بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مصر:آن لائن جوئے میں رقم ہارنے کے بعد نوجوان کی خودکشی


مصر میں آن لائن جوئے کے ذریعے بڑی رقم گنوانے والے ایک نوجوان نے مبینہ طور پر خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مصر کے صوبہ جیزہ کے علاقے صفت اللبن میں پیش آیا، جہاں نوجوان اپنے گھر میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق متوفی نوجوان آن لائن کھیل میں شرطیں لگانے کے دوران شدید مالی نقصان اٹھانے کے باعث گہرے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق بولاق الدکرور کے پراسیکیوٹرز نے نوجوان کے موبائل فون کا فرانزک جائزہ لینے کا حکم دے دیا ہے تاکہ اس کے مالی لین دین کا سراغ لگایا جا سکے اور یہ معلوم ہو سکے کہ آن لائن شرطوں میں اس نے مجموعی طور پر کتنی رقم گنوائی تھی۔

تحقیقاتی حکام نے واقعے میں کسی بھی قسم کی مجرمانہ مداخلت کے امکان کو خارج کرنے کے لیے اطراف کے علاقوں میں نصب نگرانی کے کیمروں (سی سی ٹی وی) کی ریکارڈنگ چیک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، جبکہ نوجوان کے اہلِ خانہ اور عینی شاہدین کو بیانات قلمبند کرانے کے لیے طلب کیا گیا ہے تاکہ اس کی ذہنی کیفیت، مالی مشکلات اور موت سے قبل پیش آنے والے حالات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

پراسیکیوٹرز نے پوسٹ مارٹم اور طبی معائنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر کے تدفین کی اجازت دے دی ہے اور پولیس کو تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کی جانب سے ہاری گئی رقم کی حتمی مالیت تاحال سامنے نہیں آ سکی اور موت کے اصل محرکات کے بارے میں بھی کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا گیا۔