اسلام آباد میں بےزبان جانوروں کے خلاف کارروائیاں، چند اہم سوالات، تحریر:صدف ابرار
نقطہ نظر
کیا اس زمین پر صرف انسانوں کا حق ہے؟ اسلام آباد میں بےزبان جانوروں کے خلاف کارروائیاں، سی ڈی اے کا رویہ اور عدالتی احکامات کی روشنی میں چند اہم سوالات!
گزشتہ رات تقریباً ایک بجے میری ایک دوست کی کال آئی۔ وہ بری طرح رو رہی تھی۔ اس کی آواز میں ایسی بےبسی اور دکھ تھا کہ میرے لیے اسے تسلی دینا بھی مشکل ہو رہا تھا۔ اس کے دو کتے، جنہیں اس نے اپنے بچوں کی طرح پالا تھا، سی ڈی اے کے اہلکار اٹھا کر لے گئے تھے۔اور یہ نہیں بلکہ اسلاماباد کے جی سیکٹر سے تمام کتوں کو راتوں رات غائب کر دیا گیا یہ وہ جانور تھے جن میان بہت ساروں کی ویکسینیشن ہو چکی تھی، جنہیں نیوٹر کروایا گیا تھا اور جن کی دیکھ بھال کے تمام انتظامات کیے گئے تھے۔ میری دوست انہیں اپنے گھر کے قریب رکھتی تھی، ان کے کھانے پینے، علاج اور حفاظت کا خیال رکھتی تھی۔ وہ کسی این جی او سے پیسے نہیں لیتی، نہ کسی ادارے سے ڈالر وصول کرتی ہے۔ وہ اپنی جیب سے ان بےزبان جانوروں پر خرچ کرتی ہے، صرف اس لیے کہ انہیں بھی اس دنیا میں جینے کا حق حاصل ہے۔
اس کی کال کے بعد میں رات تقریباً تین بجے تک مختلف لوگوں کو فون کرتی رہی۔ جن نمبرز پر میری دوست کی کال نہیں سنی جا رہی تھی، میں نے ان پر رابطہ کیا۔ کسی نے کہا کہ ہم نے کتے نہیں اٹھائے، کسی نے فون ہی نہیں اٹھایا۔ بالآخر رات تقریباً ڈیڑھ بجے سی ڈی اے کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر سے رابطہ ہوا۔ میں نے اپنا تعارف کروایا اور درخواست کی کہ ان کتوں کے بارے میں بتایا جائے کہ انہیں کہاں منتقل کیا گیا ہے اور انہیں واپس کیا جائے۔ انہوں نے صبح دفتر آنے کا کہا۔اور فون بند کر دیا۔
صبح ہوئی تو ہمیں بار بار مختلف مقامات پر بلایا جاتا رہا۔ کبھی ایک دفتر، کبھی دوسری جگہ، کبھی کہا گیا یہاں آ جائیں، کبھی وہاں۔ ایک ڈپٹی ڈائریکٹر نے تقریباً چار مرتبہ ملاقات کی جگہ تبدیل کی۔ میری دوست ایک دفتر سے دوسرے دفتر جاتے رہی لیکن کسی نے واضح طور پر نہیں بتایا کہ کتے کہاں ہیں اور کس حالت میں ہیں۔
H-9 قبرستان کے قریب سی سی ڈی اے کے دفتر میں ایک اور خاتون ملیں۔ ان کے کتے بھی رات کو اٹھا لیے گئے تھے۔ پھر ایف الیون سے ایک اور خاتون اپنے کتوں کی تلاش میں وہاں پہنچیں۔ یوں تین خواتین اپنے اپنے جانوروں کی تلاش میں سارا دن سرکاری دفاتر کے چکر کاٹتی رہیں۔ تینوں کے چہروں پر پریشانی، آنکھوں میں آنسو اور دل میں ایک ہی سوال تھا،ہمارے جانور کہاں ہیں؟ کیا وہ زندہ اور محفوظ ہیں؟
اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات یہ سامنے آئی کہ ڈرائیوروں کی جانب سے مبینہ طور پر فی کتا 20 سے 25 ہزار روپے مانگے جانے کی شکایات سامنے آئیں۔ مبینہ طور پر یہ بھی کہا گیا کہ آپ لوگ این جی اوز سے ڈالر لیتے ہیں، اس لیے ہمیں بھی حصہ دیں۔ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ یہ الزامات ہیں جن کی باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہییں۔ اگر کسی سرکاری اہلکار نے جانور واپس کرنے کے عوض شہری سے رقم طلب کی ہے تو یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا شہریوں کی اپنے جانوروں سے محبت اور ان کی دیکھ بھال بھی اب کسی کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گئی ہے؟
ایک طرف سی ڈی اے کے اہلکاروں کی جانب سے ہمیں واضح معلومات نہیں دی جا رہیں، دوسری طرف جانوروں کو اٹھانے اور ان کی واپسی کے طریقہ کار پر بھی سوالات ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے کبھی یہ کہا گیا کہ کتوں کو کسی جگہ چھوڑ دیا گیا ہے اور انہیں مارا نہیں گیا، مگر جب ہم نے پوچھا کہ انہیں کہاں چھوڑا گیا ہے تو کوئی واضح جواب نہیں ملا۔ اگر جانور محفوظ ہیں تو ان کے مقام، حالت اور منتقلی کا ریکارڈ سامنے لانے میں کیا مسئلہ ہے؟
یہاں میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے عدالتی احکامات کا حوالہ دینا چاہتی ہوں، کیونکہ یہ معاملہ محض جذبات کا نہیں بلکہ قانون، شہریوں کے حقوق اور سرکاری اداروں کی جواب دہی کا بھی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپریل 2026 میں آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے سے متعلق تفصیلی فیصلے میں واضح ہدایات جاری کیں۔ عدالت نے کتوں کو زہر دینے، گولی مارنے یا بلاجواز اور غیر انسانی طریقے سے مارنے کی کارروائیوں سے منع کیا اور حکام کو حکم دیا کہ وہ اسلام آباد کی Stray Dog Population Control Policy پر سختی سے عمل کریں۔ عدالت نے Catch, Neuter, Vaccinate and Release یعنی کتوں کو انسانی طریقے سے پکڑنے، ان کی نس بندی اور ویکسینیشن کرنے اور پھر انہیں مناسب علاقوں میں واپس چھوڑنے کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ پکڑے جانے والے، ویکسینیٹڈ، نیوٹر کیے جانے والے، واپس چھوڑے جانے، پناہ گاہوں میں رکھے جانے یا کسی قانونی وجہ سے ہلاک کیے جانے والے ہر کتے کا مکمل اور قابلِ تصدیق ریکارڈ رکھا جائے۔ اس کے ساتھ ویٹرنری سرٹیفکیٹ، تاریخ، مقام اور کارروائی کی وجہ بھی درج ہو۔ صحت مند، ویکسینیٹڈ، 8کالر پہنے ہوئے یا دودھ پلانے والی مادہ کتوں کو ان کے علاقے سے صرف قانونی اور ریکارڈ شدہ وجہ کے تحت ہی منتقل کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی جانور کو موت کے گھاٹ اتارنے کا فیصلہ صرف مستند ویٹرنری ڈاکٹر کی تصدیق اور انسانی طبی اصولوں کے مطابق کیا جا سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو 60 روز میں عمل درآمد کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔
اب 19 نومبر 2026 کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست کی سماعت ہوئی۔ یہ درخواست وکیل سجاد بلوچ نے دائر کی تھی، جس میں اسلامیہ یونیورسٹی کے طالب علم کی آوارہ کتے کے کاٹنے کے بعد موت اور اسلام آباد میں کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے اقدامات کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے کتوں کو رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات سے ہٹا کر مخصوص پناہ گاہوں میں منتقل کرنے، ویکسینیشن اور نس بندی کے مستقل پروگرام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
جسٹس ایاز شوکت نے یہ درخواست چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجوا دی اور انہیں ہدایت کی کہ درخواست گزار کا مؤقف سن کر اس پر فیصلہ کریں۔ اس حکم کو کتوں کو مارنے کی اجازت یا عدالت کی جانب سے بڑے پیمانے پر کتوں کو تلف کرنے کا حکم قرار نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے انتظامی حکام کو معاملہ سننے اور اس پر فیصلہ کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ جب عدالت پہلے ہی انسانی اور سائنسی طریقہ کار، شفاف ریکارڈ، ویکسینیشن، نس بندی اور بلاجواز قتل کی ممانعت سے متعلق واضح ہدایات دے چکی ہے تو سی ڈی اے کی موجودہ کارروائیوں کی بنیاد کیا ہے؟ کیا اٹھائے جانے والے کتوں کا ریکارڈ موجود ہے؟ کیا ان کی ویکسینیشن اور نس بندی کی تفصیلات محفوظ ہیں؟ کیا انہیں کسی پناہ گاہ میں منتقل کیا گیا؟ اگر انہیں کہیں چھوڑا گیا ہے تو کہاں؟ اور اگر کسی کتے کو مارا گیا ہے تو کیا اس کے لیے مستند ویٹرنری ڈاکٹر کی تحریری تصدیق موجود ہے؟
عدالت نے شفافیت اور جواب دہی کا تقاضا کیا ہے۔ ایسے میں ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو واضح جواب دے، نہ کہ انہیں ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگوائے۔ اگر عدالت کے سامنے بھی ان معاملات پر سوالات اٹھ رہے ہیں تو کیا سی ڈی اے کو اپنے ہر قدم کا ریکارڈ عوام کے سامنے نہیں رکھنا چاہیے؟
حال ہی میں ایک نیوز چینل کے ایک خبربمیں وفاقی حکومت کی جانب سے اداروں میں مبینہ بدعنوانی سے متعلق انکوائری کا ذکر بھی میری نظر سے گزرا، جس میں سی ڈی اے کو تیسرے نمبر پر بتایا گیا تھا۔ اس خبر میں دی گئی درجہ بندی کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے، لیکن اس نے میرے ذہن میں ایک اور سوال پیدا کیا،اگر نچلے درجے کے اہلکاروں کی سطح پر شہریوں سے فی کتا ہزاروں روپے مانگنے جیسے الزامات سامنے آ رہے ہیں تو ادارے کا نگرانی اور احتساب کا نظام کہاں ہے؟ کیا ان شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوں گی؟ کیا سی ڈی اے اس معاملے پر اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھے گا؟
میں خود بھی اس تکلیف سے گزر چکی ہوں۔ اپنے علاقے میں تقریباً 12 سے 15 کتوں کو کھانا کھلاتی تھی۔ اپنے ہاتھوں سے ان کے لیے کھانا تیار کرتی، وہ اپنے وقت پر آتے اور میں ان کی دیکھ بھال کرتی تھی۔ میں نے ان کی ویکسینیشن اور نیوٹرائزیشن کے لیے بھی کوشش کی، لیکن ایک دن سی ڈی اے انہیں اٹھا کر لے گیا۔ میں نے فون کیے، درخواستیں کیں، مگر میری بات سننے والا کوئی نہیں تھا۔ آج اپنی دوست کو اسی اذیت سے گزرتے دیکھ کر مجھے وہ تمام دن یاد آ گئے۔ اس کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر مجھے یوں محسوس ہوا جیسے کوئی میرے اپنے جانوروں کو دوبارہ مجھ سے چھین رہا ہو۔
میں یہ بھی تسلیم کرتی ہوں کہ انسانوں کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔ اسلامی یونیورسٹی کے طالب علم کی موت ایک المناک واقعہ ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام، ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین کی دستیابی، شہریوں کی حفاظت اور خطرناک یا بیمار جانوروں کے لیے فوری طبی اقدامات ریاست کی ذمہ داری ہیں۔ لیکن کیا اس مسئلے کا حل ہزاروں بےقصور جانوروں کو مار دینا ہے؟ کیا ایک کتے کے کاٹنے کی سزا ان تمام کتوں کو دی جا سکتی ہے جو نہ کسی کو نقصان پہنچاتے ہیں، نہ کسی کے لیے خطرہ ہیں؟
کیا یہ جانور ہمارے ماحولیاتی نظام کا حصہ نہیں؟ کیا ان کا اس زمین پر جینے کا کوئی حق نہیں؟ اگر کسی جانور سے خطرہ ہے تو اس کے لیے سائنسی اور انسانی طریقہ کار موجود ہونا چاہیے۔ انسانوں کی حفاظت اور جانوروں کی زندگی ایک دوسرے کی ضد نہیں؛ درست انتظام، ویکسینیشن، نس بندی، کچرے کے بہتر نظام اور ذمہ دارانہ نگرانی کے ذریعے دونوں مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
میں سی ڈی اے کے چیئرمین، متعلقہ ڈائریکٹرز، اسلام آباد انتظامیہ اور ذمہ دار حکام سے پوچھنا چاہتی ہوں:
- حالیہ کارروائیوں میں اٹھائے گئے کتوں کو کہاں منتقل کیا گیا اور وہ کس حالت میں ہیں؟
- کیا ان تمام جانوروں کا مکمل ریکارڈ اور ویٹرنری تفصیلات موجود ہیں؟
- صحت مند، ویکسینیٹڈ اور نیوٹر کیے گئے کتوں کو اٹھانے کی قانونی وجہ کیا تھی؟
- کیا مبینہ طور پر رقم مانگنے کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں گی؟
- شہریوں کو پورا دن دفاتر 0کے چکر لگوانے اور جانوروں کے بارے میں معلومات نہ دینے کا ذمہ دار کون ہے؟
- اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر عمل درآمد اور 60 روزہ رپورٹ کی کیا صورتحال ہے؟
- 19 نومبر کے عدالتی حکم کے بعد سی ڈی اے اور چیف کمشنر درخواست گزار کا مؤقف سن کر کیا فیصلہ کریں گے؟
میں آج بہت اداس ہوں۔ رات بھر جاگنے، دن بھر دفاتر کے چکر لگانے اور مسلسل کوششوں کے باوجود ہم ان خواتین کو ان کے جانور واپس نہیں دلا سکے۔ لیکن میں خاموش نہیں رہ سکتی۔ یہ صرف دو کتوں یا تین خواتین کا معاملہ نہیں؛ یہ ہمارے معاشرے کے ضمیر، ہمارے اداروں کی جواب دہی اور قانون کی عمل داری کا سوال ہے۔
خدارا! انسانوں کی حفاظت کے نام پر انسانیت کو مت ماریے۔ ایک کتے سے خوفزدہ انسان کی حفاظت ضرور کیجیے، لیکن اس خوف کو ہزاروں بےقصور جانوروں کی موت کا جواز مت بنائیے۔
یہ جانور بول نہیں سکتے، اپنے حق میں درخواست نہیں دے سکتے، سرکاری دفاتر کے چکر نہیں کاٹ سکتے۔ ان کے لیے آواز اٹھانا ہم انسانوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
آخر میں میرا سوال صرف سی ڈی اے سے نہیں، ہم سب سے ہے،
کیا اس زمین پر جینے کا حق صرف انسانوں کا ہے؟ کیا ایک بےزبان جانور کو صرف اس لیے موت کے گھاٹ اتار دینا درست ہے کہ وہ انسانوں کے درمیان رہتا ہے؟ کیا یہی ہماری تہذیب اور یہی ہماری انسانیت ہے؟
مجھے ان سوالات کے جواب چاہییں۔
مزید پڑھیں



