خوابوں کی اپنی ایک دنیا،تحریر:ماہ نور کنول
نقطہ نظرکچھ لوگ اپنی موجودگی سے محفلوں کو آباد کرتے ہیں، کچھ اپنی باتوں سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرتے ہیں اور کچھ ایسے ہوتے ہیں جن کی خوشیاں بہت چھوٹی مگر ان کے خواب بہت خوب صورت ہوتے ہیں۔ شاہ زمان ستی بھی انھی لوگوں میں سے ایک ہے، جس کی شخصیت میں بچپن کی معصومیت، دوستی کا شوق اور زندگی سے محبت کے کئی رنگ نمایاں ہیں۔ شاہ زمان ستی کا تعلق کمکوٹ حیدر، تحصیل کوٹلی ستیاں سے ہے۔ انیس بیس سالہ شاہ زمان ایک ایسا نوجوان ہے جس کی اپنی ایک الگ دنیا ہے، جہاں دوستیاں ہیں، دلچسپیاں ہیں، خواب ہیں اور خوش ہونے کے اپنے منفرد انداز ہیں۔ اسے لوگوں سے ملنا، نئے دوست بنانا اور محفلوں میں شریک ہونا پسند ہے۔ اس کے لیے دوستی محض چند ملاقاتوں کا نام نہیں بلکہ اپنائیت اور تعلق کا ایک خوب صورت احساس ہے۔
شاہ زمان کے شوق بھی خاصے دلچسپ ہیں۔ اسے گاڑیوں سے بے حد محبت ہے۔ گاڑیوں کو دیکھنا، ان کے بارے میں جاننا اور ان سے متعلق گفتگو کرنا اس کی پسندیدہ مصروفیات میں شامل ہے۔ سیاست دانوں، کرکٹرز اور اداکاروں کو پہچاننے میں بھی اسے خاص مہارت حاصل ہے۔ اس کی یادداشت قابلِ ذکر ہے؛ چھوٹی سے چھوٹی بات اور پرانی سے پرانی گفتگو بھی اسے یاد رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں سے ہونے والی ملاقاتیں اور ان سے جڑی باتیں اس کی یادوں میں محفوظ رہتی ہیں۔ اسے سیاست میں بھی دلچسپی ہے۔ عمران خان سے خصوصی محبت رکھتا ہے اور ان کا حامی ہے۔ اس کا خیال ہے کہ عمران خان کے دوبارہ آنے سے پاکستان کے عوام کے حالات بہتر ہوں گے۔ اس کی یہ دلچسپی اس بات کی عکاس ہے کہ وہ اپنے انداز میں ملک کے حالات اور مستقبل کے بارے میں سوچتا ہے۔ اسے الیکشن لڑنے کا شوق بھی ہے، گویا اس کی خواہشات کی دنیا میں عوامی زندگی اور لوگوں کے درمیان اپنی پہچان بنانے کا خواب بھی شامل ہے۔ شاہ زمان کی شخصیت کا ایک خوب صورت پہلو جانوروں سے اس کی محبت ہے۔ وہ جانوروں سے بہت پیار کرتا ہے اور ان کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتا ہے۔ بچوں کے ساتھ اس کا رویہ بھی بے حد دلچسپ ہے؛ بچوں کے درمیان خود بچہ بن جاتا ہے، ان کے ساتھ کھیلتا ہے اور ان کی محفل میں گھل مل جاتا ہے۔ اس کے ہم عمر کزنز اور دوست جب اس کے ساتھ ہوتے ہیں تو اس کی خوشی دیدنی ہوتی ہے۔ گاؤں کا ماحول اسے خاص طور پر راس آتا ہے۔ وہاں دوستوں، رشتے داروں اور اپنوں کے درمیان اس کی سرگرمیاں اور خوش مزاجی مزید نمایاں ہو جاتی ہے۔ اسے شعر و شاعری سے بھی دلچسپی ہے۔ پہاڑی شعر خوانی کی محفلوں میں شعر سنانا اسے پسند ہے۔ اپنی ثقافت، زبان اور علاقائی روایات سے جڑے رہنا بھی شخصیت کا ایک خوب صورت پہلو ہے۔ کرکٹ اور فٹبال کے مقابلے دیکھنے کا شوق رکھتا ہے اور جب کوئی دلچسپ میچ جاری ہو تو اس کی توجہ بھی اسی طرف رہتی ہے۔
مذہبی عقیدت کے حوالے سے بھی شاہ زمان کے دل میں اہلِ بیتِ رسول ﷺ سے خصوصی محبت ہے۔ بالخصوص امام حسین علیہ السلام کی شخصیت، واقعۂ کربلا اور اس کی داستانِ حق و وفا کو شوق سے سنتا ہے۔ ظلم کے خلاف بولنے کا جذبہ رکھتا ہے اور کسی کو پریشان دیکھ کر اسے اچھا نہیں لگتا۔ اس کے نزدیک کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔ یہ احساس اپنی جگہ بہت اہم ہے کہ انسان کے اندر دوسروں کے دکھ کو محسوس کرنے اور ان کے لیے آواز اٹھانے کی خواہش موجود ہو۔
شاہ زمان کی شخصیت ہمیں ایک اہم سماجی حقیقت کی طرف بھی متوجہ کرتی ہے۔ ہم اکثر لوگوں کو ان کے اندازِ گفتگو، تعلیمی قابلیت یا ظاہری طور طریقوں سے پرکھنے لگتے ہیں، حالاں کہ ہر انسان کی اپنی صلاحیتیں، دلچسپیاں اور احساسات ہوتے ہیں۔ کسی کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اسے وقت دیں، اس کی بات سنیں اور اس کی خوشیوں کو اہمیت دیں۔ خصوصی ذہنی ضروریات رکھنے والے افراد بھی ہمارے معاشرے کا اتنا ہی اہم حصہ ہیں جتنا کوئی دوسرا فرد۔ انھیں محض ہمدردی نہیں، بلکہ عزت، محبت، قبولیت، مواقع اور دوستانہ رویے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو معمولی سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ کبھی کسی کی بات توجہ سے سن لینا، کبھی اس کی پسندیدہ سرگرمی میں شریک ہو جانا اور کبھی اس کے کسی خواب کو اہمیت دے دینا اس کے لیے بہت بڑی خوشی کا سبب بن سکتا ہے۔ شاہ زمان کی ایک خواہش ہے کہ اس کی تصویر اخبار میں شائع ہو۔ وہ بار بار پوچھتا ہے کہ اس کی تصویر کب آئے گی۔ بظاہر یہ ایک چھوٹی سی خواہش ہے مگر کسی انسان کے لیے اپنی تصویر اخبار میں دیکھنا، اپنا نام پڑھنا اور اپنے بارے میں چند اچھے الفاظ سننا کتنی بڑی خوشی بن سکتا ہے، اس کا اندازہ وہی لگا سکتا ہے جس نے کبھی کسی کی معصوم خوشی کو قریب سے دیکھا ہو۔ شاہ زمان! زندگی میں اپنے شوق زندہ رکھیے، دوستیاں بنائیے، شعر سنائیے، جانوروں سے محبت کیجیے، اپنے خواب دیکھیے اور ہمیشہ خوش رہنے کی کوشش کیجیے۔ آپ کی شخصیت کے یہ رنگ آپ کو دوسروں سے منفرد بناتے ہیں۔ آخر میں بس اتنا کہ ہر انسان اس بات کا حق رکھتا ہے کہ اسے سنا جائے، سمجھا جائے اور اس کی خوشیوں میں شریک ہوا جائے۔ کسی کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کے لیے ہمیشہ بڑے کارناموں کی ضرورت نہیں ہوتی؛ کبھی ایک تصویر، چند محبت بھرے الفاظ اور تھوڑی سی توجہ بھی کسی کے لیے پوری دنیا کی خوشی بن جاتی ہے۔
شاہ زمان ستی کے لیے نیک تمنائیں، دعا ہے کہ ان کی زندگی خوشیوں، محبتوں اور خوب صورت خوابوں سے آباد رہے۔
مزید پڑھیں




