ان کے نام جو سماجی ذرائع پر بے حیائی پھیلا رہی ہیں،تحریر: مائرہ حمزہ
نقطہ نظرآج جب ہم اپنا برقی آلہ کھولتے ہیں تو ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی ایسے بازار میں آ گئے ہوں جہاں عزت، حیا اور ایمان بک رہا ہے۔ سماجی ذرائع جو کبھی اچھی بات پھیلانے اور علم دینے کا ذریعہ تھے، آج وہی ذرائع کچھ لوگوں کے ہاتھوں بے حیائی پھیلانے کا سب سے بڑا اڈا بن گئے ہیں۔
خاص طور پر کچھ لڑکیاں جو اپنے آپ کو مشہور کہلاتی ہیں، وہ شہرت کے نام پر اپنے جسم کی نمائش کر رہی ہیں، ایسے کپڑے پہن رہی ہیں جن کو دیکھ کر شرم آتی ہے، ایسی چلتی تصویریں بنا رہی ہیں جن میں حیا نام کی کوئی چیز نہیں رہی اور ایسا رقص دکھا رہی ہیں جو ہمارے دین، ہماری تہذیب اور ہمارے گھروں کی تربیت کے بالکل خلاف ہے۔
یہ کوئی بھول نہیں ہے، یہ جان بوجھ کر کیا جانے والا گناہ ہے۔ یہ کوئی مجبوری نہیں ہے، یہ شہرت کی بھوک ہے۔ یہ شہرت کی بھوک انسان کو کہاں سے کہاں لے جاتی ہے، اس کا اندازہ ان کو اب نہیں ہو رہا؛ مگر آنے والے وقت میں ہو جائے گا جب یہی چلتی تصویریں قیامت کے دن ان کے خلاف گواہی دیں گی۔
تحقیق بتاتی ہے کہ ان ذرائع کا نظام ہی ایسا بنا دیا گیا ہے کہ بے حیائی کو زیادہ دیکھا جاتا ہے۔ جو چلتی تصویر جتنی زیادہ بے شرم ہوگی، اس کو اتنی زیادہ پسندیدگی ملے گی، اتنے زیادہ دیکھنے والے ملیں گے، اتنے زیادہ پیروکار بڑھیں گے؛ اور جب پسندیدگی ملتی ہے تو دل میں ایک جھوٹی خوشی پیدا ہوتی ہے اور یہ جھوٹی خوشی انسان کو نشے کی طرح بار بار وہی گناہ کرنے پر مجبور کرتی ہے۔ پہلے تھوڑی سی بے حیائی اور پھر ایک دن ایسا آتا ہے کہ انسان کو خود بھی پتا نہیں چلتا کہ وہ کس گہرے گڑھے میں گر گیا ہے۔
اور دوسری طرف دیکھنے والے نوجوان، لڑکے اور لڑکیاں، وہ بھی اسی زہر کا شکار ہو رہے ہیں۔ لڑکیاں سمجھتی ہے کہ جو لڑکی سماجی ذرائع پر مشہور ہے، وہی کامیاب ہے، وہی خوبصورت ہے، وہی آگے ہے؛ اور پھر وہ بھی اس کو دیکھ کر ویسا ہی بننے کی کوشش کرتی ہیں؛ اور لڑکا جب روز ایسی چلتی تصویریں دیکھتا ہے تو اس کے دل سے عورت کی عزت ختم ہو جاتی ہے، اس کو لگتا ہے کہ عورت بس دیکھنے کی چیز ہے۔ یہی وہ زہر ہے جو آہستہ آہستہ ہمارے پورے معاشرے کو کھوکھلا کر رہا ہے۔
میری پیاری بہنو اور بھائیو! ذرا رکو اور سوچو! کیا چند لوگوں کی پسندیدگی کے لیے اپنی عزت بیچ دینا کامیابی ہے؟ کیا چند ہزار پیروکاروں کے لیے اپنے رب کو ناراض کر دینا سمجھداری ہے؟ کیا وہ چلتی تصویر جو آج تم نے لگائی ہے، کل تمہارے نامہ اعمال میں نہیں لکھی جائے گی؟
اللّٰہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں بہت صاف فرما دیا ہے۔
"مومن مردوں سے کہہ دو کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں، یہی ان کے لیے زیادہ پاکیزہ ہے، بے شک اللّٰہ ان کے کاموں سے خوب واقف ہے۔"
(سورہ النور، آیت 30)
اور عورتوں کے لیے فرمایا۔
"اور مومن عورتوں سے کہہ دو کہ وہ بھی اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں اور اپنی زینت کو ظاہر نہ کریں، سوائے اس کے جو خود ظاہر ہو جائے، اور اپنے دوپٹے اپنے سینوں پر ڈال لیں۔"
(سورہ النور، آیت 31)
دیکھو بہن، اللّٰہ نے یہ حکم تم پر بوجھ ڈالنے کے لیے نہیں دیا، یہ حکم تمہاری حفاظت کے لیے دیا ہے۔ جیسے قیمتی ہیرا ہمیشہ ڈبے میں بند رکھا جاتا ہے، بازار میں نہیں پھینکا جاتا، بالکل اسی طرح عورت اللّٰہ کی سب سے قیمتی مخلوق ہے، اس کو بھی پردے میں محفوظ رکھا گیا ہے۔
اور پھر اللّٰہ نے فرمایا۔
"اور زنا کے قریب بھی مت جاؤ، بے شک وہ بے حیائی ہے اور بہت ہی برا راستہ ہے۔"
(سورہ بنی اسرائیل، آیت 32)
غور کرو، اللّٰہ نے یہ نہیں کہا کہ زنا مت کرو، فرمایا کہ اس کے قریب بھی مت جاؤ؛ کیونکہ بے حیائی والی چلتی تصویر دیکھنا، ایسے کپڑے پہننا، ایسے گانے پر رقص کرنا، یہ سب زنا کی طرف جانے والے راستے ہیں۔ پہلے آنکھ دیکھتی ہے، پھر دل غلط راستے پر جاتا ہے اور آخر میں قدم اس طرف چل پڑتے ہیں۔
اور جو لوگ بے حیائی کو پھیلاتے ہیں، ان کے لیے اللّٰہ نے بہت سخت وعید سنائی ہے۔
"بے شک جو لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ایمان والوں میں بے حیائی پھیلے، ان کے لیے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہے اور اللّٰہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔"
(سورہ النور، آیت 19)
یہ آیت ان سب کے لیے ہے جو آج شہرت کے نام پر بے حیائی پھیلا رہے ہیں۔ تمہاری ایک چلتی تصویر کو لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں اور اگر اس کو دیکھ کر ایک لڑکی بھی گمراہ ہو گئی، ایک لڑکے کے دل میں بھی گناہ کا خیال آ گیا، تو اس کا گناہ تمہارے اعمال میں بھی لکھا جائے گا۔
اور ایک اور آیت میں اللّٰہ نے فرمایا ہے۔
"اے نبی! اپنی بیویوں اور اپنی بیٹیوں اور مومنوں کی عورتوں سے کہہ دو کہ وہ اپنی چادریں اپنے اوپر لٹکا لیا کریں، یہ زیادہ مناسب ہے تاکہ وہ پہچان لی جائیں اور انہیں تکلیف نہ پہنچائی جائے۔" (سورہ الاحزاب، آیت 59)
یہ ہے اسلام کی عورت کی پہچان، پردہ، حیا، وقار۔ نہ کہ وہ عورت جو ہر روز اپنی نئی چلتی تصویر میں اپنا جسم دکھا کر مشہور ہونا چاہتی ہے۔
نوجوانو! میں تم سے نفرت سے نہیں، ہمدردی سے کہہ رہی ہوں۔ سماجی ذرائع پر مشہور ہونا برا نہیں ہے؛ مگر مشہور ہونے کے لیے اپنی حیا کو قربان کر دینا بہت بڑی قیمت ہے۔ تم اچھی باتیں پھیلاؤ، کسی کو علم دو، کسی کو ہمت دو، کسی کا دل اللّٰہ کی طرف پھیر دو۔ تم اپنی آواز سے، اپنے الفاظ سے، اپنی سوچ سے مشہور ہو لیکن اپنے جسم کی نمائش کر کے نہیں۔
اور جو بہنیں اس راستے پر چل پڑی ہیں، ان سے بھی کہتی ہوں، ابھی بھی دیر نہیں ہوئی ہے۔ اللّٰہ بہت مہربان ہے، وہ توبہ کرنے والوں کو بہت پسند کرتا ہے۔ اپنی وہ چلتی تصویریں مٹا دو، اس راستے کو چھوڑ دو اور اپنے رب کی طرف لوٹ آؤ۔ یقین کرو، جب تم اللّٰہ کے لیے کچھ چھوڑو گی تو اللّٰہ تمہیں اس سے بہتر عزت دے گا، اس سے بہتر سکون دے گا۔
اور جو نوجوان ایسی چلتی تصویریں دیکھتے ہیں، ان سے کہتی ہوں، اپنی نظروں کی حفاظت کرو۔ جو چیز تم آج دیکھ رہے ہو، وہ کل تمہارے دل کا سکون چھین لے گی۔ تم اپنے برقی آلے کو اپنا دشمن مت بناؤ، اس کو اپنی نیکی کا ذریعہ بناؤ۔ اچھے لوگوں کو سنو، اچھی باتیں سنو، اچھی کتابیں پڑھو۔
یاد رکھو! سماجی ذرائع کی شہرت چار دن کی ہے؛ مگر قبر کی زندگی ہمیشہ کی ہے۔ آج تمہارے پیروکار تمہارے ساتھ ہیں، کل قبر میں کوئی ساتھ نہیں ہوگا، صرف تمہارے اعمال ہوں گے۔
اس لیے آج فیصلہ کرو، کہ تمہیں بے حیائی پھیلانے والوں میں سے بننا ہے، یا حیا کو پھیلانے والوں میں سے بننا ہے۔ تمہیں پسندیدگی کے پیچھے بھاگنا ہے، یا اللّٰہ کی خوشنودی کے پیچھے بھاگنا ہے۔
اللّٰہ ہم سب کو حیا والی زندگی عطا فرمائے اور ہمارے نوجوانوں کو سیدھے راستے پر چلائے، آمین۔
مزید پڑھیں




