بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

قلم تنہا کیوں ہوتا جا رہا ہے؟تحریر: پیر انتظار حسین مصور

نقطہ نظر
مصنف:

ایک زمانہ تھا جب قلم اٹھتا تھا تو ظالم کانپ جاتا تھا۔ جب کوئی سچا آدمی لکھتا تھا تو پورا شہر سننے کے لیے خاموش ہو جاتا تھا۔ چوپال میں اس کی تحریر پڑھی جاتی تھی، اور بڑے کہتے تھے، "بیٹا سنو، اس آدمی نے سچ لکھا ہے۔"


آج قلم اٹھتا ہے تو کوئی کانپتا نہیں، کوئی سنتا نہیں، کوئی ڈرتا نہیں۔ کیوں؟ کیونکہ قلم نے خود اپنی دھار کھو دی ہے۔ آج قلم لکھتا نہیں، خوشامد کرتا ہے۔ آج قلم سچ نہیں بولتا، لوگوں کی پسند پوچھتا ہے۔


سچ یہ ہے کہ آج کا قلم تنہا اس لیے نہیں ہے کہ لوگ برے ہو گئے ہیں، بلکہ اس لیے ہے کہ قلم والا خود بک گیا ہے۔


آج لکھنے والے نے اپنے قلم کو نوکری پر لگا دیا ہے۔ وہ لکھنے سے پہلے دیکھتا ہے، اس سے مجھے کیا ملے گا؟ کتنے لائک آئیں گے؟ کتنے فالوور بڑھیں گے؟ کون خوش ہوگا، کون ناراض ہوگا؟ جس قلم نے لکھنے سے پہلے فائدہ سوچ لیا، وہ قلم نہیں، وہ دکاندار کا ترازو ہے۔


اور دوسری طرف وہ ٹولہ ہے جو خود کو دانشور، محقق، مؤرخ کہتا ہے۔ ان کی پوری دانشوری یہ ہے کہ کسی کی پگڑی اچھال دو، کسی مرحوم کی قبر پر کیچڑ پھینک دو، کسی کی بیٹی کی عزت کو تماشا بنا دو۔ ان کے پاس نہ علم ہے، نہ دلیل ہے، نہ تربیت ہے۔ ان کے پاس صرف ایک موبائل ہے اور بے شرمی کا ایک سمندر ہے۔ یہ لوگ قلم والے نہیں، یہ سوشل میڈیا کے بھکاری ہیں۔


یہی وجہ ہے کہ آج سچا قلم والا تنہا ہے۔ کیونکہ وہ ان بھکاریوں کی صف میں کھڑا ہونا نہیں چاہتا۔ وہ شور نہیں مچانا چاہتا۔ وہ کسی کی عزت بیچ کر مشہور نہیں ہونا چاہتا۔


مگر سوال یہ ہے، کیا تنہائی سے ڈر کر قلم کو بھی شور میں شامل ہو جانا چاہیے؟ ہرگز نہیں۔


سنو! قلم کی تنہائی اس کی کمزوری نہیں، اس کی غیرت ہے۔ جو قلم ہجوم کے پیچھے بھاگے، وہ قلم مردہ ہے۔ جو قلم تنہا کھڑا ہو کر بھی سچ کہے، وہی قلم زندہ ہے۔


آج کا سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ جو زیادہ دیکھا جاتا ہے، وہی سچا ہے۔ نہیں! زیادہ دیکھا جانا سچ کی دلیل نہیں، تماشے کی دلیل ہے۔ بازار میں سب سے زیادہ بھیڑ مداری کے گرد ہوتی ہے، حکیم کے پاس نہیں ہوتی۔ کیا اس کا مطلب ہے مداری حکیم سے بڑا ہے؟ ہرگز نہیں۔


آج بھی یہی ہو رہا ہے۔ مداری مشہور ہیں، حکیم تنہا ہیں۔


تماشا بیچنے والے روز نئی کہانی لاتے ہیں۔ کبھی کسی کے پیسوں کی کہانی، کبھی کسی کی بیوی کی کہانی، کبھی کسی کی موت کی کہانی۔ ان کو شرم نہیں آتی۔ ان کو یہ بھی یاد نہیں کہ جس آدمی پر وہ بھونک رہے ہیں، وہ اب اس دنیا میں نہیں، وہ اپنے رب کے سامنے ہے۔ وہ اس کی بیوہ اور بیٹی پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔ یہ صحافت نہیں، یہ بے غیرتی ہے۔ اور جو اس بے غیرتی کو دیکھ کر تالی بجاتا ہے، وہ بھی اتنا ہی مجرم ہے۔


اور سچا قلم والا؟ وہ کونے میں بیٹھا لکھ رہا ہے۔ اسے کوئی نہیں سنتا۔ اسے کوئی نہیں بلاتا۔ اس کے کالم پر سو لائک بھی نہیں آتے۔ مگر وہ پھر بھی لکھ رہا ہے۔ کیوں؟ کیونکہ اسے لائک نہیں چاہیے، اسے اللہ کی رضا چاہیے۔ اسے ہجوم نہیں چاہیے، اسے اپنا ضمیر بچانا ہے۔


یاد رکھو، تاریخ ہمیشہ تنہا لوگوں نے لکھی ہے۔ جو لوگ اپنے زمانے میں اکیلے تھے، آج ان کی کتابیں پڑھی جاتی ہیں۔ اور جو لوگ اپنے زمانے میں ہجوم کے ہیرو تھے، آج ان کا نام بھی کسی کو یاد نہیں۔ شور کی عمر چند دن ہے۔ شور مچانے والا آج ہے، کل کوڑے دان میں ہے۔ مگر سچ کی عمر صدیاں ہیں۔


اس لیے اے قلم والے، اگر تم تنہا ہو تو رونا مت، فخر کرو۔ یہ تنہائی اس بات کی گواہی ہے کہ تم نے اپنا قلم نہیں بیچا۔ تم نے کسی کی عزت کا سودا نہیں کیا۔ تم نے شہرت کے لیے اپنے دین کو داؤ پر نہیں لگایا۔


تمہارا قلم اگر آج کاٹ نہیں کر رہا، تو وہ قلم نہیں ہے۔ قلم کا کام مرہم رکھنا نہیں، زخم پر نمک چھڑکنا نہیں، بلکہ سچ کا نشتر چلانا ہے۔ نشتر چلے گا تو درد ہوگا، درد ہوگا تو لوگ چیخیں گے، لوگ چیخیں گے تو تم تنہا ہو جاؤ گے۔ یہی قلم کی قیمت ہے۔


لکھو، بے باک لکھو۔ ڈر کر مت لکھو۔ جسے برا لگتا ہے، لگنے دو۔ جسے سچ کڑوا لگتا ہے، وہ سچ سے دور رہے، قلم سے دور نہیں رہ سکتا۔


قلم تنہا اس لیے ہے کہ اس نے جھکنا چھوڑ دیا ہے۔ اور جو قلم جھکتا نہیں، وہی قلم تاریخ میں کھڑا رہتا ہے۔


باوقار قلم کبھی تنہا نہیں مرتا۔ وہ اکیلا لکھ کر بھی ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔