پیر، 26 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

باغی رائیٹرز فورم کا پہلا آن لائن مشاعرہ، معروف شاعر زبیر احمد کی صدارت میں شعرا کی شرکت


باغی رائیٹرز فورم کے زیرِ اہتمام 24 اکتوبر 2026ء کو پہلے آن لائن مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف شاعر زبیر احمد نے صدارت کے فرائض انجام دیے، جبکہ نوجوان ادیب و معلم اعجازالحق عثمانی نے نظامت کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ مشاعرے میں شعرا کرام اور باغی رائٹرز فورم کے اراکین نے شرکت کی اور اپنا کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔

مشاعرے میں جاوید ڈینی ایل، فائزہ شہزاد، شاہد نیسم چوہدری، بنتِ محبوب سمیت دیگر شعرا نے اپنے منتخب کلام کے ذریعے محفل کو ادبی رنگوں سے مزین کیا۔ شعرا نے اپنے اشعار میں جذبات و احساسات، انسانی تجربات اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کو خوب صورت انداز میں بیان کیا، جبکہ شرکا نے شعرا کے کلام کو سراہا۔

مشاعرے کے اختتام پر صدرِ مشاعرہ زبیر احمد اور دیگر شعرا نے باغی رائیٹرز فورم کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادبی سرگرمیوں کا انعقاد اردو زبان و ادب کے فروغ اور شعری ذوق کی آبیاری کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس نوعیت کی محافل نہ صرف اہلِ قلم کو اپنے تخلیقی اظہار کے مواقع فراہم کرتی ہیں بلکہ نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور ادبی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ باغی رائیٹرز فورم نے آن لائن مشاعرے کے ذریعے شعرا اور ادب سے وابستہ افراد کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کیا، جہاں وہ اپنے تخلیقی جوہر کا اظہار کر سکتے ہیں۔