منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

زبان کے تیر،تحریر : ام عــبــد الــقـہــار

نقطہ نظر

"ارے آمنہ! تم نے پھر سالن میں نمک کم ڈالا؟ تم سے تو ایک ہانڈی بھی ڈھنگ سے نہیں بنتی، پتا نہیں سسرال میں کیسے گزارا کرتی ہو!"


فوزیہ باجی نے ہنستے ہوئے کہا اور دسترخوان پر بیٹھے سب لوگ بھی مسکرا دیے۔ آمنہ نے بھی مسکرانے کی کوشش کی، مگر اس کی مسکراہٹ ہونٹوں تک آ کر رک گئی۔ نوالہ حلق میں اٹک گیا۔


فوزیہ باجی آمنہ کی بڑی بہن تھیں۔ وہی باجی جنہوں نے بچپن میں اس کی چوٹیاں بنائی تھیں۔ آمنہ کے لیے وہ ماں کے بعد سب سے عزیز ہستی تھیں۔ شاید اسی لیے ان کا ہر جملہ تیر کی طرح سیدھا دل میں اترتا تھا۔ غیر کی بات انسان جھٹک دیتا ہے، مگر اپنوں کا ایک جملہ رات بھر سونے نہیں دیتا۔


باجی نے اس کا اترا چہرہ دیکھا تو کندھے پر ہاتھ مار کر بولیں: "اوہو! مذاق کر رہی تھی پگلی، سوری! تم تو بات بات پر دل پر لے لیتی ہو۔"


آمنہ نے حسبِ معمول کہہ دیا: "کوئی بات نہیں باجی۔"


مگر بات تھی۔ اور یہ پہلی بار نہیں تھی۔ "تمہاری تو عادت ہے رونے کی"، "تمہیں کیا پتا دنیا کیسے چلتی ہے"... ہر بار ایک جملہ، ہر بار ایک "سوری"، اور ہر بار آمنہ کا "کوئی بات نہیں"۔


اس رات آمنہ دیر تک چھت کو تکتی رہی۔ وہ سوچ رہی تھی کہ شاید وہی زیادہ حساس ہے، شاید وہ واقعی نکمی ہے۔ نفسیات اس کیفیت کو "جذباتی تھکن" کہتی ہے۔ بار بار معاف کرنے والا بظاہر مسکراتا ہے مگر اندر خاموش ٹوٹ پھوٹ جاری رہتی ہے۔ ہر طنز دل پر ایک خراش چھوڑتا ہے اور ہر "سوری" اس پر صرف پٹی رکھتی ہے، زخم نہیں بھرتی۔ باجی کے سامنے وہ اب کم بولنے لگی تھی؛ محبت کی جگہ احتیاط نے لے لی تھی۔


پھر ایک دن آمنہ باجی کے گھر گئی تو دیکھا کہ ان کی بہو، ثمینہ، کچن میں آنسو پونچھ رہی ہے۔ اندر سے باجی کی آواز آئی: "تمہاری ماں نے تمہیں کچھ سکھایا بھی ہے یا نہیں؟ ارے مذاق کر رہی ہوں، سوری بیٹا!"


وہی لہجہ، وہی ہنسی، وہی "سوری"۔ اور پاس کھڑا باجی کا پوتا بھی ہنس رہا تھا، یہ سیکھتے ہوئے کہ اپنوں کو چوٹ دینا ایک کھیل ہے۔


آمنہ کو سمجھ آ گیا کہ یہ عادت اب صرف اس تک محدود نہیں رہی۔ نفسیات میں اسے "معمول بن جانا" کہتے ہیں۔ پہلی بار شاید ندامت ہوئی ہو، دسویں بار انسان سوچتا ہے: "کون سی بڑی بات ہے، معذرت تو کر لی!" نفسیات کے ماہرین کہتے ہیں کہ دماغ اسی راستے کو پکا کر لیتا ہے جس پر بار بار چلا جائے۔ جو جملہ دس بار بولا گیا، گیارہویں بار سوچے بغیر نکلتا ہے۔ آمنہ کی خاموش برداشت نے جو "اجازت" دی تھی، وہ اب پورے گھر میں پھیل چکی تھی۔


اس شام آمنہ نے قرآن کھولا تو سورۃ الہمزہ پر نظر ٹھہر گئی: وَيْلٌ لِّكُلِّ هُمَزَةٍ لُّمَزَةٍ "ہلاکت ہے ہر طعنہ دینے والے، عیب جوئی کرنے والے کے لیے۔" اور سورۃ الحجرات کی وہ آیت یاد آئی: وَلَا تَلْمِزُوا أَنفُسَكُمْ"اپنوں پر طعنہ زنی نہ کرو۔" اللہ نے "أنفسكم" فرمایا، یعنی جسے تم طعنہ دیتے ہو وہ تمہارا اپنا ہی وجود ہے۔


اسے نبی ﷺ کا فرمان بھی یاد آیا کہ مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جاتا۔ معاف کرنا اعلیٰ ظرفی ہے، مگر خاموشی سے سہتے رہنا کچھ اور ہے۔ اگر وہ آج بھی چپ رہی تو یہ باجی سے محبت نہیں، ان کی آخرت سے بے پروائی ہوگی۔


اگلے دن آمنہ باجی کے پاس بیٹھی، ان کا ہاتھ تھاما اور نرمی سے کہا: "باجی، آپ مجھے دنیا میں سب سے زیادہ عزیز ہیں۔ اسی لیے آپ کا ایک جملہ مجھے سب سے زیادہ تکلیف دیتا ہے۔ آپ کو یاد ہے حضرت انسؓ نے دس سال نبی ﷺ کی خدمت کی، اور آپ ﷺ نے کبھی انہیں 'اُف' تک نہ کہا؟ میں نہیں چاہتی کہ ثمینہ اور بچے بھی آپ سے ویسے ہی ڈرنے لگیں جیسے میں آج کل ڈرنے لگی ہوں۔"


باجی خاموش ہو گئیں۔ پہلی بار ان کے پاس کہنے کو "سوری" نہیں تھا۔ آنکھیں بھیگ گئیں اور دھیرے سے بولیں: "مجھے تو کبھی احساس ہی نہیں ہوا آمنہ..."


یہی تو المیہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ بندہ کبھی ایسا کلمہ بول دیتا ہے جس کی اسے پروا بھی نہیں ہوتی، مگر وہ اسے جہنم میں جا گراتا ہے۔ نفسیات کا اصول بھی یہی کہتا ہے کہ بات کا مطلب وہ نہیں جو آپ نے چاہا، بلکہ وہ ہے جو سامنے والے نے محسوس کیا۔ معذرت تب سچی ہے جب رویہ بدلے، ورنہ وہ اگلے طنز کی تمہید ہے۔


رشتے لفظوں سے بنتے ہیں اور لفظوں ہی سے ٹوٹتے ہیں۔ اپنی زبان کو وہ مرہم بنائیے جو اپنوں کے زخم بھرے، وہ تیر نہیں جو انہیں اندر سے خالی کر دے۔