بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ہر شخص زندگی میں ایک قتل کرتا ہے، تحریر:سید ضیغم حسن عابدی

نقطہ نظر
zaigham abidi syed

زندگی میں ہر انسان ایک قتل ضرور کرتا ہے۔ یہ قتل کسی عدالت کے ریکارڈ میں درج ہوتا ہے نہ اس کی ایف آئی آر کٹتی ہے، نہ قاتل کو ہتھکڑیاں لگتی ہیں اور نہ ہی مقتول کا کوئی جنازہ اٹھایا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسا قتل ہے جس میں قاتل بھی انسان خود ہوتا ہے اور مقتول بھی۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس قتل کے بعد انسان زندہ تو رہتا ہے، مگر اس کے اندر موجود کوئی شخص ہمیشہ کے لیے مر جاتا ہے۔


کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ ہم میں سے کتنے لوگ اپنی اصل شخصیت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں؟ کتنے لوگ ہیں جو وہی سوچتے ہیں جو کہنا چاہتے ہیں، وہی کہتے ہیں جو محسوس کرتے ہیں اور وہی کرتے ہیں جو ان کا دل چاہتا ہے؟ شاید بہت کم۔ ہم میں سے بیشتر لوگ اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ دوسروں کی توقعات پوری کرنے میں گزار دیتے ہیں۔ بچپن میں والدین کی خوشی کے لیے اپنی خواہشات دفن کرتے ہیں، جوانی میں معاشرے کی قبولیت کے لیے اپنی سوچ پر پہرے بٹھاتے ہیں اور عمر کے ایک حصے میں رشتوں کو بچانے کے لیے اپنی ذات کے ساتھ سمجھوتے کرتے کرتے اس مقام پر پہنچ جاتے ہیں جہاں آئینہ بھی ہمیں ہماری پہچان نہیں کرا پاتا۔


انسان کی شخصیت کا پہلا قتل اکثر اس وقت شروع ہوتا ہے جب اسے یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ اس کی اپنی پسند، اپنی رائے اور اپنی خواہش کی کوئی خاص اہمیت نہیں۔ اسے بتایا جاتا ہے کہ اچھے بچے والدین کی ہر بات مانتے ہیں، اچھے بہن بھائی کبھی اختلاف نہیں کرتے، اچھے شوہر یا بیوی اپنی ذات سے زیادہ رشتے کو اہمیت دیتے ہیں اور اچھے انسان وہ ہوتے ہیں جو دوسروں کو ناراض نہیں کرتے۔ یوں انسان اچھا بننے کی کوشش میں اپنی اصل شناخت سے دور ہوتا چلا جاتا ہے۔ وہ ہر جگہ خود کو دوسروں کی پسند کے مطابق ڈھالتا ہے، یہاں تک کہ ایک دن اسے یہ بھی معلوم نہیں رہتا کہ اس کی اپنی پسند کیا ہے۔


کبھی جذبات کے ہاتھوں اپنا قتل کرتے ہیں۔ کسی سے محبت کرتے ہوئے اپنی خودداری کو اتنا پیچھے چھوڑ دیتے ہیں کہ ایک دن اپنی ہی نظروں میں اجنبی بن جاتے ہیں۔ کسی کی ناراضی کا خوف، کسی کی بے رخی کا دکھ اور کسی کے چھوڑ جانے کا اندیشہ ہمیں اس قدر کمزور کر دیتا ہے کہ ہم اپنی پسند، اپنی ترجیحات اور حتیٰ کہ اپنی عزت نفس تک قربان کر دیتے ہیں۔ عجیب بات ہے کہ جس شخص کے لیے ہم اپنی ذات کے ٹکڑے کرتے رہتے ہیں، ضروری نہیں کہ اسے کبھی ہمارے اندر ہونے والی اس شکست کا احساس بھی ہو۔ بعض اوقات ہم کسی کو کھونے کے خوف میں خود کو اس قدر کھو دیتے ہیں کہ جب وہ شخص ہماری زندگی سے چلا جاتا ہے تو ہمارے پاس واپس لوٹنے کے لیے اپنی ذات بھی باقی نہیں رہتی۔


رشتے بھی انسان کی شخصیت کو زندہ رکھنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں اور اسے اندر سے ختم کرنے کا سبب بھی۔ باپ کی خواہش، ماں کی توقع، بھائی کی ناراضی، بہن کی محبت، شریکِ حیات کی پسند اور اولاد کے مستقبل کے نام پر انسان اپنی شخصیت کے کئی حصے خاموشی سے دفن کر دیتا ہے۔ رشتے یقیناً زندگی کا حسن ہیں، لیکن جب ان کی بقا کے لیے کسی ایک فرد کی پوری ذات کو مٹانا ضروری قرار دے دیا جائے تو پھر یہ محبت نہیں، ایک غیر محسوس جبر ہوتا ہے۔ ہم نے قربانی کو اتنا مقدس بنا دیا ہے کہ کبھی یہ سوال ہی نہیں کرتے کہ قربانی دینے والے انسان کے اندر کیا باقی بچا ہے۔ ہر بار سمجھوتہ کرنے والے کو اچھا انسان سمجھا جاتا ہے، مگر کوئی اس سے یہ نہیں پوچھتا کہ اس نے اپنے حصے کی زندگی کب جی ہے؟


یہ قتل صرف رشتوں اور محبت تک محدود نہیں رہتا، معاشرتی حیثیت اور لوگوں کی رائے بھی اس میں اپنا حصہ ڈالتی ہے۔ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں انسان کی کامیابی کا فیصلہ بھی اکثر دوسرے لوگ کرتے ہیں۔ کس کے پاس کتنی دولت ہے، کس کے پاس کون سی گاڑی ہے، کس کا گھر کتنا بڑا ہے، کس کے بچے کہاں پڑھتے ہیں اور کس کی سماجی حیثیت کتنی بلند ہے۔ اس دوڑ میں انسان اپنی خواہشات کو دوسروں کے معیار پر پرکھنے لگتا ہے۔ اسے وہ چیزیں بھی حاصل کرنی ہوتی ہیں جن کی اسے ضرورت نہیں، صرف اس لیے کہ لوگ اسے کامیاب سمجھیں۔ وہ اپنی خوشی سے زیادہ اپنی نمائش پر توجہ دینے لگتا ہے۔ یہاں تک کہ زندگی گزارنے کے بجائے زندگی کا تاثر قائم کرنا اس کی سب سے بڑی مصروفیت بن جاتی ہے۔


معاشرے کا ایک عجیب المیہ یہ بھی ہے کہ یہاں اختلاف کرنے والے کو برداشت نہیں کیا جاتا۔ آپ کی رائے مختلف ہو تو آپ بدتمیز ہیں، آپ انکار کر دیں تو مغرور ہیں، آپ اپنی حدود مقرر کریں تو خود غرض ہیں اور آپ دوسروں کی مرضی کے بجائے اپنے شعور کے مطابق زندگی گزارنا چاہیں تو آپ کو باغی قرار دے دیا جاتا ہے۔ ہم نے اچھے انسان کی ایسی تعریف بنا رکھی ہے جس میں انسان کی اپنی شخصیت کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ دوسرا اس کی توقعات کے مطابق زندگی گزارے، مگر خود کسی دوسرے کی توقعات کے مطابق ڈھلنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔


اس سارے عمل کا سب سے خوفناک پہلو یہ ہے کہ انسان کو اپنے اندر ہونے والی اس تبدیلی کا احساس بھی نہیں ہوتا۔ ایک دن وہ محسوس کرتا ہے کہ اب کسی بات پر پہلے جیسی خوشی نہیں ہوتی، کسی خواب کے لیے آنکھوں میں چمک نہیں آتی، کسی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے زبان لڑکھڑاتی ہے اور کسی فیصلے سے پہلے ذہن میں دوسروں کے چہروں کا ہجوم جمع ہو جاتا ہے۔ وہ اسے پختگی، برداشت، سمجھ داری اور عمر کا تجربہ قرار دے کر مطمئن ہو جاتا ہے۔ حالانکہ ممکن ہے کہ یہ پختگی نہ ہو بلکہ اس کی شخصیت کا وہ حصہ ہو جو مسلسل سمجھوتوں کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔


کبھی تنہائی میں بیٹھ کر اپنے ماضی کو دیکھیے۔ وہ بچہ جو کبھی اپنی مرضی سے ہنستا تھا، وہ نوجوان جس کے خواب تھے، وہ انسان جس کے پاس اپنی رائے اور اپنی پسند تھی، آج کہاں ہے؟ کیا وہ واقعی وقت کے ساتھ سمجھ دار ہو گیا ہے یا اس نے لوگوں کو خوش رکھنے کے لیے خود کو تبدیل کر لیا ہے؟ کیا اس نے اپنی خواہشات سے دستبرداری شعوری طور پر اختیار کی تھی یا اسے مسلسل یہ باور کروایا گیا کہ اس کی خواہشات اہم نہیں؟ شاید ان سوالوں کے جواب ہمیں اپنے بارے میں وہ کچھ بتا دیں جو ہم ساری عمر دوسروں سے چھپاتے رہے ہیں۔


زندگی کا مقصد ہر رشتے سے بغاوت کرنا، ہر روایت کو رد کرنا یا اپنی خواہشات کو دوسروں پر مسلط کرنا نہیں۔ اصل شعور شاید یہ ہے کہ انسان دوسروں کے لیے جگہ بناتے ہوئے اپنے وجود کے لیے بھی کچھ جگہ محفوظ رکھے۔ محبت کرے مگر اپنی شناخت کھو کر نہیں، رشتے نبھائے مگر اپنی ذات کو مٹا کر نہیں۔ دوسروں کی خوشی کا خیال رکھنا خوب صورت عمل ہے، مگر اپنی پوری زندگی دوسروں کی خوشی کے نام کر دینا کوئی لازمی اخلاقی فریضہ نہیں۔


شاید انسان کو زندگی میں ایک بار اپنے آپ سے بے رحمی کے ساتھ سچ بولنا چاہیے۔ اسے یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اس نے کہاں خوف کی وجہ سے خاموشی اختیار کی، کہاں محبت کے نام پر اپنی توہین برداشت کی، کہاں معاشرے کی خوشنودی کے لیے اپنی سوچ بدلی اور کہاں لوگوں کی قبولیت حاصل کرنے کے لیے اپنی اصل شخصیت چھپا لی۔ یہ اعتراف آسان نہیں، کیونکہ اس کے لیے دوسروں کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے اپنے اندر جھانکنا پڑتا ہے۔ مگر شاید اپنی ذات کی بازیافت کا سفر یہیں سے شروع ہوتا ہے۔


کیونکہ زندگی کا سب سے بڑا المیہ موت نہیں، بلکہ یہ ہے کہ انسان سانس لیتا رہے، لوگوں سے ملتا رہے، ہنستا بولتا رہے، اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے اور ایک دن اچانک اسے احساس ہو کہ جس شخص کو وہ اپنی زندگی سمجھتا رہا، وہ تو بہت پہلے مر چکا ہے۔ باقی صرف ایک ایسا وجود ہے جو دنیا کی نظروں میں کامیاب، مہذب اور قابلِ قبول ہے، مگر اپنی ہی نظروں میں نامکمل ہے۔


ذرا اپنے اندر تلاش کیجیے، کہیں ایسا تو نہیں کہ دوسروں کو زندگی دیتے دیتے آپ نے اپنے حصے کا انسان خود ہی قتل کر دیا ہو؟