معاشرے کی بے حسی،تحریر: طارق نوید سندھو
نقطہ نظر
آج کا معاشرہ زندہ لوگوں کا معاشرہ نہیں رہا، یہ چلتی پھرتی لاشوں کا قبرستان بن چکا ہے۔ جہاں سانسیں تو چل رہی ہیں، دل تو دھڑک رہے ہیں، مگر احساس مر چکا ہے۔ ہم نے ترقی تو بہت کر لی، موبائل ہاتھ میں آ گیا، گاڑی گھر میں آ گئی، بنگلے بن گئے، مگر انسانیت کہیں راستے میں گم ہو گئی۔
کبھی سوچا ہے ہم کس قدر بے حس ہو چکے ہیں؟ سڑک پر کوئی شخص ایکسیڈنٹ میں تڑپ رہا ہوتا ہے، خون بہہ رہا ہوتا ہے، اور ہماری غیرت یہ گوارا کرتی ہے کہ ہم پہلے موبائل نکال کر ویڈیو بنائیں، فیس بک پر لائیو آئیں، واٹس ایپ اسٹیٹس لگائیں، مگر اس زخمی کو ہسپتال پہنچانے کی ہمت نہ کریں۔ ہم تماشائی بن گئے ہیں۔ ہمیں دوسروں کا دکھ اب درد نہیں دیتا، تفریح دیتا ہے۔
یہ کیسی قوم ہے جہاں پڑوسی بھوکا سو جاتا ہے اور ہم اپنے گھر میں دسترخوان پر دس دس کھانے سجا کر تصویریں بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالتے ہیں؟ جہاں یتیم بچہ سکول کی فیس کے لیے رو رہا ہوتا ہے اور ہم اپنی اولاد کی سالگرہ پر لاکھوں روپے پٹاخوں پر اڑا دیتے ہیں؟ جہاں بیوہ عورت راشن کے لیے در در بھٹک رہی ہوتی ہے اور ہم مسجد میں لاکھوں کا چندہ دے کر اپنی فوٹو کھنچوانے کے شوقین ہیں؟ یہ عبادت ہے یا دکھاوا؟ یہ دین ہے یا منافقت؟
ہمارے بازاروں میں دیکھیں۔ دکاندار کو پتہ ہے کہ یہ دوائی نقلی ہے، یہ دودھ ملاوٹ والا ہے، یہ کھانا زہریلا ہے، مگر پھر بھی وہ بیچ رہا ہے۔ اسے پرواہ نہیں کہ اس سے کسی کی ماں مر جائے گی، کسی کا بچہ بیمار ہو جائے گا۔ اسے صرف اپنے نوٹوں سے مطلب ہے۔ ڈاکٹر کو پتہ ہے کہ مریض کو اس ٹیسٹ کی ضرورت نہیں، مگر کمیشن کے لیے وہ بیس ٹیسٹ لکھ دیتا ہے۔ وکیل کو پتہ ہے کہ اس کا موکل جھوٹا ہے، مگر پیسے کے لیے وہ سچ کو جھوٹ ثابت کر دیتا ہے۔ استاد کو پتہ ہے کہ بچے کا مستقبل داؤ پر ہے، مگر وہ ٹیوشن کی فیس نہ ملنے پر اسے فیل کر دیتا ہے۔
یہ بے حسی نہیں تو اور کیا ہے؟
اور سب سے بڑی بے حسی تو ہمارے حکمرانوں اور افسروں میں ہے۔ سڑک پر کھلا گٹر پڑا ہے، کوئی بچہ گر کر مر جائے، انہیں کیا فرق پڑتا ہے؟ ہسپتال میں دوائی نہیں، کوئی غریب تڑپ تڑپ کر مر جائے، انہیں کیا؟ سکول میں استاد نہیں، بچوں کا مستقبل تباہ ہو جائے، انہیں کیا؟ ان کی اپنی اولادیں تو باہر پڑھ رہی ہیں، ان کا اپنا علاج تو باہر ہو رہا ہے۔ عوام مرے یا جیے، انہیں صرف اپنی کرسی سے مطلب ہے۔
ہم اتنے بے حس ہو چکے ہیں کہ ظلم کو ظلم کہنا چھوڑ دیا ہے۔ ہمارے سامنے کوئی غریب کو تھپڑ مارے، ہم چپ۔ کوئی رشوت لے، ہم چپ۔ کوئی کسی لڑکی کو چھیڑے، ہم چپ۔ کوئی کسی مظلوم کی زمین پر قبضہ کرے، ہم چپ۔ ہماری چپ نے ظالموں کو شیر بنا دیا ہے اور مظلوموں کو بے سہارا کر دیا ہے۔ ہم کہتے ہیں ہمارا کیا جاتا ہے؟ ارے نادانوں، کل جب یہی ظلم تمہارے گھر پر آئے گا، تب تمہیں پتہ چلے گا کہ تمہاری چپ کتنی مہنگی پڑی ہے۔
سوشل میڈیا نے تو رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔ کسی کا جنازہ ہو رہا ہو، ہم سیلفی بنا رہے ہوتے ہیں۔ کسی کی بیٹی کی عزت لوٹی جا رہی ہو، ہم اس کی ویڈیو وائرل کر رہے ہوتے ہیں۔ کسی کا گھر جل رہا ہو، ہم تماشا دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ ہمیں دوسروں کی بے عزتی میں مزہ آنے لگا ہے۔ ہم دوسروں کی بربادی پر ہنستے ہیں اور اپنی بربادی پر روتے ہیں۔ یہ کیسا دوہرا معیار ہے؟
گھروں کے اندر بھی یہی بے حسی ہے۔ ماں باپ بوڑھے ہو جائیں تو وہ بوجھ لگنے لگتے ہیں۔ جس ماں نے ساری رات جاگ کر ہمیں پالا، آج اسی ماں کے لیے ہمارے پاس وقت نہیں۔ جس باپ نے اپنی جوانی ہمارے لیے گھلا دی، آج اسی باپ کو ہم اولڈ ہوم میں چھوڑ آتے ہیں۔ بیوی بیمار ہو تو شوہر کو پرواہ نہیں، شوہر پریشان ہو تو بیوی کو پرواہ نہیں۔ بھائی بھائی کا دشمن بن گیا ہے، وہ بھی صرف زمین کے دو مرلے کے لیے۔ رشتے اب خون سے نہیں، مفاد سے بنتے ہیں۔ مفاد ختم، رشتہ ختم۔
ہم نمازیں تو پڑھتے ہیں، روزے بھی رکھتے ہیں، حج عمرے بھی کرتے ہیں، مگر دل میں رحم نہیں۔ اللہ کو ہماری نمازوں کی نہیں، ہمارے کردار کی ضرورت ہے۔ وہ اللہ جس نے فرمایا کہ پڑوسی بھوکا ہو اور تم پیٹ بھر کر سو جاؤ تو تم مومن نہیں، آج ہم اسی اللہ کے سامنے کھڑے ہو کر دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم مومن ہیں۔ کیسے مومن؟ جس کے دل میں دوسرے مسلمان کا درد ہی نہ ہو، وہ مومن کیسا؟
یاد رکھو! جس معاشرے سے احساس ختم ہو جائے، وہ معاشرہ زیادہ دیر زندہ نہیں رہتا۔ وہ اندر ہی اندر سڑ جاتا ہے۔ آج ہماری نوجوان نسل ڈپریشن میں ہے، خودکشیاں کر رہی ہے، نشے میں ڈوب رہی ہے، کیونکہ اسے سننے والا کوئی نہیں، سمجھنے والا کوئی نہیں۔ ہم نے اپنے بچوں کو موبائل تو دے دیا، مگر وقت نہیں دیا۔ ہم نے انہیں پیسہ تو دیا، مگر محبت نہیں دی۔
اب بھی وقت ہے۔ جاگ جاؤ۔ بے حسی کی اس چادر کو اتار پھینکو۔ اگر سڑک پر کوئی گر جائے تو اسے اٹھاؤ، ویڈیو مت بناؤ۔ اگر پڑوسی بھوکا ہے تو اس کا دروازہ کھٹکھٹاؤ۔ اگر کوئی مظلوم ہے تو اس کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔ اگر تم ظالم کے خلاف نہیں بول سکتے تو کم از کم ظلم پر خاموش تماشائی تو مت بنو۔
ورنہ تاریخ ہمیں ایک ایسی قوم کے طور پر یاد رکھے گی جو زندہ تھی مگر مردہ تھی، جس کے پاس سب کچھ تھا مگر احساس نہیں تھا۔ اور ایسی قوموں کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں




