ایک چراغ جو آج بھی جل رہا ہے، تحریر: رفعت اکرام
نقطہ نظر
اقبال کو گزرے برسوں بیت گئے، مگر اقبال آج بھی زندہ ہیں۔ وہ کتابوں میں زندہ ہیں، وہ ہمارے اسکولوں میں زندہ ہیں، وہ ہماری دعاؤں میں زندہ ہیں۔ جب بھی کوئی نوجوان تھک کر بیٹھ جاتا ہے، تو اقبال کی کوئی بات اسے پھر سے اٹھا دیتی ہے۔ جب بھی کوئی دل مایوس ہو جاتا ہے، تو اقبال کا کوئی پیغام اس کے دل میں امید کی روشنی جگا دیتا ہے۔ دنیا میں بڑے بڑے لوگ آئے اور چلے گئے، مگر اقبال کا نام آج بھی لوگوں کے دلوں میں دھڑکتا ہے۔ کیونکہ اقبال نے صرف شعر نہیں لکھے، انہوں نے دلوں کو جگایا تھا۔
اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ایک چھوٹے سے شہر میں پیدا ہونے والا یہ بچہ آگے چل کر پوری دنیا کا شاعر بن گیا۔ ان کے والد شیخ نور محمد ایک نیک انسان تھے۔ انہوں نے اقبال کو بچپن سے ہی سچائی، محنت اور اللہ سے محبت کا درس دیا۔ اقبال نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ سے حاصل کی، پھر لاہور آئے، پھر یورپ گئے۔ انہوں نے فلسفے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی، مگر ان کا دل ہمیشہ اپنی قوم کے ساتھ دھڑکتا رہا۔ انہوں نے دیکھا کہ مسلمان مایوسی اور غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں تو ان کا دل تڑپ اٹھا۔ انہوں نے قلم کو اپنی تلوار بنا لیا۔
اقبال نے ہمیں ایک بات سکھائی، کہ انسان چھوٹا نہیں ہوتا، اس کی سوچ چھوٹی ہوتی ہے۔ اگر سوچ بڑی ہو جائے، تو انسان بھی بڑا ہو جاتا ہے۔ ہم اکثر کہتے ہیں کہ ہمارے پاس پیسہ نہیں ہے، سفارش نہیں ہے، قسمت ساتھ نہیں دیتی۔ مگر اقبال کہتے ہیں کہ یہ سب بہانے ہیں۔ اصل دولت تمہارے اندر ہے۔ تمہارے اندر ایک چراغ جل رہا ہے، بس اسے بجھنے مت دو۔
اقبال کا سب سے بڑا پیغام خودی کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان اپنی خودی کو پہچانے۔ انسان کمزور نہیں ہے، انسان اشرف المخلوقات ہے۔ اللہ نے انسان کو سب سے افضل بنایا ہے۔ اگر وہ اپنی خودی کو بلند کر لے تو کائنات کی کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔ خودی کا مطلب ہے اپنے آپ کو پہچاننا، اپنی طاقت کو پہچاننا، اپنے اللہ پر یقین رکھنا۔
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
انہوں نے ہمیں شاہین بننا سکھایا۔ شاہین جو آسمان پر اڑتا ہے، جو کسی کے آگے جھکتا نہیں، جو اپنی منزل خود بناتا ہے۔ شاہین کوے کی طرح شور نہیں مچاتا، وہ طوطے کی طرح دوسروں کی باتیں نہیں دہراتا، وہ کبوتر کی طرح دانوں کا محتاج نہیں ہوتا۔ وہ اکیلا اڑتا ہے، اونچا اڑتا ہے، طوفان میں بھی نہیں ڈرتا۔ اقبال کہتے تھے، تم بھی شاہین ہو، تم بھی اڑ سکتے ہو، بس تمہیں اپنے پروں پر یقین کرنا ہے۔
اقبال کا پیغام آج کے نوجوان کے لیے ہی تو تھا۔ وہ کہتے تھے، موبائل میں کھو کر اپنی زندگی برباد مت کرو، لوگوں کی باتوں سے ڈر کر اپنے خواب مت چھوڑو، ناکامی سے گھبرا کر رک مت جاؤ۔ آج کا نوجوان تھوڑی سی ناکامی پر ہار مان لیتا ہے۔ ایک بار فیل ہو جائے تو پڑھائی چھوڑ دیتا ہے۔ ایک بار لوگ ہنس دیں تو خواب دیکھنا چھوڑ دیتا ہے۔ مگر اقبال کہتے ہیں نہیں بیٹا ایسے نہیں۔ گرنا کوئی بری بات نہیں ہے، گر کر نہ اٹھنا بری بات ہے۔
اقبال نے صرف خواب نہیں دکھائے، انہوں نے عمل کا درس بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف باتوں سے قومیں نہیں بنتیں، کام سے بنتی ہیں۔ تم جیسا عمل کرو گے ویسی ہی تمہاری زندگی بن جائے گی۔ اگر تم محنت کرو گے تو تمہاری زندگی جنت بن جائے گی۔ اس لیے صرف سوچو مت، اٹھو اور کام شروع کر دو۔
آج 9 نومبر ہے، اقبال کا دن ہے۔ آج ہم نے صرف ان کے شعر شیئر نہیں کرنے، آج ہم نے ان کے پیغام پر عمل کرنے کا وعدہ کرنا ہے۔ اگر ہم نے مایوسی چھوڑ دی، اگر ہم نے محنت کو اپنا شعار بنا لیا، اگر ہم نے اپنی خودی کو پہچان لیا تو یہی اقبال کی اصل یاد ہے۔
اقبال کا چراغ آج بھی جل رہا ہے، اور اس کی روشنی آج بھی ہمارے لیے کافی ہے۔ بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی آنکھیں کھولیں، اپنے دل کو روشن کریں اور اپنے قدموں کو منزل کی طرف بڑھائیں۔ جو قوم اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہے، وہ کبھی اندھیروں میں نہیں بھٹکتی۔ آئیے، اقبال کے پیغام کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، تاکہ ہمارا کل ہمارے آج سے زیادہ روشن ہو۔
مزید پڑھیں





