سینیٹ نے قومی رحمة للعالمين و خاتم النبیین صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم اتھارٹی ترمیمی بل منظور کرلیا

سینیٹ نے قومی رحمة للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی ترمیمی بل سمیت متعدد اہم بلز منظور کرلیے، تاہم بلز کی منظوری کے بعد اپوزیشن کو بات کرنے کا موقع نہ ملنے پر ایوان میں احتجاج کیا گیا۔
سینیٹ کے اجلاس کے دوران قومی رحمة للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی ترمیمی بل منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی ترمیمی بل، لائف انشورنس نیشنلائزیشن ترمیمی بل، محفوظ شدہ دستاویزی مواد ترمیمی بل اور سینٹرز آف ایکسیلنس ترمیمی بل بھی منظور کرلیے گئے۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن کے سینیٹر علی ظفر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بات کرنے کا موقع دیا جائے۔ اس پر شہادت اعوان نے جواب دیا کہ پہلے ایجنڈا مکمل کرلیا جائے، اس کے بعد بات کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
تاہم بلز کی منظوری کے بعد اپوزیشن کو بات کرنے کا موقع نہ ملنے پر سینیٹ میں احتجاج کیا گیا۔ اپوزیشن ارکان نے ایوان میں اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے وقت دینے کا مطالبہ کیا، جس کے باعث اجلاس کے دوران احتجاجی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔
مزید پڑھیں




