری، ایک نئی امید، تحریر:ایم زیڈ کنول

نقطہ نظر

ادب محض لفظوں کی آرائش، خیال کی ترسیل یا جذبات کی ترجمانی کا نام نہیں؛ یہ کسی عہد کے اجتماعی شعور، تہذیبی حافظے اور فکری ارتقا کا وہ معتبر حوالہ ہے جس کے ذریعے قومیں اپنی شناخت کے نقوش آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کرتی ہیں۔ اسی لیے ادبی اداروں کی سربراہی محض ایک انتظامی منصب نہیں بلکہ ایک فکری امانت بھی ہوتی ہے، جس کا تقاضا ہے کہ اس کے دائرے میں تخلیق، تحقیق، تنقید اور مکالمے کے تمام چراغ یکساں روشنی پائیں۔

لاہور (پاکستان) میں مقیم اردو ادیب اور تمغۂ امتیاز (2025) کے اعزاز یافتہ

ڈاکٹر ناصر عباس نیر کا چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان منتخب ہونا اسی تناظر میں ادبی حلقوں کے لیے ایک اہم موقع اور نئی توقعات کا عنوان ہے۔ ان کی شخصیت کا حوالہ اردو تنقید، ادبی تحقیق اور فکری مباحث سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے انتخاب کو محض ایک منصب کی تبدیلی کے بجائے اس امکان کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ اکادمی ادبیات پاکستان کے علمی و تخلیقی کردار کو مزید وسعت دینے کے لیے نئے در وا ہوں گے۔

ڈاکٹر ناصر عباس نیر کی علمی شناخت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ انہوں نے اردو تنقید کو محض پسند و ناپسند کے محدود دائروں سے نکال کر جدید فکری نظریات، مابعد نوآبادیاتی مباحث اور ثقافتی شناخت کے وسیع تناظر سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ ان کی تصانیف میں مابعد نوآبادیات: اردو کے تناظر میں، اردو ادب کی تشکیلِ جدید، جدیدیت اور نوآبادیات اور نئے نقاد کے نام خطوط خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ وہ افسانہ نگاری کے میدان میں بھی اپنی تخلیقی شناخت رکھتے ہیں۔

تاہم کسی بھی ادارے کی اصل کامیابی اس کے سربراہ کی علمی شہرت سے آگے بڑھ کر اس کے عملی اقدامات میں ظاہر ہوتی ہے۔ اکادمی ادبیات پاکستان کو ایک ایسے متحرک ادبی مرکز کی صورت میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جہاں ملک کی تمام علاقائی زبانوں، اردو، پنجابی، سندھی، پشتو، بلوچی، سرائیکی، براہوی، کشمیری اور دیگر زبانوں کے تخلیق کاروں کو مساوی توجہ اور نمائندگی میسر ہو۔ نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی، غیر جانب دار ادبی انتخاب، مستند تحقیق کی سرپرستی، کتابوں کی اشاعت، ادبی جرائد کی فعالیت اور ملک بھر کے ادبی اداروں سے بامعنی روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

ادب کے میدان میں سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ بعض اوقات تخلیق کی قدر کا تعین تخلیق کے بجائے تعلقات، گروہ بندیوں اور ادارہ جاتی قربت سے ہونے لگتا ہے۔ اکادمی ادبیات جیسے قومی ادارے سے یہ توقع بجا ہے کہ وہ اس تاثر کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ اہلِ قلم کی شناخت ان کے فکری و تخلیقی کام سے ہو، نہ کہ ان کی وابستگیوں اور حلقہ بندیوں سے۔ ادبی میراث کسی ایک شہر، زبان، گروہ یا نسل کی جاگیر نہیں؛ یہ پورے پاکستان کا مشترکہ تہذیبی سرمایہ ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ اکادمی کی سربراہی ایک ایسے منصب کا نام ہے جہاں اختلاف کو جگہ، نئے خیال کو راستہ اور غیر معروف تخلیق کار کو بھی اپنی صلاحیت منوانے کا موقع ملنا چاہیے۔ اگر ادارے کے دروازے ہر صاحبِ قلم کے لیے یکساں طور پر کھلیں تو یہ محض ایک انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ ادبی جمہوریت کی جانب ایک بامعنی پیش رفت ہوگی۔

تمام ابی تنظیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے جگنو انٹرنیشنل کے اراکین اس موقع پر ڈاکٹر ناصر عباس نیر کو چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان منتخب ہونے پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ ان کی سربراہی میں اکادمی ادبیات پاکستان علمی دیانت، فکری وسعت، تخلیقی آزادی اور ادبی انصاف کی ایسی روشن مثال قائم کرے جس کے اثرات قومی ادب کے مستقبل میں بھی محسوس کیے جا سکیں۔

ہماری تہنیت محض ایک شخصیت کے انتخاب پر مسرت کا اظہار نہیں، بلکہ اس امید کا اعلان بھی ہے کہ ادب کے آنگن میں اب ہر زبان کا پھول اپنی خوشبو کے ساتھ پہچانا جائے گا، ہر تخلیقی چراغ کو اس کے استحقاق کے مطابق روشنی ملے گی اور علم و فن کی میزان پر تعلق نہیں، تخلیق کا وزن معتبر ٹھہرے گا۔

جگنو انٹرنیشنل اور لاہور کی تمام ادبی تنظیموں کی جانب سے ڈاکٹر ناصر عباس نیر کے لئے گلہائے تہنیت