بکھرو گے نہیں تو نکھرو گے کیسے ؟ تحریر: عیشہ محمود
نقطہ نظر
"بکھرو گے نہیں، تو نکھرو گے کیسے؟"
زندگی ایک ایسی پراسرار اور عجیب پہیلی کی مانند ہے جس کا ہر سوال اپنے دامن میں ایک نئی کہانی ایک نیا سبق اور ایک نیا تجربہ سمیٹے ہوئے ہے۔ اس سفر میں کبھی ہمیں بدلتے ہوئے حالات و واقعات الجھا دیتے ہیں، تو کبھی اپنوں کے رویے اور رشتوں کی نزاکتیں ہماری راہ میں رکاوٹ بن جاتی ہیں، اور کبھی ہماری اپنی ہی سوچوں کا ہجوم ہمیں اس قدر بے بس اور الجھا دیتا ہے کہ جی چاہتا ہے اس ساری دنیا سے کٹ کر کہیں بہت دور بھاگ جایا جائے۔ ایک ایسی انجان بستی میں، جہاں نہ ماضی کی کوئی تلخ یاد ہو، نہ مستقبل کی کوئی فکر، اور نہ ہی کوئی پریشانی ہمارا تعاقب کرے ۔
لیکن ذرا ٹھہریے اور سوچیے!
کیا واقعی زندگی اس طرح فرار کی راہ اختیار کر کے گزاری جا سکتی ہے؟
کیا واقعی ہر ذمہ داری، ہر رشتے اور ہر آزمائش سے منہ موڑ کر سکون سے جیا جا سکتا ہے؟
نہیں، بالکل نہیں!
کیونکہ زندگی کا ایک اٹل اصول ہے کہ "الجھیں گے نہیں، تو سلجھیں گے کیسے؟" اگر ہم نے مشکل وقت کے ڈر سے ہر شے کو ہی ختم کر دیا، ہر تعلق کو ہی توڑ دیا اور ہر میدان کو ہی خالی چھوڑ دیا، تو پھر اس زندگی کی اصل لذت اور خوبصورتی باقی کیا رہ جائے گی؟ بغیر آزمائشوں اور جدوجہد کے انسان کے وجود کا مقصد ہی کیا رہ جائے گا؟
حقیقت تو یہ ہے کہ پریشانیوں اور ناکامیوں پر دل چھوٹا کرنے کی بجائے ان کا ڈٹ کر سامنا کرنا ہی اصل بہادری ہے۔ مسائل کو سلجھائے بغیر سرے سے میدان چھوڑ کر بھاگ جانا کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا۔
یاد رکھیے کمزور وہ انسان نہیں ہوتا جو تکلیف کی شدت سے رو دیتا ہے یا ٹوٹ جاتا ہے بلکہ اصل کمزور اور بزدل وہ ہے جو حالات کو پیٹھ دکھا کر بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔ آنسو تو دل کا بوجھ ہلکا کرتے ہیں لیکن فرار انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتا ہے۔
اب یہاں زندگی کا ایک اور نازک پہلو اور اہم حقیقت بھی سامنے آتی ہے اور وہ یہ کہ دنیا کا ہر مسئلہ ہمارے بس میں نہیں ہوتا اور نہ ہی ہر الجھن کو زبردستی سلجھایا جا سکتا ہے۔ ہر پریشانی کو اپنے اعصاب اور سر پر سوار کر لینا بھی عقلمندی نہیں۔ بعض اوقات کچھ پیچیدہ مسائل اور تلخ معاملات کو ان کے حال پر چھوڑ دینا ہی سب سے بہتر فیصلہ ہوتا ہے ۔
اس کی مثال بالکل ایک الجھے ہوئے دھاگے جیسی ہے دھاگہ اگر حد سے زیادہ الجھ جائے تو سمجھدار انسان اس کی ہر گرہ کھولنے نہیں بیٹھ جاتا کیونکہ اس بے سود کوشش سے صرف آپ کا قیمتی وقت، توانائی اور ہمت ہی ضائع ہوتی ہے۔ ایسے میں یا تو اس الجھے ہوئے حصے کو کاٹ کر الگ کر دیا جاتا ہے، یا پھر سرے سے نیا دھاگہ لے کر نئی شروعات کی جاتی ہے ۔
بالکل اسی طرح زندگی کی ہر مشکل کو فوراً حل کرنے کی ضد نہیں کرنی چاہیے کیونکہ بعض اوقات کچھ زخم اور کچھ مسائل صرف "وقت" کے مرہم سے خود بخود حل ہو جاتے ہیں۔
اسی لیے حالات سے بھاگنے کی بجائے حوصلے کے ساتھ ان کا سامنا کرنا سیکھیے۔ اگر آپ نے آج فرار حاصل کر بھی لیا تو کل زندگی میں جستجو سیکھنے کی لگن اور آگے بڑھنے کی تلاش باقی کیا رہ جائے گی؟ جب تک آپ ٹھوکر کھا کر گریں گے نہیں تب تک سنبھل کر اٹھنا کیسے سیکھیں گے؟ اور جب تک زندگی کے نشیب و فراز سے گزر کر سبق نہیں سیکھیں گے تب تک اس زندگی کو بھرپور طریقے سے جئیں گے کیسے؟
کیونکہ سچ تو یہی ہے کہ "بکھرو گے نہیں، تو نکھرو گے کیسے اور الجھیں گے نہیں تو سلجھیں گے کیسے؟"
مزید پڑھیں




