ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شہر دود کے مکین ،تحریر: ڈاکٹر شمیم بخت

نقطہ نظر

شہر کی صبحوں سے شبنم کی نمی، مٹی کی مہک اور پرندوں کی چہچہاہٹ رخصت ہو چکی تھی۔ آسمان پر زرد مائل سیاہی کا ایک غلاف تنا رہتا، جس کے پیچھے سورج کسی بیمار آنکھ کی طرح جھانکتا تھا۔ ہوا چلتی بھی تو اپنے ساتھ تازگی نہیں، جلتے ہوئے ایندھن، گردوغبار اور انسانی غفلت کی باس لے کر آتی۔ یوں محسوس ہوتا جیسے شہر کی رگوں میں خون کے بجائے دھواں گردش کر رہا ہو۔

بابا چراغ دین اپنی شکستہ حویلی کے دریچے میں بیٹھا شہر کو دیکھا کرتا۔ اسے وہ دن یاد آتے جب صبحیں آموں کے باغات کی خوشبو سے آنکھ کھولتی تھیں، نیم، پیپل اور بوہڑ کے درختوں کے سائے میں مسافر سستاتے اور شام ڈھلے پرندے اپنے گھونسلوں کو لوٹتے تھے۔ اب باغات کی جگہ کنکریٹ کے جنگل اگ آئے تھے۔ انسان نے زمین کے سینے پر عمارتیں تو کھڑی کر دیں، مگر اپنے حصے کی چھاؤں کہیں دفن کر دی۔ اس کا دس سالہ پوتا ریان اکثر اس کے پاس آ بیٹھتا۔ ایک روز کتاب میں بنے نیلے آسمان اور ہرے درختوں کو دیکھ کر پوچھنے لگا: ’’دادا! کیا آسمان واقعی اتنا نیلا ہوتا تھا؟‘‘

بابا چراغ دین نے چشمہ اتارا اور تصویر کو دیر تک دیکھتا رہا۔’’ہاں بیٹا! اتنا نیلا کہ اسے دیکھ کر آدمی اپنے اندر کی اداسی بھی بھول جاتا تھا۔پھر اب یہ کالا کیوں ہے؟‘‘ اس نے دریچے سے باہر دیکھا۔ سامنے فیکٹری کی چمنی سے سیاہ دھواں اٹھ رہا تھاسڑک پر گاڑیاں شور مچاتی گزر رہی تھیں۔’’شاید ہم نے آسمان سے اس کا نیلا پن ادھار لیا تھا اور واپس کرنا بھول گئے،‘‘ اس نے دھیمی آواز میں کہا۔ ریان نے کچھ سوچ کر پوچھا: ’’دادا! کیا درخت بھی انسانوں سے ناراض ہو جاتے ہیں؟‘‘

نہیں بیٹا! درخت ناراض نہیں ہوتے، وہ تو بس خاموشی سے مر جاتے ہیں۔‘‘ اگلی صبح ریان اسکول جانے لگا تو ماں نے اس کے چہرے پر ماسک چڑھا دیا۔ باہر دھوئیں سموگ کی ایسی دبیز تہہ تھی کہ سامنے کا مکان بھی دھندلا دکھائی دیتا تھا۔’’امی! اگر ہوا نظر نہیں آتی تو ہمیں کیسے پتا چلتا ہے کہ وہ گندی ہو گئی ہے؟ ‘ ماں نے اس کا بستہ درست کرتے ہوئے کہا، ’’جب سانس لینا مشکل ہو جائے تو سمجھ لینا کہ ہوا بیمار ہے۔‘اور جب پورا شہر بیمار ہو جائے؟‘‘

ماں کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہ تھا۔ اسی روز اسکول میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ بچوں نے درختوں کے حق میں نظمیں پڑھیں، اساتذہ نے فطرت سے محبت کے خطبے دیے اور مہمانِ خصوصی نے شہر کو سرسبز بنانے کے بلند بانگ اعلانات کیے۔ تقریب کے اختتام پر سب اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔ لان میں پلاسٹک کے کپ بکھرے پڑے تھے اور دروازے کے باہر ایک مزدور سوکھے پتوں کا ڈھیر جلا رہا تھا۔ ماحول بچانے کی تقریب کا دھواں ابھی فضا میں تحلیل نہیں ہوا تھا کہ اس کے نیچے ایک اور آگ بھڑک اٹھی شام کو ریان کی طبیعت بگڑ گئی سانس پھولنے لگی اور سینے سے سیٹیوں جیسی آواز آنے لگی۔ اسپتال کے کمرے میں بابا چراغ دین اس کے سرہانے بیٹھا تھا۔ اسے پہلی بار احساس ہوا کہ بڑھاپا انسان کو اپنی موت سے زیادہ اپنی نسلوں کے نامکمل مستقبل سے خوف زدہ کرتا ہے۔ ریان نے نیم وا آنکھوں سے پوچھا:

’’دادا! جب میں بڑا ہوں گا تو کیا شہر میں صاف ہوا ہو گی؟بابا چراغ دین نے اس کا ہاتھ تھام لیا۔ وہ اسے تسلی دینا چاہتا تھا، مگر اس کی خاموشی میں ایک پورے عہد کا اعترافِ جرم سمٹ آیا۔ بابا چراغ دین نے ریان کی تصویر دیوار پر آویزاں کی اور دیر تک اس کے نیلے آسمان کو دیکھتا رہا۔ تصویر میں ایک پرندہ اپنے گھونسلے کی طرف لوٹ رہا تھا۔ اس کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ اسے یاد آیا کہ اس شہر میں کبھی پرندے بھی شام کے وقت گھر لوٹا کرتے تھے۔ اس نے دریچہ کھولا تو دھوئیں کا ایک بگولا کمرے میں داخل ہوا دیوار پر لٹکی تصویر کا نیلا آسمان اس کی زد میں آ کر لرزنے لگا۔ بابا چراغ دین نے جلدی سے تصویر اتاری، اس پر جمی گرد صاف کی اور اسے سینے سے لگا لیا۔ باہر چمنیوں سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ شہر کے مکین اپنی اپنی چھتوں کے نیچے محفوظ تھے، مگر کسی کو خبر نہ تھی کہ ان کی چھتوں کے اوپر آسمان مر چکا ہے۔

اس رات شہر میں کوئی پرندہ اپنے گھونسلے کو نہیں لوٹا۔ صرف ایک بچہ تھا جو خواب میں اب بھی نیلے آسمان کے نیچے سانس لے رہا تھا۔