پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

یومِ اطفال: بچوں کے روشن مستقبل کا سوال،تحریر: سلیم خان

نقطہ نظر


بچے کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کی معصوم مسکراہٹیں، چمکتی آنکھیں اور ننھے ننھے خواب دراصل ایک روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ آج کے بچے ہی کل کے معمار، رہنما، سائنس دان، استاد اور ذمہ دار شہری بنیں گے۔ اسی حقیقت کو اجاگر کرنے اور بچوں کے حقوق، تعلیم، صحت اور تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لیے ہر سال 20 نومبر کو یومِ اطفال منایا جاتا ہے۔ یہ دن محض تقریبات منعقد کرنے یا تقاریر کرنے کا نام نہیں بلکہ اپنے اجتماعی رویوں کا جائزہ لینے اور بچوں کے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنے کا موقع ہے۔

بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں آج بھی لاکھوں بچے ایسے ہیں جن کا بچپن غربت، محرومی اور عدم تحفظ کی نذر ہو رہا ہے۔ کوئی بچہ تعلیم حاصل کرنے کے بجائے ورکشاپ میں مزدوری کر رہا ہے تو کوئی ہوٹلوں میں برتن دھونے پر مجبور ہے۔ کہیں ننھے ہاتھ اینٹوں کے بھٹوں پر مشقت کر رہے ہیں تو کہیں معصوم بچیاں گھروں میں کام کرتے ہوئے اپنے خوابوں سے محروم ہو رہی ہیں۔ یہ مناظر کسی بھی زندہ معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے کبھی ان بچوں کی آنکھوں میں چھپے خوابوں کو پڑھنے کی کوشش کی ہے؟

بچوں کا سب سے بنیادی حق معیاری تعلیم ہے۔ تعلیم صرف کتابیں پڑھنے اور امتحانات پاس کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان میں شعور، اعتماد، برداشت اور بہتر فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت، تعلیمی سہولیات کی کمی اور طبقاتی نظامِ تعلیم نے بچوں کے درمیان واضح فرق پیدا کر دیا ہے۔ ایک طرف جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی ادارے ہیں اور دوسری طرف ایسے اسکول بھی موجود ہیں جہاں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر بچے کو یکساں اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت بھی خصوصی توجہ کی مستحق ہے۔ مناسب خوراک، صاف پانی، صحت مند ماحول اور والدین کی محبت ان کی بہتر نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ اسی طرح بچوں کو تشدد، استحصال، ہراسانی اور دیگر سماجی برائیوں سے محفوظ رکھنا ریاست اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں پر اپنی خواہشات مسلط کرنے کے بجائے ان کی دلچسپیوں، صلاحیتوں اور جذبات کو سمجھیں۔ بچوں کی تربیت سختی سے زیادہ محبت، توجہ اور اچھے طرزِ عمل کی محتاج ہے۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ آج کے بچے موبائل فون اور سوشل میڈیا کی دنیا میں تیزی سے داخل ہو رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے بے شمار فوائد ہیں، لیکن اس کا غیر ضروری استعمال بچوں کی تعلیم، صحت اور سماجی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں پر محض پابندیاں لگانے کے بجائے ان کی رہنمائی کریں اور انہیں کھیل، مطالعے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کریں۔

یومِ اطفال ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ والدین، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ کسی بچے کو غربت، جہالت اور ناانصافی کی وجہ سے اپنے خواب قربان نہیں کرنے دیں گے۔

آخر میں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ بچوں کو صرف اچھا مستقبل دینے کے وعدے کافی نہیں، انہیں آج ایک محفوظ، خوش گوار اور باوقار بچپن دینا بھی ضروری ہے۔ جس معاشرے میں بچوں کی مسکراہٹ محفوظ ہو، وہاں مستقبل کی امید بھی زندہ رہتی ہے۔ کیونکہ بچوں پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔