پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

واٹس ایپ صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی، سائبر ایمرجنسی ٹیم کی فوری اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت


نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کے صارفین کو سیکیورٹی سے متعلق خطرناک خامیوں سے خبردار کرتے ہوئے فوری طور پر ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

کابینہ ڈویژن کے تحت کام کرنے والی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کی سیکیورٹی خامیاں اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز اور میک ڈیسک ٹاپ ورژنز کو متاثر کرسکتی ہیں۔

ایڈوائزری کے مطابق جعلی آرڈر ڈیٹیلز پر مشتمل پیغام کے ذریعے صارفین کی ڈیوائس سے مقامی فائلیں ڈیلیٹ اور چیٹ ڈیٹابیس کی معلومات لیک ہونے کا خدشہ ہے۔

ایک سیکیورٹی خامی میٹا اے آئی کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق سے متعلق ہے، جبکہ دوسری خامی کے ذریعے حملہ آور صارف کی ڈیوائس کا آئی پی ایڈریس معلوم کرسکتا ہے۔ اس خامی کو اسپیم پیغامات کے ذریعے بھی استعمال کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ بعض خامیوں کے ذریعے حملہ آور کی جانب سے بھیجا گیا میڈیا یا یو آر ایل صارف کی ڈیوائس پر چل سکتا ہے، جبکہ واٹس ایپ کے ونڈوز ورژن میں نقصان دہ فائل عام دستاویز کی طرح دکھائی دے کر چلائی جاسکتی ہے۔ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ واٹس ایپ صرف آفیشل ایپ اسٹور سے فوری اپ ڈیٹ کریں اور غیر سرکاری یا موڈیفائیڈ ورژنز استعمال نہ کریں۔

صارفین کو نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجے گئے آرڈر ڈیٹیلز کے پیغامات، اشتہاری پیغامات اور کلک ٹو واٹس ایپ لنکس پر کلک کرنے سے گریز کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ بند رکھنے اور مشکوک اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے ساتھ رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

نامعلوم افراد کے آرڈر ڈیٹیلز میسجز پر کلک نہ کرنے، اشتہاری اور کلک ٹو واٹس ایپ میسجزپر کلک نہ کرنے، میڈیا آٹو ڈاؤن لوڈ بند رکھنے، مشکوک اکاؤنٹس کو بلاک اور رپورٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔