پریشان ہو؟
ہاں ! غم بہت بڑھ گئے ہیں،چار سو اداسی ہی اداسی ہے ، دل پہ نجانے کون سا ایسا بوجھ ہے کہ سانس لینا بھی محال ہونے لگا ہے ۔
تو اللہ سے دعا کرو معاملات حل ہو جائیں گے۔
تمہیں لگتا ہے زلیخہ میں نے دعا نہیں کی ہو گی ؟
میں نے کتنی دعائیں کی زلیخہ میں نے بہت دعائیں کی رو کر گڑ گڑا کر مگر حالات کہاں بدلے ؟ معاملات کب حل ہوئے ؟ میرے دل کی بے چینیاں کہاں ختم ہوئیں ؟
زندگی مجھ پر تنگ ہی ہوتی جا رہی ہے ، وہ نہیں سنتا میری اسے میرا خیال ہی نہیں میں تھک گئ ہوں اس زندگی سے مجھے اب ہر شے سے فرار چاہیے بس۔
بس اتنی جلدی تھک گئ ؟
کیا مطلب اتنی جلدی تھک گئ آٹھ ماہ ہو گئے مجھے یہ برداشت کرتے ہوئے میرے سے اب نہیں ہو رہا یا تو وہ میری سنے نا اب تو وہ بھی چھوڑ گیا ہے مجھے ۔
اچھا مجھے ایک بات بتاؤ ؟
روزانہ پیٹ بھر کر کھانا کھاتی ہو ؟
اور اچھے کپڑے پہنتی ہو یا نہیں ؟
زلیخہ کے سوال پر دلنشین کو حیرت ہوئی تھی وہ اتنی پریشان ہے اور وہ کیا پوچھ رہی تھی۔
ہاں تین وقت کا اچھا کھاتی ہوں اچھا پہنتی ہوں سر ڈھانپنے کو چھت ہے ۔
اور یہ جو کھاتی ہو یہ کیا حلال ہے ؟
کیا مطلب حلال ہے تم جانتی ہو مجھے اچھے سے میں نے کبھی حرام طریقہ نہیں استعمال کیا کمانے کے لیے ۔
تو پھر تمہیں کیوں لگا کہ اس نے تمہیں چھوڑ دیا؟
زلیخہ کے سوال پر وہ الجھن کا شکار ہوئی تھی ۔
تم کیا کہنا چاہتی ہو زلیخہ سیدھے سے بتاؤ مجھے ۔
دلنشین کی بات پر وہ ہولے سے مسکائی ۔
دلنشین!
میں تمہیں ایک آیت کا ترجمہ سناتی ہوں :
"مَا وَدَّعَكَ رَبُّكَ وَمَا قَلٰى
آپ کے رب نے نہ آپ کو چھوڑا ہے اور نہ بیزار ہوا ہے"
(سورت الضحیٰ آیت نمبر 03)
وہ خود کہہ رہا ہے کہ میں نے تمہیں نہیں چھوڑا نہ ہی میں تم سے بیزار ہوا ہوں تو تم نے یہ کیسے سوچ لیا کہ اسے تمہارا خیال نہیں ، وہ تمہیں حلال طریقے سے رزق دیتا ہے تین وقت کا اچھا کھانا کھاتی ہو تم اچھا پہنتی ہو رہنے کے لیے تمہارے پاس چھت ہے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانے پڑتے کیا یہ اس کی رحمت نہیں تم پر؟
ایک صحت مند زندگی ہے تمہارے پاس تم کسی کی محتاج نہیں ہو کیا اس کے باوجود بھی تم سوچتی ہو اس کو تمہارا خیال نہیں اس نے تمہیں چھوڑ دیا؟
تو پھر مجھ پر زندگی اتنا تنگ کیوں ہونے لگی ہے ؟
یہ اداسیاں کیوں مجھ پر اتنی مہرباں ہو گئی ہیں ؟
میرے دل کا بوجھ کیوں بڑھتا جا رہا ہے؟
میں نے اس سے مانگا تو ہے اور کیا کروں ؟
مانگنے اور صدق دل سے مانگنے میں فرق ہوتا ہے دلنشین !
تم سچے دل سے نہیں مانگتی ایک دفعہ مانگا دو دفعہ مانگا تین دفعہ مانگا دس بار بیس بار کتنی دفعہ تم نے مانگ لیا ؟
اور اب ، اب تو تم نے نا امید ہو کر مانگنا ہی چھوڑ دیا کیوں ؟ کیا تمہیں اللہ پر نہیں؟
کیا تم نے نہیں سنا اس کے گھر میں دیر ضرور ہے مگر اندھیر نہیں ، تمہارے پاس اتنی نعمتیں ہیں کیا تم نے ان پر کبھی غور نہیں کیا اگر اس نے تمہیں چھوڑ دیا ہوتا تو تمہیں اپنے علاوہ انسانوں کا محتاج کر دیتا تمہارے سے تمہاری صحت مند زندگی چھین لیتا۔ وہ اپنے بندوں کو آزماتا ہے اپنے قریب تر قریب کرنے کے لیے اور وہ تمہیں بھی آزما رہا ہے اور اس آزمائش میں بجائے ناامید ہو کر اس سے دور جانے کے تمہیں چاہیے تم اس کے بہت قریب ہو جاؤ جب تم اس کی طرف ایک قدم بڑھاؤ گی وہ تمہاری طرف دس قدم بڑھائے گا ، ہر چیز میں کوئی نہ کوئی خیر ہے ۔
ہر چیز میں اس کی مصلحت ہے وہ جو تمہارے ساتھ کر رہا ہے اسے صبر اور شکر کے ساتھ قبول کرو اور اس سے اس کا رحم مانگتی رہو سچے دل سے وہ کبھی بھی ہاتھوں کو خالی نہیں لٹاتا۔
اس نے تمہیں آزمایا کہ کیا تم اس کے قرب کے قابل ہو؟ اور دیکھو تم اس آزمائش پر پورا نہیں اتری تم نے اس سے مانگنا چھوڑ دیا اس کے آگے جھکنا چھوڑ دیا نا امید ہو کر، لیکن اب بھی وقت ہے لوٹ جاؤ اس کی طرف، وہ تمہیں دھتکارے گا نہیں بلکہ تمہیں بہت ہی محبت کے ساتھ تھام کر سمیٹ لے گا۔
کیوں کہ وہ القدوس ہے ، الودود ہے، الرحیم ہے، وہ" النور "ہے ۔
مزید پڑھیں






