اقبال کی فکر، ایک خوددار اور باوقار قوم کی تشکیل کا راستہ،تحریر: محمد راشد تبسم
نقطہ نظر
نو نومبر کا دن ہمیں علامہ محمد اقبال کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودداری اور عملی جدوجہد کا شعور بیدار کیا۔علامہ اقبال نہ صرف شاعر تھے بلکہ ایک فلسفی اور دور اندیش رہنما بھی تھے۔ انہوں نے مسلمانوں کے زوال کے اسباب کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں اپنی شناخت پہچاننے، علم حاصل کرنے اور مستقبل کی تعمیر کے لیے جدوجہد کرنے کا پیغام دیا۔
علامہ اقبال کے پیغام کا سب سے اہم اور مرکزی حصہ ”خودی“ ہے۔ عام بول چال میں خودی کا مطلب غرور یا تکبر لیا جاتا ہے، لیکن اقبال کے نزدیک اس کا مطلب اپنی عزت نفس کو پہچاننا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے اندر بے پناہ صلاحیتیں رکھی ہیں۔ جب کوئی انسان اپنی ان خوبیوں اور اپنے اصل مقام کو پہچان لیتا ہے، تو وہ دنیا کی کسی بڑی سے بڑی طاقت کے سامنے سر نہیں جھکاتا۔ غلامانہ سوچ سے چھٹکارا تب ہی ممکن ہے جب ہم اپنا اصل مقام پہچانیں۔ ایک مضبوط اور باوقار قوم انہی افراد سے مل کر بنتی ہے جو اپنی ذات پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی سچائی کو انہوں نے یوں بیان کیا تھا:
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے
خودی کی تربیت کے بعد علامہ اقبال مرد مومن جیسے مثالی کردار کا تصور پیش کرتے ہیں۔ ایسا شخص مضبوط ایمان، سچے کردار، پختہ ارادے اور خودداری کا حامل ہوتا ہے۔ اپنی صلاحیتوں کو ذاتی مفاد کے بجائے عوام الناس کی اجتماعی بھلائی کے لیے استعمال کرتا ہے۔ مرد مومن کی اسی عملی قوت کو انہوں نے یوں بیان کیا:
ہاتھ ہے اللہ کا بندہ، مومن کا ہاتھ
غالب و کار آفریں، کار کشا، کار ساز
علامہ اقبال کو نوجوان نسل سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے شاہین کالفظ استعمال کیا۔ شاہین اونچا اڑتا ہے، دور تک دیکھتا ہے، اور اپنی محنت سے اپنا راستہ بناتا ہے۔آ ج کے نوجوان کو شاہین سے سبق سیکھتے ہوئے عیش وعشرت کی زندگی چھوڑنی اور بڑے مقصد کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے۔ وہ چاہتے تھے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے پر توجہ دینی چاہیے۔
نہیں تیرا نشیمن قصر سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
جدید علوم اور تحقیق اقبال کی فکر کا ایک اور اہم پہلو ہیں۔ یہ تاثر درست نہیں کہ وہ صرف ماضی کی باتیں کرتے تھے۔درحقیقت وہ مسلمانوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں آگے دیکھنا چاہتے تھے۔ ان کے نزدیک علم مسلمانوں کی کھوئی میراث ہے اورتعلیم کا مقصد صرف معاشی فائدہ حاصل کرنا نہیں بلکہ انسان کی فکری اور اخلاقی تربیت بھی ہے۔
علامہ اقبال کے نزدیک علم کی حقیقی اہمیت اسی وقت سامنے آتی ہے جب وہ انسان کو عمل اور جدوجہد کی طرف لے جائے۔ وہ مسلسل محنت کو کامیابی کی بنیاد سمجھتے تھے۔ ان کے نزدیک انسان حالات کا شکوہ کرنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں سے کام لے اور مشکلات کے باوجود آگے بڑھنے کی کوشش کرے۔ یہی اصول قومی ترقی پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ کوئی بھی ملک صرف نعروں، منصوبوں اور وعدوں سے ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے عمل کی اہمیت کو ان الفاظ میں بیان کیا:
عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے
علامہ اقبال کی سیاسی فکر بھی برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں اہم مقام رکھتی ہے۔ 1930میں الہ آباد کے مقام پرانہوں نے سب سے پہلے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا تصور پیش کیا۔ وہ ایک ایسا ملک چاہتے تھے جہاں اسلام کے اصولوں کے مطابق انصاف، برابری اور غریبوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔ان کی اسی فکر نے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور کو تقویت دی اور تحریک پاکستان کے فکری پس منظر میں اہم کردار ادا کیا۔
علامہ اقبال سیاسی آزادی کے ساتھ ساتھ معاشی آزادی کو بھی بے حد ضروری سمجھتے تھے۔ انہوں نے مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کے لیے جتنی زور دار آواز اٹھائی، اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ ان کا واضح پیغام تھا کہ جو نظام غریب کا خون چوسے، اسے ختم کر دینا چاہیے:
جس کھیت سے دہقاں کو میسر نہیں روزی
اس کھیت کے ہر خوشہ گندم کو جلا دو
آج پاکستان کو درپیش مسائل کا حل فکر اقبال میں موجود ہے۔ نوجوانوں کو ہنر اور ٹیکنالوجی کی طرف آنا ہوگا۔ ملکی وسائل کے موثر استعمال، کرپشن کے خاتمے اور معاشی خودمختاری کے لیے ایسی قیادت ضروری ہے جو دیانت داری، قومی مفاد اور جواب دہی کو ترجیح دے۔
قومی اتحاد کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ہمیں لسانی، صوبائی اور مسلکی اختلافات کے بجائے برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ اقبال کا تصورملت اجتماعی شعور اور اخوت کا درس دیتا ہے، جہاں شہری اختلافات کے باوجود قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہیں۔ نوجوانوں میں بڑھتی مایوسی اور بیرون ملک جانے کے رجحان کا حل معیاری تعلیم، روزگار، کاروبار اور تحقیق کے مواقع پیدا کرنے میں ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں ملک کی ترقی کے لیے استعمال کر سکیں۔
علامہ اقبال کا یوم ولادت منانے کا حقیقی مقصد صرف اشعار پڑھنا یا تقریبات منعقد کرنا نہیں، بلکہ ان کی فکر کو عملی زندگی میں اپنانا ہے۔ ان کا پیغام خودداری، علم، کردار، محنت اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیتا ہے۔ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے ہمیں ان اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ علامہ اقبال نے اپنی قوم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید کا پیغام یوں دیا ہے:
نہیں ہے ناامید اقبال اپنی کشت ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
اقبال کا یہ پیغام یاد دلاتا ہے کہ قوموں کی تقدیر بلند عزائم، مسلسل محنت اور اجتماعی ذمہ داری سے بدلتی ہے۔ ان کی فکر پر عمل کرکے ہی خوددار اور باوقار پاکستان کی تشکیل ممکن ہے۔
مزید پڑھیں





