منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دنیا کی 178 بڑی کمپنیوں پر سائبر حملہ، صارفین کی رقم اور کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات ہیکرز کے نشانے پر


ویب سائٹس کی ٹیسٹنگ کے لیے استعمال ہونے والے پلیٹ فارم آپٹیمائزلی کی ایک کمزوری سے فائدہ اٹھا کر ہیکر نے 178 بڑے اداروں کی ویب سائٹس پر ایسا کوڈ چلا دیا جو کرپٹو والٹ کے پتے بدلتا، کارڈ کی تفصیلات چراتا اور پرانے آئی فونز پر حملے کی کوشش کرتا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ خامی دور کر دی گئی ہے۔

دنیا کی کئی بڑی اور سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائٹس پیر کے روز اپنے ہی وزیٹرز کے لیے خطرہ بن گئیں۔ سی این این، بی بی سی، زوم، سیلز فورس، گٹ لیب، آئیکیا اور بینکاری ادارے ایچ ایس بی سی سمیت کم از کم 178 اداروں کی ویب سائٹس پر ایک ایسا خفیہ کوڈ چلتا رہا جو صارفین کے کرپٹو والٹ کے پتے بدلنے، کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات چرانے اور پرانے آئی فونز میں گھسنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ حملہ براہِ راست ان اداروں پر نہیں بلکہ ایک ایسی کمپنی کے ذریعے کیا گیا جس کی سروس یہ سب استعمال کرتے ہیں۔ امریکی کمپنی آپٹیمائزلی ویب سائٹس کو مختلف ڈیزائن اور فیچرز آزمانے کی سہولت دیتی ہے، اور اس کے لیے ہر ویب سائٹ پر اس کا ایک چھوٹا سا جاوا اسکرپٹ کوڈ چلتا ہے۔ ہیکر نے اسی کوڈ میں اپنا حصہ شامل کر دیا، یوں جو بھی شخص ان ویب سائٹس پر گیا، اس کے براؤزر میں یہ نقصان دہ کوڈ بھی چل گیا۔

حملہ کیسے پکڑا گیا؟

اس حملے کا سراغ برطانوی کمپنی رپورٹ یو آر آئی کے سربراہ اور سکیورٹی ماہر اسکاٹ ہیلم نے لگایا، جن کی کمپنی ویب سائٹس پر چلنے والے بیرونی کوڈ کی نگرانی کرتی ہے۔ ان کی ٹیم نے آپٹیمائزلی کے 1,611 کوڈ فائلوں کا جائزہ لیا اور ان میں سے 188 میں یہ خفیہ کوڈ ملا، جو 178 مختلف اداروں سے تعلق رکھتی تھیں۔


ان کے مطابق اصل تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔متاثرہ فہرست میں فاکس نیوز، ایئر فرانس کے ایل ایم، ایکوئی فیکس، کرپٹو والٹ بنانے والی کمپنی لیجر اور اسٹریمنگ سروس پیکاک بھی شامل ہیں۔


حیران کن بات یہ ہے کہ خود آپٹیمائزلی کی مرکزی ویب سائٹ اور لاگ اِن صفحے پر بھی یہی کوڈ موجود تھا۔ بعض محققین نے اس مہم کو آپٹم جیک کا نام دیا ہے۔


تحقیقات کے مطابق پہلا حملہ پیر کی صبح پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً سوا نو بجے بی بی سی کی فائل میں دیکھا گیا۔

رات گئے بڑے پیمانے پر صفائی شروع ہوئی اور کچھ ہی دیر میں 188 میں سے صرف ایک فائل میں یہ کوڈ باقی رہ گیا تھا۔