بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نظریاتی دفاع اور نوجوانوں کی ذمہ داریاں،تحریر:سفینہ خان

نقطہ نظر

تاریخِ اقوام میں بعض عہد ایسے آتے ہیں جب حالات کسی قوم کو اپنے وجود، تشخص اور مستقبل کے سوال سے دوچار کر دیتے ہیں۔ ایسے مرحلے پر نظریہ محض چند تصورات کا نام نہیں رہتا، بلکہ وہ فکری اساس بن جاتا ہے جو قوم کو اس کے مقصد، اقدار اور سمت کا شعور عطا کرتی ہے۔ اسی اساس کی حفاظت، اس کے اصولوں کی تفہیم اور بدلتے ہوئے افکار میں اس کی معنویت کو برقرار رکھنا نظریاتی دفاع کہلاتا ہے۔

بر صغیر کے مسلمانوں کے تاریخی دگرگوں حالات نے اہل بصیرت کو سیاسی اقدار کی تبدیلی، تہذیبی کشمکش

اور اپنی جداگانہ شناخت کے تحفظ نے سوچنے پر مجبور کیا کہ کس طرح مسلمانوں کے حال اور مستقبل کو محفوظ کیا جائے۔علامہ اقبال نے اس جداگانہ تشخص کو فکری زبان دی اور قائداعظم نے اسے منظم سیاسی جدوجہد میں ڈھال دیا۔ یوں تحریکِ پاکستان محض خطۂ زمین کے حصول کی جدوجہد نہ رہی بلکہ ایک ایسے اجتماعی تشخص کے تحفظ کی کاوش بنی جس کی اساس مذہب، تہذیب اور تاریخی شعور پر قائم تھی۔

یہیں نظریاتی دفاع کی اہمیت سامنے آتی ہے۔ اپنے نظریے کا دفاع صرف نعرے سے نہیں، علم، شعور اور کردار سے ہوتا ہے؛ کیونکہ جس اساس سے انسان خود ناواقف ہو، اس کی حفاظت جذبات کے بل پر دیرپا نہیں رہ سکتی۔


برصغیر کا ادبی منظرنامہ بھی عالمی افکار سے بے نیاز نہ رہا۔ مغرب میں مارکسیت و اشتراکیت کے فروغ نے یہاں کے تعلیم یافتہ حلقوں کو متاثر کیا اور 1936ء میں انجمنِ ترقی پسند کا وجود، جس نے ادب کو غربت، استحصال اور سماجی ناانصافی کے مسائل سے جوڑا؛ اسی عہد میں حلقۂ اربابِ ذوق نے تخلیقی آزادی اور جمالیاتی شعور کو نئی جہت دی۔ ان تحریکوں نے ادب کو نئے سوالات عطا کیے، مگر تاریخ کا سبق یہ بھی ہے کہ جب کوئی فکری تحریک ایک مخصوص نظریاتی سانچے کی اسیر ہو جائے تو اس کی وسعتِ نظر اور تخلیقی آزادی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے کسی تحریک کی خدمات کو تسلیم کرنا اور اس کے فکری حدود کا تنقیدی جائزہ لینا، دونوں بیک وقت ممکن ہیں۔


کارل مارکس کی مثال بھی اسی فکری توازن کا تقاضا کرتی ہے۔ اس نے محنت کش طبقے کے استحصال کے خاتمے اور ایک عادلانہ معاشرتی نظام کا تصور پیش کیا، جس نے دنیا کی سیاست و فکر پر گہرا اثر ڈالا؛ مگر اس کی اپنی زندگی میں شدید معاشی عسرت، اہلِ خانہ کی مشقت اور فاقوں کے سبب اولاد کی کم سنی میں اموات جیسے المیے بھی موجود تھے۔ اس مثال کا مقصد کسی شخصیت کی کردارکشی نہیں، بلکہ یہ سوال اٹھانا ہے کہ عالمگیر مقصد کی جستجو انسان کو اس کی قریب ترین ذمہ داریوں سے بے نیاز کر سکتی ہے؟ انسانیت کی فلاح کا خواب اپنی جگہ، مگر گھر، خاندان اور زیرِ کفالت افراد کے حقوق بھی اسی اخلاقی ذمہ داری کا حصہ ہیں۔ نظریہ انسان کے لیے ہے، انسان اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے فرار کے لیے نظریے کو جواز نہیں بنا سکتا۔


آج یہی فکری امتحان ہماری نوجوان نسل کو درپیش ہے۔ ذرائعِ ابلاغ، سوشل میڈیا، صارفیت اور تہذیبی مرعوبیت ہر لحظہ نئے رجحانات سامنے لا رہے ہیں۔ خطرہ نئے افکار سے واقف ہونے میں نہیں، اپنی فکری اساس سے بے خبر ہو کر ان کی اندھی تقلید میں ہے۔ نوجوان کو جدید دنیا سے باخبر بھی ہونا ہے اور اپنی تہذیبی شناخت سے وابستہ بھی۔


مذہبی و تاریخی شعور بھی اسی تربیت کا حصہ ہے۔ ہماری تاریخ کے بعض واقعات، مختلف علمی و مسلکی تعبیرات رکھتی ہیں۔ نوجوان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسے اختلافات کو ماخذ، سیاق اور تحقیق کی روشنی میں سمجھے؛ نہ ہر روایت کو حرفِ آخر جانے، نہ اختلاف کو نزاع کا عنوان بنائے۔ تاریخ ماضی کی آگ کو دہکانے کے لیے نہیں، مستقبل کو روشن کرنے کے لیے پڑھی جاتی ہے۔


بوسنیا کی تاریخ بھی ایک گہرا سبق دیتی ہے۔ سابق یوگوسلاویہ میں مذہبی زندگی کو طویل عرصے تک نجی دائرے تک محدود رکھنے کی کوششوں اور بعد کی قوم پرستانہ کشمکش نے بوسنیائی مسلمانوں کی مذہبی و اجتماعی شناخت کو شدید آزمائش سے دوچار کیا۔ سربرنیتسا کا المیہ اس تلخ حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ شناخت سے بے اعتنائی کسی قوم کو فکری و اجتماعی کمزوری سے دوچار کر سکتی ہے۔ مذہب محض نجی عبادت نہیں؛ وہ اخلاق، تہذیب اور اجتماعی شعور کی تشکیل میں بھی حصہ لیتا ہے۔


چنانچہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے نظریے کو سمجھیں، تاریخ کو تحقیق سے پڑھیں، مذہبی و تہذیبی ورثے سے رشتہ قائم رکھیں، جدید افکار کو پرکھیں اور اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو دیانت سے نبھائیں۔ انہیں یہ فرق معلوم ہونا چاہیے کہ کسی شخصیت کی عظمت اس کے ہر عمل کو مقدس نہیں کرتی، کسی تحریک کی خدمات اس کی ہر کمزوری سے صرفِ نظر کا جواز نہیں بنتیں، اور کسی نظریے کی کشش انسان کو اپنے فرائض سے سبک دوش نہیں کرتی۔


حقیقی نظریاتی دفاع ذہنوں پر پہرے بٹھانے کا نہیں، ذہنوں کو بیدار کرنے کا نام ہے؛ ایسا شعور جو تحقیق و افواہ، فکر و مرعوبیت اور ترقی و تہذیبی بے سمتی میں امتیاز کر سکے۔ آنے والی نسل کو اپنے اسلاف سے صرف ایک وطن نہیں، ایک فکری و تہذیبی امانت بھی ملتی ہے؛ اور اس امانت کی حفاظت اندھی تقلید سے نہیں، شعور، بصیرت، کردار اور ذمہ داری سے ہوتی ہے۔