بیٹی کی پسند بغاوت، اور بہو کی خواہش گستاخی کیوں؟تحریر:نورین قادر
نقطہ نظر
شاید یہ صرف ایک گھر کی کہانی نہیں، بلکہ ہمارے معاشرے کے بے شمار گھروں کا المیہ ہے۔ ہر خاندان، ہر ذات اور ہر طبقے میں کہیں نہ کہیں یہ رویّہ ضرور دکھائی دیتا ہے کہ جب گھر کی بیٹی اپنی پسند کا اظہار کرے تو اسے کئی سوالوں، طعنوں اور نصیحتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کی پسند کو نافرمانی، اس کی رائے کو ضد اور اس کے فیصلے کو خاندان کی عزت کے خلاف بغاوت سمجھ لیا جاتا ہے۔ لیکن عجیب بات دیکھیے! جب یہی گھر والے اپنی بیٹی کے لیے رشتہ تلاش کرتے ہیں تو بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ بچوں کی رائے ضرور لینی چاہیے، آخر زندگی تو انہوں نے گزارنی ہے۔ میرا ان سب سے ایک سوال ہے: جب آپ اپنی بیٹی کے لیے رشتہ طے کرتے ہیں تو کیا واقعی اس کی رائے لیتے ہیں؟ کیا وہ دل سے ہاں کہتی ہے یا صرف ماں باپ کی عزت، خاندان کے دباؤ اور ان کی خوشی کی خاطر خاموشی سے سر جھکا دیتی ہے؟ مجھے تو اکثر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہماری بہت سی بیٹیوں کی ہاں دراصل انکار کرنے کی ہمت نہ ہونے کا دوسرا نام ہوتی ہے۔ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں بیٹی اگر پڑھ لکھ کر اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائے، اچھی ملازمت حاصل کر لے اور اپنی صلاحیتوں سے گھر کا نام روشن کرے، تو بھی بعض لوگوں کو یہ بات کھٹکتی ہے۔ انہیں یہ خوف ستانے لگتا ہے کہ کہیں یہ ہمارے بیٹے سے زیادہ نہ کمانے لگے، کہیں اس کی تعلیم اور خودمختاری ہمارے گھر کے بنائے ہوئے اصولوں پر سوال نہ اٹھانے لگے۔ اور پھر بات صرف بیٹی تک محدود نہیں رہتی، کسی دوسرے گھر سے آنے والی لڑکی بھی اسی سوچ کا شکار ہوتی ہے۔ رشتہ طے کرتے وقت بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں کہ ہماری بہو نہیں، بیٹی بن کر رہے گی۔ اسے اپنی بیٹیوں جیسا پیار دیں گے، اس کی ہر خوشی کا خیال رکھیں گے۔ مگر شادی کے بعد اکثر یہ دعوے حقیقت کے سامنے دم توڑ دیتے ہیں۔ اپنی بیٹی کہے کہ مجھے مزید پڑھنا ہے تو جواب ملتا ہے: ضرور پڑھو، اپنے خواب پورے کرو۔ لیکن یہی بات اگر بہو کہہ دے تو فوراً آواز آتی ہے: بہت پڑھ لیا، اب گھر سنبھالو۔ جتنی پڑھائی کرنی تھی، کر لی۔ اب نوکری کی کیا ضرورت ہے؟
آخر یہ فرق کیوں؟ کیا تعلیم صرف اپنی بیٹی کے لیے اہم ہے؟ کیا خواب صرف اپنے گھر کی لڑکیوں کے ہوتے ہیں؟ کیا دوسرے گھر سے آنے والی لڑکی اپنے ماں باپ، اپنی خواہشات اور اپنی پہچان سے محروم ہو جاتی ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنی بیٹی کو بیٹی سمجھتے ہیں، مگر دوسروں کی بیٹی کو اکثر صرف بہو ہی رہنے دیتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری بیٹی کو عزت ملے، اس کی رائے سنی جائے، اسے آگے بڑھنے کے مواقع دیے جائیں، مگر جب کسی دوسرے کی بیٹی ہمارے گھر آتی ہے تو ہم اس کے لیے وہی معیار قائم نہیں رکھ پاتے۔ ہم دینِ اسلام کی باتیں تو بہت کرتے ہیں، مگر جب عمل کی باری آتی ہے تو اپنی پسند، انا، خاندان اور معاشرتی روایات کو دین سے بھی آگے رکھ دیتے ہیں۔ اسلام نے نکاح میں عورت کی رضامندی کو بنیادی اہمیت دی ہے۔ پھر ہم اپنی سہولت کے مطابق اس تعلیم کو کیوں بھول جاتے ہیں؟ اپنی بیٹی کی خاموشی کو رضامندی کیوں سمجھ لیتے ہیں؟ اسے یہ حق کیوں نہیں دیتے کہ وہ اپنی زندگی کے اتنے اہم فیصلے میں کھل کر اپنی رائے دے؟ یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اپنی پسند کا اظہار کرنا ہرگز بدتمیزی یا بغاوت نہیں۔ والدین کی عزت اپنی جگہ، مگر اولاد کی زندگی اور اس کی رضامندی بھی اپنی جگہ اہم ہے۔ والدین کا تجربہ اور مشورہ یقیناً قیمتی ہے، لیکن مشورے اور زبردستی میں بہت فرق ہوتا ہے۔ آج کل بعض لوگوں کو پڑھی لکھی، خوداعتماد اور اپنے حقوق سے واقف لڑکیاں پاگل، بدتمیز یا بے وقوف دکھائی دیتی ہیں۔ شاید اس لیے کہ وہ ہر بات پر خاموش رہنا نہیں جانتیں، اپنے خوابوں کو دفن کرنا نہیں چاہتیں اور اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر سوال اٹھانے کی ہمت رکھتی ہیں۔ حالانکہ تعلیم لڑکی کو خاندان سے لڑنا نہیں، بلکہ اپنے حق اور غلط کے درمیان فرق سمجھنا سکھاتی ہے۔ ہمیں اپنے رویّوں پر غور کرنا ہوگا۔ اگر ہم اپنی بیٹی کے لیے آزادی، عزت، تعلیم اور خوشیوں کے خواہش مند ہیں تو کسی دوسرے کی بیٹی کو بھی وہی حقوق دینے ہوں گے۔ بہو کو بیٹی کہنے سے پہلے اسے بیٹی جیسا مقام بھی دینا ہوگا۔ کیونکہ کسی کی بیٹی جب اپنا گھر چھوڑ کر ہمارے گھر آتی ہے تو وہ اپنے خواب، اپنی امیدیں اور اپنی پوری زندگی بھی ساتھ لے کر آتی ہے۔ اسے صرف ذمہ داریوں کا بوجھ نہیں، بلکہ محبت، عزت اور اپنے وجود کو برقرار رکھنے کا حق بھی چاہیے۔ آخر میں ایک سوال ہے، اور شاید یہ سوال ہر اس شخص کے لیے ہے جو اپنی بیٹی کی خوشی تو چاہتا ہے، مگر کسی دوسرے کی بیٹی کی خوشیوں سے سمجھوتا کرنے کو تیار رہتا ہے۔ اگر آپ اپنی بیٹی کے خوابوں کو ٹوٹتا نہیں دیکھ سکتے تو کسی دوسرے کی بیٹی کے خواب توڑنے کا حق آپ کو کس نے دیا؟
مزید پڑھیں



