پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

میکے کا سفر ، تحریر: یوحنا جان

نقطہ نظر

یوں تو ہر ایک سفر اپنی نوعیت کا انوکھا اور تاثیر سے بھرپور ہوتا ہے۔ سفر کرنے والا اپنی نگہداشت اور احساس کی کوکھ سے اُبھرنے والے جادوئی روپ کو فن کا لبادہ دے کر فطرت کی دہلیز پر قدم رکھتا ہے۔ جس سے بصیرت کی گہرائی تعاقب کیے دائیں بائیں بقلم خود باتیں کرتی ہوئی شناخت دیتی ہے۔ جو تعلق کی استواری، اہل محبت کی پرکھ اور تخلیقی ان مٹ نقوش کو روح کی تاثیر تک لے جاتے ہیں۔

یہی تاثیر جب اولاد بیاہی جائے تو میکے جاتے وقت لاتعداد خواہشات کی گٹھڑی کو محبت کے ترازو میں تولے بغیر بھائی بہن کی صحبت، ماں کی گود، باپ کے دست شفقت، اہل علم کے احترام،دوستوں کے یارانے،ماضی کی یادوں میں چھپے خزانے اور بھائی کے ساتھ شرارتوں میں لامتناہی اُنس میں بدلتے رنگوں میں یک بار ادب کا بیج بکھیرتا ہوا پاتا ہے۔ پھر وہ شغل،باپ کی ڈانٹ،ماں کی اُلفت سب ایک ہی بار جھولی میں آ کر اس درخت سے جڑی ہر ٹہنی،پتے،پھول اور پھل کے روپ میں نظر آتی ہے۔ کہیں روتے ہوئے بھی وہ اقتباس کے سیاق و سباق کی طرح لفظوں کےمفہوم کو گہری بصیرت سے مسکراہٹ کا جادو دے کر سمجھاتا ہے۔

لاہور کے شہر سے کوٹ لکھپت ریلوئے اسٹیشن پر ان طویل خیالات اور درخت سے جڑی ہر اُس شاخ پر بیٹھے پرندے کی آس لیے اکادمی ادیبات اسلام آباد روانہ ہوا جنوری کے ٹھنڈے دن مگر باطن میں بھائی،بہن،ماں،باپ اور دوستوں کی وہ محفل جو لمحہ بہ لمحہ ملنے کے لیے گرمی جوشی سے ہاتھ ملائے باربار سردی کو آگ کی تپش میں بدلے جا رہی تھی۔ تین گھنٹے کا طویل انتظار جعفر ایکسپریس جو صبح ساڑھے دس بجے آئی۔ ڈبہ نمبردس اور برتھ نمبر چودہ۔ ایک طویل انتظار مگر پھر بھی جذبہ اپنی جگہ کیوں کہ اندر سے ایک ہی آواز میکے کا زمانہ اور دوستوں کی محفل۔

جہاں فکر کہ بالیدگی،قابل فہم قلم دوست، والدین کا پیار، لسانی تفریق کے امتیاز کے بغیر ایک نئ دنیا کو امن کا گہوراہ دینے کےلیے انتظار۔

جب والدین کو معلوم ہو کہ ان کے اولاد شادی کے بعد ان کے ہاں آ رہی تو مسرت کی لہر نہیں کئی لہروں کو جنم دےکر آس پڑوس میں خبر کی طرح گونجتی ہے۔ پھر باربار کال کرکے پوچھنا کہ کہاں تک آئے ہو تو وہ اُمید کا چراغ خود ممتا کی آواز بن کر حوصلہ مندی کو خیر خواہ بن جاتا ہے۔

ابھی جہلم ہی پہنچا تھا کہ گروپ میں ڈاکٹر بی بی امینہ کا پیغام آیا کہ کہاں تک پہنچ گئے اور کون کون آ گیاہے۔ یہ اقامتی منصوبہ اکادمی ادیبات کا تمام بکھرے ہووں کا یکجا کرنا مقصود تھا۔ میرے نزدیک یہ وہی جو شادی کے بعد تمام اولاد بیاہی جائےتو ایک دن تمام کواکٹھا کیا تاکہ زندگی کے بیتےلمحات کو پھر یاد کیا جاسکے۔ کہیں کوئی دیر نہ ہو جائے۔ کوئی پشاور بیاہے جانے کے بعد، کوئی سندھ، کوئی پنجاب، کوئی بلوچستان اور کچھ گلگت بلتستان و آزاد کشمیر سے آ رہا ہے۔ سب کے من خوشی سے اُچھل کود کر زندگی کے فن کو لیے دور دراز علاقوں سے ایک جگہ جمع ہو رہے۔جس جگہ قلم دوات، تختی،سلیٹ اور کاپی پنسل کا ہنر پایا جاتا رہا۔ آج بھی کسی امتیاز کے بغیر یہ عمل جاری۔جب بیاہ کے بعد اولاد مع بلند پایہ خیالات آئیں تو بزرگوں کی دنیا الگ ہوتی ہے۔ کوئی لوری،کہانی،نصیحت،گپ شپ اور کوئی اپنے یارانے پُرانے یاد کرکے تعلق کی استواری بیان کررہا پایا۔

یہی انداز میکے میں ایک میلے کا سماں، جس کو دوسرے بھی محظوظ کرنے آرہے ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر بی بی امینہ کی پیغام رسانی کام آ گئی حوصلہ بلند ہوا۔ خدا خدا کرتے ریل کار روالپنڈی کے اسٹیشن پر بوقت سات بجے جا رُکی۔ وہاں سے کار لی اور اکادمی ادبیات پطرس بخاری روڈ پر جا پہنچا۔ جہاں وہی منظر جو میکے کے گھر داخل ہوتے وقت آو بھگت،جی آیاں،خوش آمدید ہوتا ہے۔ ہر طرف سے جی آیاں ویلکم، سامان کا بیگ پکڑا اور کمرے میں۔ پہلا کام ہی کھانے سے ہوا۔ جہاں رفاقت،نسبت،لذیز کھانوں میں خوشبو کے سنگ آ رہی۔ تعارف ہوا کیسے آئے، راستے میں کوئی پریشانی تو نہیں آئی۔کھانا کھایا اور گپ شپ۔ یہ گپ بھی خوب اور شپ بھی پر رات گئے تک۔

جب اخلاقیات کی زینت،تربیت سے مہکتی سیرت اور انداز کی گہری بصیرت ربط کی کڑی کو تقویت دیتی ملےتو زندگی میں ہوئے زخم پر ادب مریم پٹی کا فریضہ سرانجام دیتا ہے۔ ادھر سے رفاقت نئے معانی جنم دے کر تخلیق کی کوکھ سے قلم کا آئینہ زبان کے بہاو میں تکنیک کا اثر اور ریاضت کے ذریعے زندہ رہنے کو فن مہیا کرتا ہے۔

زندہ اور زندگی کا باہم جوڑ رفاقت،ضیافت،اشتراکیت،سیرت اور محبت کی کیفیت کو کبھی ختم نہیں ہونے دیتا۔ ان سب کو تحقیق کی نگاہ سے ڈاکٹر نجیبہ عارف کا تجربہ باربار آواز دے کر تنقید کے لبادہ میں ماں کی لوری کی آواز کانوں کی سماعت تک پہنچاتا رہا۔ جو بچپن کی امیری میں بے گناہ ہونے کا احساس دلاتا گیا۔ ان دس روزہ قیام کے دوران، صرف قیام و طعام نہیں ادبی اتفاق،بچگانہ دور کی یاد،مکان کچے اور ایمان پکا ہونے کا سبق پڑھایا جانے لگا۔ ایمان،اُمید اور بھروسا کاملیت کا درس پہلے مدرس کے لبوں سے نکل کر کردار سے بیان کرتا ہے کہ جب انگلیوں کے ناخن بڑھ جاتے ہیں تو ناخن کاٹے جاتے ہیں اُنگلی نہیں،اسی طرح رشتوں میں کوئی ایسی خلش پیدا ہو تو خلش ختم کی جاتی ہے تعلق نہیں۔

تعلق کی اُستوری میں اہم پیش رفت یہ اکادمی کا عمل اہم سنگ میل شراکت داری کو فروغ دینے میں عمل کرتا ملا، بالکل ویسا ہی جیسا بیاہے جانے کے عزیز و اقارب، دوست احباب گھر بُلا کر اپنے ہونے کا فن ضیافت و مہمان نوازی سے کرتے ہیں۔اسی کی کڑی معروف قلم کاروں کے گھروں میں جڑی ملی۔جن میں فرح یار صاحب،حمید شاہد صاحب،اظہار الحق صاحب،قیصرہ علوی صاحبہ،محترمہ نعیم فاطمہ علوی صاحبہ کے دروازے شادی کے واپس بچوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے بے تاب کھڑے ہونے کا سماں دے رہے ہیں۔

اس منظر میں ادب کی روح، اُلفت کی خوشبو،مسکراہٹ کا لہجہ، تعظیم کا عقیدہ، امن کی فضا اور سالوں سے بچھڑنے کے بعد ملنے کا سبب جو خوشی کے آنسووں میں زبان محبت کو زور زور سے پُکار رہے تھے۔ وہی ماں کی گود والا دیار جہاں بغیر کسی دوائی کے علاج ممکن تھا۔ دوری ہونے کے باوجود یگانگت نے محسوس نہیں ہونے دی۔ اس اتحاد میں میں احساس کا ولولہ تہذیب سے جڑے رشتوں کو تقویت میں تن من دھن کا جادو لگا دینے سرگرم رہا۔

اس کے سرگرمِ عمل میں بچوں کی خوشیاں اول دستہ اور خواب پورے کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جاتی۔ جب اولاد اپنے بڑوں کے ہاں آئے تو بغیر سُنے بڑے سمجھ جاتے ہیں۔ سیروتفریح بچپن کی یاد کا فلسفہ لیے یادوں کے بیش بہا پنڈورا بکس کو کھول کر رکھ کر قہقہے کا لہجہ، ضدی ہونے کی دلیل اور رو رو کر بچگانہ لمحات کو یاد کروائے جاتا ہے۔ پر اب کیا کریں رو کر کہا نہیں جاتا، ضدی بنا نہیں جاتا۔ اپنی خواہشات کی تکمیل ماں باپ کے پیسوں سے ہی ہوتی ہے۔ اپنے پیسوں سے تو ضرورتیں ہی جنم لے کر بے بس کروا دیتیں ہیں۔ اس نہ بیان کہانی میں ڈاکٹر نجیبہ عارف کا میکے میں آنے کا بیان بچپن کی یادوں میں لے گیا۔ سیروتفریح کے لیے اہتمام،گپ شپ عام اور کھانے پینے کے لیے جام۔ جہاں آباد بچپن کا لمحہ یوں آیا جیسے کھویا ہوا زمانہ واپس آ گیا۔ دوستوں کے گھروں میں تعارف، ملاقاتیں، طرح طرح کے پکوان، روٹی، سالن اور نان مع مٹھاس کے دسترخوان۔

سر پر دست شفقت، دست پدری،دعاوں کی بھرمار ایک دو نہیں لاتعداد مسکراہٹ کا وجدان۔

واہ رے بچپن! تو پھر سے لوٹ کر آ گیا۔ تو کہاں چلا گیا۔ میں تو تلاش کرکے تھک گیا پر میرے کہنے پر نہ آیا۔ تو نے بڑوں کا ادب کیا، ان کی لاج رکھی، تیری دوستی کافی ان سے گہری ہے۔ ان کے کہنے پر تو فوراً آیا پر پھر جانے کب ملاقات ہو؟

اب تو بڑوں کا خیال رکھنا، جانے کے بعد لاج رکھنا، کوئی بات ہو تو ضرور دیکھنا۔ کہیں وقت کا مسئلہ، کبھی خواہشات کا بکھرنا۔ کم از کم ان بڑوں کی خیر کرنا، میرا بچپن میرے ساتھ رہنا۔

کہیں شرارت کی بکھری مسکراہٹ، کبھی بڑوں کے سایہ بیٹھ کر کہانی سُننا، دادی، نانی، بڑے ابا جی کی ادبی صحبت اور مع دادا کی سنگت۔ سب نے مل کر بچپن کی یادوں کو ایک جگہ یکجا کر دیا۔ ان یادوں کے راز کو اب کیا نام دوں جو ادب، تخلیق،تنقید،محفل،رمز، کنایہ، پیرائیہ،لفظ، اسلوب سب کے سب بچپن کی تخلیقی جہت میں لے گئے۔ ان دس دنوں نے پچھلی دس دہائیوں کے آئینہ میں روشنی کی چمک، پیار کی دمک اور اُمید کی رمک کو نئے سرے سے بیدار کیا۔ وہ لوری اور کہانی اپنی ہی زبانی بیان کرنا مشکل لگ رہا جب جنوری کی پچیس تاریخ کو الودعی نگاہوں سے سب کو دیکھ کر بول تو نہیں رہے تھے ہر اندر ہی اندر چیخ چیخ کر آواز دے رہے تھے میرا بچپن لوٹا دو، اے وقتِ حاکم میرا بچپن لوٹا دو۔