بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کی تنظیمِ نو کے حوالے سے اہم اجلاس


وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کی تنظیمِ نو، کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے اور میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت بھرتی کرنے کی سفارشات پیش کی گئیں۔


اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سیکیورٹی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت کیسز کے حل کے لیے حتی المقدور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا این سی سی آئی اے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیمِ نو کا عمل تیز کیا جائے اور اس عمل میں مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں میرٹ پر آئی ٹی اور اے آئی کے ماہرین کو تعینات کیا جائے جبکہ سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔


وزیراعظم نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحاتی سفارشات پر غور کرنے کے لیے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی؛ اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔