اتوار، 22 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان اورعمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے

business

پاکستان اور عمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا۔

پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے کے تحت عمان کی کمپنی پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں وزراء نے پی ایس او اور او کیو ٹریڈنگ کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

معاہدے کے تحت پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی کے لیے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہوگا، اس پیش رفت کو پاکستان کی توانائی سکیورٹی مضبوط بنانے اور پٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور عمان کے درمیان آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا، دونوں وزراء نے اس گروپ کے ذریعے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

حکام کے مطابق عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ نے 2026 میں پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پٹرول فراہم کیا، جبکہ پاکستان کو ایل پی جی کی فراہمی 2026 کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔