جمعرات، 29 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے قونصل جنرل کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال


کراچی:وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور چین کے قونصل جنرل فینگ ڈیہینگ نے ملاقات میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، جدید ٹیکنالوجی، زراعت، شہری سلامتی اور سندھ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلی ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں خصوصی طور پر ان حکومتی معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، جن پر وزیراعلی سندھ کے حالیہ دور چین کے دوران سندھ حکومت نے چینی کمپنیوں کے ساتھ دستخط کیے تھے۔ ملاقات میں وزیراعلی کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید اور پرنسپل سیکریٹری آغا واصف نے بھی شرکت کی۔

چین کے قونصل جنرل نے شنگھائی سرمایہ کاری کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلی سندھ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں 400 سرمایہ کاروں کی شرکت سندھ حکومت پر ان کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے ہواوے کے ساتھ مذاکرات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔


انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے، کیونکہ کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے جدید سیکیورٹی نظام ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے حالیہ دور چین کے دوران انہوں نے ہواوے کا سیف سٹی نظام بھی دیکھا تھا۔ سندھ حکومت کا مقصد کراچی میں سیکیورٹی اور نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ترین سیف سٹی نظام قائم کرنا ہے، جس میں ایک جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی شامل ہوگا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ میں سورج مکھی اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے چینی ٹیکنالوجی کے حصول پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ صوبائی حکومت زرعی پیداوار بہتر بنانے اور شعب زراعت کی ترقی کے لیے چین کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بات کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت موسمِ سرما کے دوران سکھر بیراج کے باقی ماندہ گیٹس نصب کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سکھر بیراج اور اس سے نکلنے والی نہروں کے لیے 100 گیٹس کی تنصیب کا کام تیز کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔


انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے سلسلے میں اپنے دور چین کے دوران وہ بیراج کے گیٹس تیار کرنے والی ایک کمپنی کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ چین کے شہر ییچانگ کے ساتھ سکھر کے سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ ییچانگ کا تعلق تھری گورجز کے علاقے سے ہے۔انہوں نے زرعی اور صنعتی مرکز کی حیثیت سے سکھر کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں تین جامعات، صحت کی اہم سہولیات اور ایک بڑا صنعتی علاقہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سسٹر سٹی معاہدے سے دونوں شہروں کی جامعات، اسپتالوں اور دیگر اداروں کے درمیان تعاون کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے علم اور تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کی راہ ہموار ہوگی۔


وزیراعلی سندھ اور چین کے قونصل جنرل نے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے اور معاہدوں پر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ورکنگ گروپس کی تشکیل سے مثر رابطہ کاری یقینی بنانے اور ملاقات میں زیرِ بحث مختلف اقدامات پر پیش رفت تیز کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعلی سندھ نے اپنے دور چین کو کامیاب بنانے میں تعاون پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اور اپنے وفد کے لیے کی جانے والی میزبانی کو سراہا۔


ملاقات میں سندھ حکومت اور چینی فریق نے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، زراعت، شہری سلامتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔