سر پر لکڑیوں کا گٹھا اٹھائے چچا رحیم اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے۔ شام اپنے اختتام کو پہنچ رہی تھی۔ ڈوبتے سورج کی زرد روشنی ماحول کو اداسی میں لپیٹ رہی تھی۔ درختوں پر بیٹھے پرندے بھی دن بھر کی اڑان کے بعد اپنے گھونسلوں کی طرف لوٹ رہے تھے۔ چچا رحیم کے قدم بھی اپنے گھر کی جانب تیزی سے اٹھ رہے تھے کہ اچانک راستے میں احمد بھاگتا ہوا آیا۔
اس نے جلدی سے چچا رحیم کے ہاتھ سے لکڑیوں کا گٹھا پکڑ لیا اور ان کے ساتھ چلتے ہوئے گھبرائی ہوئی آواز میں بولا، ’’چاچا! جلدی چلیں، ہاجرہ چچی کی طبیعت بہت خراب ہو گئی ہے۔‘‘
یہ سنتے ہی چچا رحیم کے قدم مزید تیز ہو گئے۔ ان کے ذہن میں یادوں کا ایک طویل سلسلہ چلنے لگا۔
انہیں وہ دن یاد آنے لگے جب وہ اسی گاؤں میں رہا کرتے تھے۔ تعلیم حاصل کرنے کے لیے شہر گئے تو وہیں ملازمت اختیار کر لی۔ محنت اور لگن سے ترقی کرتے ہوئے ایک بڑی کمپنی میں اچھی پوسٹ حاصل کر لی۔ شادی ہوئی، بچے ہوئے اور زندگی کی گاڑی اپنی رفتار سے چلتی رہی۔ انہوں نے بچوں کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ ان کی ہر خواہش پوری کرنے کی کوشش کی اور اپنی ضرورتوں کو ہمیشہ پیچھے رکھا۔
گاؤں میں موجود آبائی گھر انہوں نے کبھی فروخت نہیں کیا تھا۔ دل میں یہی خیال تھا کہ بڑھاپے میں کبھی واپس لوٹنا پڑا تو اپنا ٹھکانہ موجود ہوگا۔
ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے سوچا کہ اپنی زندگی میں ہی جائیداد بچوں کے نام کر دیں تاکہ ان کے بعد کسی قسم کا اختلاف یا جھگڑا نہ ہو۔ آخر ہمارا کیا ہے، ہم تو کسی بھی بچے کے ساتھ رہ لیں گے۔ یہی سوچ کر انہوں نے اپنی ساری جمع پونجی اور جائیداد بچوں میں تقسیم کر دی۔ اپنے اور ہاجرہ کے لیے صرف گاؤں کا چھوٹا سا گھر رہنے دیا۔
مگر انہیں کیا معلوم تھا کہ یہی فیصلہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی بن جائے گا۔
بچوں کی شادیاں ہوئیں تو آہستہ آہستہ گھر کا ماحول بدلنے لگا۔ بہوؤں کو بوڑھے ساس سسر کی موجودگی ناگوار گزرنے لگی۔ کبھی کھانے پر اعتراض ہوتا، کبھی ان کی ضروریات پر اور کبھی ان کی باتیں بوجھ محسوس ہونے لگتیں۔ بیٹے بھی بیویوں کے سامنے خاموش رہنے لگے۔ بالآخر ایک دن بچوں نے صاف کہہ دیا کہ آپ دونوں گاؤں چلے جائیں، ہم اب آپ کی ذمہ داری نہیں اٹھا سکتے۔
یہ الفاظ سن کر چچا رحیم چند لمحوں کے لیے ساکت رہ گئے۔ انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ جن بچوں کی خوشیوں کے لیے انہوں نے اپنی پوری زندگی وقف کر دی، وہی آج انہیں اپنے گھر سے جانے کا کہہ رہے ہیں۔
وہ اپنا تھوڑا سا سامان اور دو چار کپڑے اٹھا کر ہاجرہ کے ساتھ گاؤں آ گئے۔ شہری زندگی کی عادی ہاجرہ خاتون نے شوہر کا ساتھ تو نہیں چھوڑا، مگر اولاد کی بے اعتنائی اور گاؤں کی مشکل زندگی نے انہیں اندر سے توڑ دیا۔ بیماری نے آہستہ آہستہ ان کے وجود کو کمزور کر دیا۔
چچا رحیم خود بھی بڑھاپے کی دہلیز پر تھے، مگر اپنی تکلیف بھول کر ہاجرہ کی خدمت کرتے۔ لکڑیاں جمع کرنا، کھانا پکانا اور گھر کے چھوٹے موٹے کام کرنا اب ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکا تھا۔
سوچوں کا تسلسل ٹوٹا تو گھر کا دروازہ سامنے تھا۔ وہ جلدی سے اندر داخل ہوئے، مگر ہاجرہ خاتون اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملی تھیں۔
چچا رحیم وہیں صحن میں بیٹھ گئے۔ ان کی نظریں آسمان کی طرف اٹھ گئیں۔ پرندوں کے غول اپنے گھونسلوں کی طرف واپس لوٹ رہے تھے۔ انہیں دیکھ کر چچا رحیم سوچنے لگے کہ پرندے بھی اپنے گھونسلوں میں اپنے بچوں کے لیے لوٹتے ہیں، مگر جب ان کے بچے بڑے ہو کر اڑان بھرتے ہیں تو اپنی الگ دنیا بسا لیتے ہیں۔ انسان کی اولاد بھی کبھی کبھی انہی پرندوں کی طرح اپنے گھونسلے سے اڑ کر ایسی دنیا میں کھو جاتی ہے جہاں اسے اپنے بوڑھے والدین کی خبر لینے کی فرصت بھی نہیں ملتی۔
ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ آج ان کا گھر بھی خالی تھا اور زندگی کا آخری سہارا بھی چھن چکا تھا۔ وہ سوچ رہے تھے کہ کاش جائیداد تقسیم کرنے سے پہلے اپنے بڑھاپے کے لیے بھی کچھ سوچ لیا ہوتا۔
مزید پڑھیں






