اتوار، 22 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جوہری سلامتی اجلاس: اسلام آباد 23 سے 26 نومبر کو عالمی نیٹ ورک کی میزبانی کرے گا


پاکستان 23 سے 26 نومبر 2026 تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی کے تربیتی اور معاونتی مراکز کے عالمی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے اشتراک سے منعقد ہوگا۔

اجلاس میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اور نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔ 4 روزہ اجلاس کے دوران جوہری سلامتی کی تربیت اور معاونت کو مؤثر بنانے، عالمی تعاون کے فروغ اور تجربات کے تبادلے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔


پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی اس نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کرچکا ہے۔ یہ پہلا موقع تھا جب یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ویانا میں واقع صدر دفتر سے باہر منعقد کیا گیا تھا۔


اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں اجلاس کی میزبانی پاکستان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ عالمی تعاون، معلومات کے تبادلے اور پائیدار صلاحیت سازی کے ذریعے جوہری سلامتی کے شعبے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔