اتوار، 22 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نئے صوبوں کا معاملہ زیادہ لمبا نہیں چلے گا، ریفرنڈم نئے سال کے آغاز میں ہو جائے گا، خواجہ آصف

pakistani-defence-minister-khawaja-asif-054704262-16×9

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش ہے، نئے صوبوں سے متعلق معاملہ زیادہ لمبا نہیں چلے گا۔ انتظامی یونٹس پر ریفرنڈم نئے سال کے آغاز میں ہو جائے گا۔

کچھ عرصے سے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ قومی سیاست میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، حکومتی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے بیانات نے اس بحث کو مزید تقویت دی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کی تجویز اور اس مقصد کیلیے ریفرنڈم کرانے کے بیان کے بعد حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) اور حکومت کی اہم اتحادی پیپلز پارٹی کے درمیان اختلاف رائے سامنے آیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانے اور تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور ریفرنڈم پر زور دے رہے ہیں، ایم کیو ایم بھی ریفرنڈم کی حمایت کر رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ریفرنڈم کے حق میں نہیں۔


نجی ٹی وی کے پروگرام گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش ہے، آئینی ترامیم کا طریقہ کار بھی درج ہے، ریفرنڈم نئے سال کے شروع میں ہو سکتا ہے لیکن حتمی وقت نہیں بتا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم سے متعلق دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطے جاری ہیں، جو بھی کیا جا رہا ہے اس کے مثبت نتائج ہوں گے۔ صوبوں کے اندر رہتے ہوئے بھی انتظامی یونٹس بن سکتے ہیں۔


خواجہ آصف نے مزید کہا کہ صوبوں کے قیام سے متعلق جو بھی دستاویزات ہو گی مشترکہ ہو گی، پارلیمنٹ میں جلد ایسی کوئی شکل سامنے آ جائے گی جو سب کو قبول ہو گی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کی روح نکالی جا چکی ہے، اگر اس پر من و عن عمل درآمد ہوتا تو آج یہ بحث نہ ہوتی۔ میری خواہش ہے کہ ملک بھر میں صوبے بنیں، کتنے بنیں گے یہ معلوم نہیں۔ لیکن لوگوں کی خواہش اور اتفاق رائے کے مطابق ہوں گے۔

دوسری جانب نئے صوبوں کے معاملے پر قائد (ن) لیگ نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مشاورتی اجلاس رواں ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے ، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز، اسحاق ڈار اور پارٹی کے دیگر رہنما شریک ہوں گے۔

اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت وہی فیصلہ کرے گی جو ملکی اور عوامی مفاد میں ہو گا۔

واضح رہے 2012 میں قومی اسمبلی نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حق میں قرارداد منظور کی تھی، جبکہ پنجاب اسمبلی نے بھی جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنانے اور بہاولپور کی سابقہ صوبائی حیثیت بحال کرنے کیلیے الگ الگ قراردادیں منظور کی تھیں۔

مسلم لیگ (ن) نے جنوری 2019 میں قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور کو الگ صوبے بنانے کیلیے آئینی ترمیمی بل پیش کیا، تاہم مطلوبہ سیاسی حمایت اور آئینی تقاضے پورے نہ ہونے کے باعث یہ معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔