اتوار، 22 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ورلڈ بینک کی پاکستان کو عام انتخابات تک معاشی اصلاحات جاری رکھنے کی سفارش


عالمی بینک (ورلڈ بینک) نے پاکستان میں ستمبر 2027 میں موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کے اختتام اور 2029 کے اوائل میں متوقع عام انتخابات کے تناظر میں معاشی خطرات سے نمٹنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنے کے لیے معاشی و ساختی اصلاحات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھنے کی سفارش کی ہے۔


عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط اور مناسب مانیٹری پالیسی کے ذریعے معاشی استحکام بحال کیا ہے، تاہم پائیدار ترقی کے لیے اس استحکام کو برقرار رکھنا لازمی شرط ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ برسوں میں آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل اور انتخابی ماحول کے دوران موجودہ مالیاتی پالیسیوں پر قائم رہنا انتہائی اہم ہوگا۔


عالمی بینک نے تجویز دی ہے کہ حکومت کو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا عمل جاری رکھنا چاہیے اور غیر مؤثر توانائی سبسڈیز کی طرف واپس جانے سے ہر صورت گریز کرنا چاہیے۔ مزید برآں مارکیٹ کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ایک درمیانی مدت کے مالیاتی منصوبے کی تیاری اور اس پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے جو ملکی قرضوں کی پائیداری کے اصولوں سے ہم آہنگ ہو۔


رپورٹ کے مطابق حالیہ کٹھن اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی معاشی بنیادیں مضبوط ہو چکی ہیں اور ملک تیز رفتار اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ عالمی بینک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو تاریخی 'بوم اینڈ بسٹ' (تیز اتار چڑھاؤ) کے معاشی چکر سے نکل کر پائیدار طور پر بلند شرحِ نمو حاصل کرنا ہوگی، اور وسیع تر ساختی اصلاحات پر عملدرآمد کے ذریعے ہی پاکستان 2050 تک بالائی متوسط آمدنی (Upper Middle Income) والے ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔