حنا جاوید قتل کیس، آصفہ بھٹو کی عدالتی کمیشن کے قیام کے مطالبے کی حمایت، اہلِ خانہ کو انصاف کی یقین دہانی

رکنِ قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں مرحومہ حنا جاوید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی ہے، جہاں حنا جاوید کے قتل کے محرکات اور حالات کی تحقیقات جاری ہیں اور ان کے لواحقین انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے بتایا کہ انہوں نے حنا جاوید کے لیے انصاف کی اس کٹھن جدوجہد میں سوگوار خاندان کو اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حنا جاوید کے اہلِ خانہ کا یہ پرزور مطالبہ ہے کہ اس واقعے کی جامع، غیر جانبدار اور باریک بینی سے تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے ایک باقاعدہ عدالتی کمیشن قائم کیا جائے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ حنا جاوید کے خاندان کی جانب سے عدالتی کمیشن کے قیام کے اس اہم مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا، تاکہ مقدمے کے تمام مخفی پہلوں کی شفاف اور منصفانہ تحقیقات ہو سکیں اور اصل حقائق سامنے آ سکیں۔
مزید پڑھیں





