بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لائن آف کنٹرول نہیں لائن آف ظلم، تحریر:بینا علی

نقطہ نظر

نیلم کی بے رحم موجوں میں ایک باپ کی حسرت ڈوب گئی۔

انا للہ وانا الیہ راجعون ۔

لائن آف کنٹرول پر دریائے نیلم سے ملنے والی لاش کی شناخت عرفان حسین شاہ کے نام سے ہو گئی تعلق ضلع بارہ مولہ سے تھا۔ عرفان حسین شاہ کی اہلیہ اور تین بچے آزاد کشمیر میں مقیم تھے۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد اہل خانہ کو مقبوضہ کشمیر سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

اہلیہ اور بچوں سے جدائی کے کرب میں مبتلا عرفان شاہ نے 22 اور 23 نومبر کی درمیانی شب کیرن زیرو پوائنٹ سے دریائے نیلم عبور کرنے کی کوشش کی مگر یخ بستہ لہروں کی نذر ہو گئے۔ بھارتی محکمہ انکم ٹیکس کے ملازم عرفان شاہ کی میت ریسکیو آپریشن کے بعد سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کر دی گئی، میت کی حوالگی کا معاملہ پیچیدہ ہو گیا ایک طرف مظفرآباد میں موجود اہلیہ اور تین بچے، دوسری جانب بارہ مولہ میں مقیم بہن بھائی اور دیگر عزیز و اقارب ہیں۔ میت کی حوالگی کے لیے پاک بھارت بات چیت لائن رابطے جاری دونوں ممالک کے دفاتر خارجہ کی مشاورت کے بعد فیصلہ متوقع۔ منقسم کشمیری خاندان کا المیہ، ایک باپ بچوں سے ملنے کی حسرت لیے دنیا سے رخصت اب تدفین کہاں ہوگی؟ یہ سوال بھی خاندان کے لیے اذیت بن گیا ہے۔

ہائے! یہ کیسا بٹوارا ہے؟

یہ کیسی لکیر ہے جو باپ کو بچوں سے، شوہر کو بیوی سے، بھائی کو بہن سے جدا کر دیتی ہے؟عرفان حسین شاہ کوئی مجرم نہیں تھا، کوئی دہشتگرد نہیں تھا۔ وہ تو صرف ایک باپ تھا۔ ایک شوہر تھا جو اپنی بیوی اور اپنے تین معصوم بچوں سے ملنا چاہتا تھا۔اس نے کون سا گناہ کیا تھا؟ اس کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ کشمیری تھا اور کشمیری ہونا ہی آج سب سے بڑا جرم بن گیا ہے۔

عید کے بعد جب اہل خانہ کو ڈی پورٹ کیا گیا تو اس باپ کا دل تڑپ اٹھا ہوگا۔ راتوں کو اس کو اپنے بچوں کی نیند نہیں آتی ہوگی۔ اس نے سوچا ہوگا کہ میں کسی طرح دریا پار کر کے اپنے بچوں تک پہنچ جاؤں۔

اس کو کیا پتہ تھا کہ جس دریا کو وہ پار کرنا چاہتا ہے وہ دریا نہیں موت ہے۔

22 اور 23 نومبر کی وہ سرد رات، جب دنیا اپنے گرم بستروں میں سو رہی تھی ایک باپ یخ بستہ لہروں میں اپنے بچوں کی محبت میں ڈوب رہا تھا۔

ہائے افسوس! مرنے کے بعد بھی اس کو سکون نہیں ملا۔ اب سوال یہ ہے کہ اس کی تدفین کہاں ہوگی؟

ایک طرف مظفرآباد میں اس کی بیوی اور تین یتیم بچے اس کی لاش کو تک رہے ہیں، دوسری طرف بارہ مولہ میں اس کے بہن بھائی رو رہے ہیں۔وہ باپ جو زندگی میں اپنے بچوں سے نہ مل سکا، کیا مرنے کے بعد بھی ان سے دور دفن ہوگا؟

یہ منقسم کشمیری خاندانوں کا المیہ ہے!

یہ صرف عرفان شاہ کی کہانی نہیں ہے، یہ ہزاروں منقسم کشمیری خاندانوں کی کہانی ہے۔ کتنے باپ اپنے بچوں سے ملنے کی حسرت لیے قبر میں چلے گئے، کتنی مائیں اپنے بیٹوں کی راہ تکتے تکتے اندھی ہو گئیں۔یہ لائن آف کنٹرول نہیں، یہ لائن آف ظلم ہے، جو انسانوں کو انسانوں سے جدا کر رہی ہے۔