عورت ربِ کائنات کی نہایت خوبصورت، نازک اور باوقار تخلیق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اسے بے شمار خوبیوں، صلاحیتوں اور احساسات سے نوازا ہے۔ عورت صرف ایک وجود نہیں بلکہ محبت، قربانی، صبر، وفا اور حوصلے کا دوسرا نام ہے۔ وہ ماں کی صورت میں جنت، بیٹی کی شکل میں رحمت، بہن کی صورت میں محبت اور بیوی کی شکل میں سکون بن کر انسان کی زندگی کو خوبصورت بناتی ہے۔ دنیا کے ہر بڑے معاشرے کی بنیاد ایک باکردار عورت ہی ہوتی ہے کیونکہ عورت ہی نسلوں کی تربیت کرتی ہے اور قوموں کے مستقبل سنوارتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے عورت کو بے پناہ ذہانت، فہم اور برداشت عطا کی ہے۔ اگر وہ چاہے تو اپنی صلاحیتوں سے گھر کو جنت بنا سکتی ہے اور اگر میدانِ عمل میں قدم رکھے تو کامیابی کی بلند ترین چوٹیوں کو بھی چھو سکتی ہے۔ عورت کی شخصیت میں بہت سے اوصاف موجود ہیں مگر میرے خیال میں حیا اور خود شناسی وہ دو عظیم اوصاف ہیں جو عورت کو نہ صرف دوسروں سے ممتاز کرتے ہیں بلکہ اس کی شخصیت کو باوقار اور پراثر بھی بناتے ہیں۔
حیا عورت کا سب سے خوبصورت زیور ہے۔ یہ وہ صفت ہے جو عورت کے کردار میں وقار، سنجیدگی اور کشش پیدا کرتی ہے۔ حیا صرف لباس تک محدود نہیں بلکہ یہ عورت کے اندازِ گفتگو، رویے، نگاہ اور کردار سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔ باحیا عورت اپنی عزت اور حدود سے بخوبی واقف ہوتی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ اسے کہاں رکنا ہے، کیسے بولنا ہے اور کس انداز سے اپنے وقار کو قائم رکھنا ہے۔
جب عورت حیا کے پردے میں رہتی ہے تو اس کی شخصیت کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔ لوگ اس کی خوبصورتی سے زیادہ اس کے کردار کی عزت کرتے ہیں۔ اس کی گفتگو میں شائستگی اور اس کے رویے میں نفاست نمایاں ہوتی ہے۔ وہ خود کو دوسروں کی نظروں میں سستا نہیں بناتی بلکہ اپنے وقار اور عزتِ نفس کو ہر حال میں مقدم رکھتی ہے۔ ایسی عورت نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے قابلِ فخر ہوتی ہے۔
آج کے دور میں جہاں آزادی اور جدیدیت کے نام پر بے حیائی کو عام کیا جا رہا ہے، وہاں حیا کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ افسوس کہ کچھ لوگ حیا کو کمزوری سمجھنے لگے ہیں حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ حیا عورت کی کمزوری نہیں بلکہ اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ یہی حیا عورت کو عزت دیتی ہے، اسے محفوظ رکھتی ہے اور اس کی شخصیت میں وقار پیدا کرتی ہے۔
ایک باوقار عورت کبھی بھی اپنی عزتِ نفس کو مجروح نہیں ہونے دیتی۔ وہ جانتی ہے کہ خودداری اور وقار انسان کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔ ایسی عورت دوسروں کی خوشنودی کے لیے اپنے اصول قربان نہیں کرتی۔ وہ اپنی حدود پہچانتی ہے اور دوسروں کو بھی ان حدود کا احساس دلاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ باحیا عورت صنفِ نازک ہوتے ہوئے بھی صنفِ آہن بن جاتی ہے۔ وہ مشکلات کا سامنا حوصلے، صبر اور وقار کے ساتھ کرتی ہے۔
عورت کی دوسری اہم خوبی خود شناسی ہے۔ خود شناسی کا مطلب ہے اپنے آپ کو پہچاننا، اپنی صلاحیتوں، خوبیوں اور کمزوریوں کو سمجھنا۔ ایک ایسی عورت جو خود کو پہچان لیتی ہے، وہ کبھی احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہوتی۔ اسے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اسے کن صلاحیتوں سے نوازا ہے اور وہ ان صلاحیتوں کو کس طرح بہتر انداز میں استعمال کر سکتی ہے۔
خود شناس عورت زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ وہ تعلیم، طب، سیاست، تدریس، کاروبار یا گھریلو زندگی، ہر شعبے میں اپنی محنت اور قابلیت سے اپنی پہچان بنا سکتی ہے۔ کیونکہ اسے اپنی طاقت کا اندازہ ہوتا ہے۔ وہ دوسروں کے سہارے جینے کے بجائے اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتی ہے۔
آج دنیا بھر میں بے شمار خواتین اپنی قابلیت سے ملک و قوم کا نام روشن کر رہی ہیں۔ کوئی ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کر رہی ہے، کوئی استاد بن کر نسلوں کی تربیت کر رہی ہے، کوئی سائنسدان بن کر نئی ایجادات کر رہی ہے، تو کوئی مصنفہ بن کر شعور بیدار کر رہی ہے۔ یہ سب خود شناسی اور خود اعتمادی کی بہترین مثالیں ہیں۔
لیکن خود اعتمادی اور غرور میں بہت فرق ہوتا ہے۔ خود شناس عورت کبھی مغرور نہیں ہوتی۔ وہ اپنی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہے اور عاجزی کو اپنا زیور بنائے رکھتی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ اصل عظمت کردار اور اخلاق میں ہوتی ہے، نہ کہ دولت، حسن یا شہرت میں۔
اسلام نے عورت کو بہت بلند مقام عطا کیا ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے عورت کے احترام، عزت اور حقوق پر خصوصی زور دیا۔ اسلام نے عورت کو صرف گھر کی چار دیواری تک محدود نہیں کیا بلکہ اسے علم حاصل کرنے، رائے دینے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کا حق بھی دیا۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ اسلام نے عورت کے وقار، حیا اور عزتِ نفس کو بھی بہت اہمیت دی ہے۔
بدقسمتی سے آج بہت سی خواتین دوسروں کی نقالی میں اپنی اصل پہچان کھوتی جا رہی ہیں۔ مغربی تہذیب کی اندھی تقلید میں ہم نے اپنی مشرقی اقدار اور اسلامی تعلیمات کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔ حالانکہ ایک عورت کی اصل خوبصورتی اس کے کردار، حیا اور اخلاق میں ہوتی ہے، نہ کہ صرف ظاہری آرائش میں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ عورت اپنی اصل طاقت کو پہچانے۔ وہ یہ سمجھے کہ وہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورے معاشرے کی معمار ہے۔ اگر عورت اپنے کردار، تربیت اور شعور کو مضبوط بنا لے تو ایک بہترین خاندان، بہترین معاشرہ اور بہترین قوم وجود میں آ سکتی ہے۔
عورت ایک چراغ کی مانند ہے۔ اگر وہ خود روشن ہو تو اپنے ساتھ پورے گھر اور معاشرے کو روشنی دے سکتی ہے۔ اس لیے ہر عورت کو چاہیے کہ وہ اپنی حیا، خودداری، خود شناسی اور اخلاق کو اپنا زیور بنائے۔ کیونکہ یہی اوصاف عورت کو حقیقی معنوں میں عظیم، کامیاب اور باوقار بناتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہر عورت کو اپنی اصل پہچان سمجھنے، اپنے وقار کی حفاظت کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
مزید پڑھیں






