ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لوگوں کی خوشنودی یا اپنی زندگی کا سکون؟ تحریر:ردا امانت علی

نقطہ نظر

زندگی بہت خوبصورت ہے؛ جس میں انسان کے اپنے ساتھ ہوتے ہیں، جو مشکل وقت آنے پر اس کی ڈھال بنتے ہیں اور غلطی کرنے پر اسے روک ٹوک کر سمجھاتے ہیں۔

پھر بھی کچھ لوگ اپنی زندگی میں خوش رہنے کی بجائے اس فکر میں زیادہ رہتے ہیں کہ: "دوسروں کی زندگی میں کیا چل رہا ہے؟" جس کی وجہ سے ان کا اپنا گھر خراب ہوتا ہے اور ان کی زندگی بہت سے مسائل کا شکار ہو جاتی ہے۔ حالانکہ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے دوسروں کے معاملات کی ٹوہ لگانے سے واضح طور پر منع فرمایا ہے:

"اے ایمان والو! بہت سے گمانوں سے بچو، بے شک بعض گمان گناہ ہوتے ہیں، اور (دوسروں کے عیبوں کی) ٹوہ میں نہ لگو۔"

(سورۃ الحجرات، آیت: 12)

ایسے لوگ اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بجائے دوسروں پر الزام تراشی شروع کر دیتے ہیں کہ: "فلاں کی زندگی کے مسائل ہماری زندگی پر اثر انداز ہو رہے ہیں!" وہ یہ نہیں سوچتے کہ اگر ہم اپنی زندگی پر اتنی ہی توجہ دے دیں جتنی دوسروں کی زندگی میں جھانکنے پر دیتے ہیں، تو ہماری زندگی میں کس قدر سکون آ جائے اور ہم ایک پُرلطف اور بھرپور زندگی کی انمول خوشیاں سمیٹ سکیں۔ نبی کریم ﷺ نے بھی بہترین انسان کی یہی نشانی بتائی ہے:

"انسان کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ بے مقصد (اور غیر متعلقہ) باتوں اور کاموں کو چھوڑ دے۔"

(جامع الترمذی، حدیث: 2318)

حقیقت تو یہ ہے کہ لوگ کبھی بھی خوش نہیں ہو سکتے، چاہے آپ زندگی بھر ان کی جی حضوری ہی کیوں نہ کرتے رہیں! اگر انجانے میں کوئی چھوٹی سی غلطی ہو جائے یا ان کی کسی بات پر 'نہ' کہہ دیا جائے، تو وہ فوراً اپنی اصلیت دکھا دیتے ہیں۔ وہ انسان کو اپنے ہی بٹھائے ہوئے آسمان کے تخت سے یوں زمین پر پٹختے ہیں کہ پھر وہ سنبھالے بھی نہیں سنبھلتا۔

اللہ تعالیٰ نے انسان کو 'اشرف المخلوقات' بنایا ہے، جس کی بدولت اس کا درجہ بہت بلند ہے۔ انسان میں عقل و شعور سے کام لینے کی صلاحیت موجود ہے؛ وہ غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہنے کی سمجھ رکھتا ہے۔ اس لیے، انسان کو کبھی بھی خود کو کسی دوسرے سے برتر یا کم تر نہیں سمجھنا چاہیے۔

دوسروں کے کام آنے کا نام بھی زندگی ہے، مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ کسی کی سچے دل سے مدد کی جائے، نہ کہ محض دکھاوے کی۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی کی زندگی کو اس قدر پریشان بھی نہ کیا جائے کہ وہ بارگاہِ الٰہی میں اپنے لیے صبر اور سامنے والے کے لیے 'مکافاتِ عمل' کی دعا کرنے پر مجبور ہو جائے! نبی کریم ﷺ نے اس حوالے سے خبردار کرتے ہوئے فرمایا ہے:

"مظلوم کی بددعا سے بچو، کیونکہ اس کے اور اللہ کے درمیان کوئی پردہ نہیں ہوتا۔"

(صحیح بخاری، حدیث: 2448)

اور قرآنِ مجید میں مکافاتِ عمل کا یہ اٹل قانون یوں بیان کیا گیا ہے:

"پس جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی وہ اسے دیکھ لے گا، اور جس نے ذرہ برابر برائی کی ہوگی وہ اسے دیکھ لے گا۔"

(سورۃ الزلزال، آیات: 7-8)

لہٰذا، ہمیں اپنی زندگی اور ذات کی اصلاح پر توجہ دینی چاہیے۔ جو خامیاں ہم دوسروں میں ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں، انہیں اپنے اندر تلاش کر کے دور کرنا چاہیے؛ تاکہ لوگوں کو خوش کرنے کے چکروں میں اپنی زندگی کو ویران اداسیوں کا گھر بنانے کی بجائے، ہم خود اور اپنوں کے ساتھ ہر پل بھرپور طریقے سے جی سکیں!

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!