اتوار، 22 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سرکاری قرضوں میں صرف ایک سال کے دوران 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ


پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضوں میں ایک سال کے دوران 6 ہزار 200 ارب روپے کا بھاری اضافہ ریکارڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد جون 2026ء کے اختتام پر ملکی قرضوں کا مجموعی حجم 90.98 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، وزارت خزانہ کے اعدادوشمار اور مالی سال 2027ء سے 2029ء کے لیے مرتب کردہ قرضوں کی پائیداری کے تجزیے میں اگرچہ قرضوں کی مجموعی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم قرضوں کا ملکی مجموعی قومی پیداوار یعنی جی ڈی پی سے تناسب کم ہو کر 72 فیصد رہ گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جون 2025ء کے اختتام پر پاکستان کے مجموعی سرکاری قرضے 84.8 ٹریلین روپے ریکارڈ کیے گئے تھے، جو اگلے 12 ماہ کے دوران بڑھ کر جون 2026ء کے اختتام تک 90.98 ٹریلین روپے تک جا پہنچے، اس طرح ایک سال کے عرصے میں سرکاری قرضوں میں مجموعی طور پر 6.2 ٹریلین روپے یعنی 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ سامنے آیا ہے، وزارت خزانہ کی جانب سے مالی سال 2027ء سے 2029ء کے لیے مرتب کردہ قرضوں کی پائیداری کے تجزیے میں ان اعدادوشمار کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔


رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون 2026ء کے اختتام تک حکومت کے مجموعی قرضوں اور حکومت کی جانب سے ضمانت فراہم کردہ قرضوں کی مشترکہ مالیت 90.98 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ حجم 84.8 ٹریلین روپے تھا، قرضوں کی پائیداری کے تجزیے کا مقصد درمیانی مدت میں قرضوں کے رجحانات اور مالیاتی ذمہ داریوں کا جائزہ لینا ہے۔

رپورٹ میں یہ اہم پہلو بھی سامنے آیا ہے کہ سرکاری قرضوں میں سالانہ بنیادوں پر 6 ہزار 200 ارب روپے کے نمایاں اضافے کے باوجود مجموعی قرضوں کا ملکی مجموعی قومی پیداوار یعنی جی ڈی پی سے تناسب پہلے کے مقابلے میں کم ہو کر 72 فیصد رہ گیا، معاشی اعدادوشمار میں قرضوں کے مجموعی حجم کے ساتھ ساتھ جی ڈی پی کے تناسب کو معیشت کے حجم کے مقابلے میں قرضوں کے بوجھ کو سمجھنے کے لیے ایک اہم پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔