بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کراچی: گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ سامنے آگیا، دو منزلہ اجازت پر چھ منزلہ تعمیر


کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ سامنے آگیا۔ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں چھ سو گز کے رہائشی پلاٹ پر تعمیر چھ منزلہ عمارت چند لمحوں میں زمین بوس ہوگئی، واقعہ دوپہر ایک سے ڈیڑھ بجے کے درمیان پیش آیا۔ عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، مگر پانچ اضافی منزلیں تعمیر کردی گئیں، چھٹی منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی جبکہ عمارت مبینہ طور پر گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی۔ مسماری کا نوٹس جاری ہونے پر بلڈرز نے حکمِ امتناع حاصل کرلیا تھا۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی، تعمیرات سے منسلک افراد میں محمد عبداللّٰہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے۔ ان تمام افراد کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔

یونین کمیٹی نمبر 3 محمود آباد کی جانب سے پلاٹ مالکان کو تین بار نوٹس جاری کیے، ایس بی سی اے نے بھی پلاٹ مالکان کو نوٹس جاری کیے، تاہم مالکان اور بلڈرز نے عدالت سے اسٹے آڈر لے لیا تھا۔

میئر کراچی نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور پورشن مافیا سمیت دیگر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

تشویش کی بات یہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں دو درجن سے زائد عمارتیں ایسی ہیں جہاں رہائشی پلاٹس پر کمرشل طرز کی تعمیرات جاری ہیں۔

رہائشی علاقے میں دو منزلہ عمارت سے زائد کی اجازت نہ ہونے کے باوجود 6 منزلہ عمارتیں کس طرح تعمیر کی جارہی ہیں؟ اداروں کی جانب سے غفلت اور سنگین کوتاہی بھی سامنے آرہی ہے سوال یہ ہے کہ کون ان کی سرپرستی کررہا ہے؟ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔