مریم نواز کل ہانگ کانگ سمٹ میں کلیدی خطاب کریں گی

ایشیاء میں پہلی بار نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ ہانگ کانگ سمٹ 2026 کا انعقاد کل 30 نومبر کو ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی اور کلیدی خطاب کریں گی۔
سمٹ ہانگ کانگ کے ہاربر روڈ پر واقع ہوٹل گرینڈ حیات میں منعقد ہوگی، جس کا موضوع ’’متوازن دنیا، فرام سائنس ٹو سکیل‘‘ رکھا گیا ہے، سمٹ کا مرکزِ توجہ سائنسی علوم، تکنیکی جدت، ذمہ دارانہ سرمایہ کاری اور قابلِ عمل اقدامات ہوں گے۔
اجلاس میں جدید ٹیکنالوجی، نئے معاشی ماڈلز اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف موضوعات پر کلیدی تقاریر اور پینل مباحثے ہوں گے، ہاؤسنگ، ماحولیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، لینڈ مینجمنٹ اور فزکس سمیت دیگر سائنسی علوم پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سمٹ میں فزکس کے نوبل انعام یافتہ پروفیسر بیری بارش اور پروفیسر فیرنک کراؤس سمیت اقوام متحدہ کے عالمی ماہرین شریک ہوں گے، چین، قطر، بوٹسوانا، برطانیہ، سویڈن، جاپان، اٹلی، سنگاپور، سیرا لیون اور دیگر ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود اور حکام بھی شرکت کریں گے۔
یو این اکنامک کمیشن فار یورپ، سفارتی وفود اور مختلف اداروں کے سربراہان کے علاوہ فنانس، کارپوریٹ سیکٹر، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے 42 بڑے اداروں کے ماہرین بھی سمٹ میں شریک ہوں گے۔
آکسفورڈ، کیمبرج، امپیریل کالج، سٹینفورڈ اور کولمبیا یونیورسٹی سمیت دنیا کی 15 بڑی جامعات کے وفود کی شرکت بھی متوقع ہے۔ سمٹ میں پینل مباحثوں کے بعد گالا ڈنر اور نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کی ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں لیختنشتائن، برازیل، پرتگال اور تھائی لینڈ کے شاہی خاندانوں کے افراد بھی شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں





