احسن اقبال نے کرتارپور تا کنجروڑ سڑک اور نالہ بسنتر پل کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کرتارپور چوک سے کنجروڑ چوک تک سڑک اور نالہ بسنتر پر پل کی تعمیر کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
اپنے آبائی حلقے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نئے سڑک منصوبے سے علاقے میں تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے جبکہ زمینوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ علاقے میں سڑکوں کے تین بڑے منصوبوں کی تکمیل سے سیالکوٹ تک کا سفر تقریباً آدھے گھنٹے تک محدود ہو جائے گا، نارووال تا کنجروڑ سڑک پر کام شروع ہو چکا ہے، سڑک کو آئندہ 15 سال کے لیے پائیدار بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ امن، تعلیم اور ترقی ہماری بنیادی ترجیحات ہیں، نارووال علم و تعلیم کا مرکز بن رہا ہے، یونیورسٹی آف نارووال میں رواں سال ڈھائی ہزار نوجوانوں نے داخلہ لیا، جن میں سے 80 فیصد اپنے خاندانوں میں یونیورسٹی جانے والے پہلے افراد ہیں۔
احسن اقبال نے پاکستان کی سفارتی اور خلائی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پہلے خلا نورد کی 25 نومبر کو چین کے خلائی مشن میں شرکت بھی تاریخی کامیابی ہے، چین نے اپنے خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان کے لیے پاکستان کا انتخاب کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران تیل کی قیمت میں 60 روپے فی لٹر کمی آئی ہے۔
مزید پڑھیں





