بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

صدر مملکت سے سپیکر بنگلا دیش اسمبلی کی ملاقات، تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر زور


صدر مملکت آصف علی زرداری سے بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور متنوع شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔


ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات خودمختار مساوات، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں اور پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے کیونکہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ اور ثقافتی روابط رکھتے ہیں۔


صدر مملکت نے کہا کہ پاک بنگلا دیش کے درمیان پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ زراعت، صنعت، فوڈ سکیورٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ڈیجیٹل گورننس اور دفاع کے شعبوں میں بھی باہمی اشتراک کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔


آصف علی زرداری نے بنگلا دیشی اسپیکر کے دورہ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات میں مزید پیش رفت کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ زیرِ غور تقریباً 26 مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی، ساتھ ہی انہوں نے پارلیمانی روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا۔