جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

دھوکہ ایک قرض، تحریر:گلشن انصاری

نقطہ نظر

رات کے بارہ بج چکے تھے باہر رم جھم بارش ہو رہی تھی جس کی بوندیں شیشے کی کھڑکی پر سرگوشی جیسی آوازیں پیدا کر رہی تھیں کمرے میں صرف لیپ ٹاپ کی نیلی روشنی تھی جو دانیال کے چہرے پر پڑ رہی تھی دانیال کی آنکھیں سرخ تھیں مگر چہرے پر ایک عجیب سا پرسکون اور بظاہر بے پروا تاثر تھا اس کے ہاتھ کی بورڈ پر بڑی تیزی سے چل رہے تھے

اس کی سکرین پر ایک چیٹ ونڈو کھلی ہوئی تھی دوسری طرف زینب نام کی ایک خاتون تھی جو پچھلے کئی ہفتوں سے اس کی مجازی دنیا کا حصہ تھی دانیال نے بڑی مہارت سے پچھلے کچھ دنوں میں زینب کا اعتماد جیتا تھا اس نے زینب کی چھوٹی چھوٹی باتوں کو یاد رکھا اس کے دکھ درد میں شریک ہوا اسے یہ یقین دلایا کہ اس دنیا میں اگر کوئی ایک انسان بھی ہے جو اسے سمجھ سکتا ہے تو وہ صرف دانیال ہے

زینب نے اس وقت لکھا تھا دانیال میں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی اجنبی پر اتنا بھروسہ نہیں کیا تم بالکل الگ ہو مجھے لگتا ہے کہ میں تمہیں سالوں سے جانتی ہوں

دانیال نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ جواب ٹائپ کیا بھروسہ بہت قیمتی چیز ہے زینب اور یہ ہر کسی کو نہیں ملتا بس تم میرے ساتھ رہو تمہیں کبھی تنہائی محسوس نہیں ہوگی

یہ جملہ لکھتے ہی دانیال کے دل کے کسی کونے میں ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوا اس کے ذہن کی سکرین پر پانچ سال پرانا وہ منظر پھر سے گھومنے لگا جب اس کی بیوی عائشہ ایک دن اچانک بغیر کسی وجہ اور بغیر کسی جھگڑے کے گھر کا سامان اور اپنے کپڑے سمیٹ کر چلی گئی تھی دانیال نے اس کے قدموں میں گرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی اس نے ہاتھ جوڑے تھے اور پوچھا تھا کہ میرا قصور کیا ہے کم از کم مجھے اتنی سزا تو نہ دو کہ میں اندھیرے میں جیوں مگر عائشہ نے پلٹ کر نہیں دیکھا تھا جاتے جاتے اس نے بس اتنا کہا تھا کہ کوئی وجہ نہیں ہے بس دل بھر گیا ہے اب میں تمہارے ساتھ نہیں رہنا چاہتی

بغیر وجہ کا چھوڑ جانا دانیال کے اندر ایک ایسا ناسور چھوڑ گیا تھا جو وقت کے ساتھ بھرنے کے بجائے مزید گہرا ہوتا گیا پہلے پہل وہ ڈپریشن میں رہا پھر غصے میں اور پھر جب درد کی انتہا ہو گئی تو اس کے اندر انتقام کی ایک سرد آگ بھڑک اٹھی وہ سمجھ گیا تھا کہ دنیا میں احساس اور جذبات کی کوئی قیمت نہیں جب کوئی شخص آپ کو بغیر کسی قصور کے اس مقام پر لا کھڑا کرتا ہے جہاں زمین پاؤں تلے سے کھسک جاتی ہے تو انسان کے پاس دو ہی راستے ہوتے ہیں یا تو وہ خود کو ختم کر لے یا پھر وہ بھی اسی ظالم نظام کا حصہ بن جائے دانیال نے دوسرا راستہ چنا

اس نے روز کا معمول بنا لیا تھا ہر رات وہ الگ الگ چیٹ رومز اور سوشل میڈیا پیجز پر جاتا نئی عورتوں سے دوستی کرتا ان کی تعریف کرتا انہیں یہ یقین دلاتا کہ وہ اس کے لیے کتنی خاص ہیں وہ ان کی روح میں اتر جاتا انہیں مکمل سکون دیتا اور جب وہ عورتیں اپنا پیار اپنے راز اور اپنا پورا بھروسہ دانیال کے حوالے کر دیتیں تو بالکل اسی لمحے دانیال ایک کراری چوٹ کرتا

پچھلے چھ مہینوں سے وہ کم از کم درجن بھر عورتوں کے ساتھ یہ کھیل کھیل چکا تھا کسی کو وہ کہتا کہ تم مجھ پر شک کرتی ہو کسی کو کہتا تمہاری سوچ مجھ سے نہیں ملتی اور کسی کو بالکل ویسے ہی جیسے اس کی بیوی نے کہا تھا کوئی وجہ نہیں ہے بس اب میرا دل تم سے اچاٹ ہو گیا ہے الوداع

جب وہ ان عورتوں کو رلاتا ان کی بے بسی دیکھتا تو اس کے اندر بیٹھا ہوا زخمی شوہر ایک عجیب سی تسلی محسوس کرتا اسے لگتا کہ کائنات کا توازن اب کچھ حد تک درست ہو رہا ہے جتنی تکلیف اس نے سہی تھی وہ اس کا ایک چھوٹا سا حصہ دنیا کو واپس لوٹا رہا تھا

لیپ ٹاپ کی سکرین پر زینب کا نیا پیغام چمکا دانیال تم ایسے کیوں بول رہے ہو کل تک تو سب ٹھیک تھا نا اچانک کیا ہو گیا پلیز مجھ سے ایسے مذاق مت کرو میں برداشت نہیں کر سکتی

دانیال نے گہری سانس لی اس کے ہونٹوں پر ایک طنزیہ مسکراہٹ آئی اس نے وہی پرانا آزمایا ہوا اور سنگ دل جملہ ٹائپ کیا

معاف کرنا زینب میں اب تم پر بھروسہ نہیں کر سکتا یا تو تم بہت سچی ہو یا پھر بہت بڑی جھوٹی ہو اب بیشک تم مجھے بلاک کرو یا ڈیلیٹ مجھے کوئی غرض نہیں ہمارے راستے الگ ہیں خدا حافظ اور ہاں مجھے دوبارہ ڈھونڈنے کی کوشش مت کرنا

یہ لکھ کر اس نے بنا جھجھک کے بلاک کا بٹن دبا دیا

کمرے میں ایک بار پھر سناٹا چھا گیا سوائے گھڑی کی ٹک ٹک اور باہر برستی بارش کے دانیال نے لیپ ٹاپ بند کیا کرسی کی پشت سے ٹیک لگائی اور ایک لمبی اور گہری سانس لی اس کے چہرے پر ایک فتح جیسا اطمینان تھا کہ آج اس نے پھر سے کسی کی زندگی اجاڑ کر اپنے اندر کے زخم پر مرہم رکھ لیا ہے

مگر یہ اطمینان زیادہ دیر نہیں ٹکا

اچانک دانیال کے فون کی سکرین روشن ہوئی ایک نئے نمبر سے واٹس ایپ پیغام آیا تھا دانیال نے بے پروائی سے فون اٹھایا اور سکرین پر نظر ڈالی

دانیال کا دل ایک پل کے لیے ڈر کے مارے دھڑکنا بھول گیا اس نے کانپتے ہوئے قدموں سے اٹھ کر کھڑکی کا پردہ ہٹایا باہر کہرے میں لپٹی گلی کی سٹریٹ لائٹ کے نیچے سنسان بارش میں سچ مچ ایک عورت کھڑی تھی مگر وہ عائشہ نہیں تھی

وہ کوئی ایسی تھی جس کا بھیجا ہوا پیغام پڑھتے ہی دانیال کا خون خشک ہو گیا

پیغام میں لکھا تھا

دانیال تم جن عورتوں کو چھوڑتے تھے جن کے بھروسے سے کھیلتے تھے اور پھر کوئی وجہ نہیں کہہ کر چھوڑ دیتے تھے ان سب کے دلوں کا درد اکٹھا ہو کر آج ایک شکل لے چکا ہے تم نے جن درجنوں معصوم لڑکیوں کی دنیا اجاڑی ہے ان میں سے ہر ایک نے تمہیں تمہارے انجام تک پہنچانے کے لیے ایک ہی جال بنا ہے نیچے کھڑی عورت عائشہ نہیں بلکہ ان سب کا ایک گروہ ہے اور اب تمہاری باری ہے

دانیال کی سانس سینے میں اٹک گئی اس نے گھبرا کر اپنے لیپ ٹاپ کی سکرین پر دیکھا وہاں ایک اور پاپ اپ ونڈو کھلی جس میں سارے نام جنہیں دانیال نے بلاک کیا تھا ایک ساتھ آن لائن آ چکے تھے

اور تبھی نیچے سڑک پر کھڑی اس عورت نے اپنا فون کان سے لگایا اسی سیکنڈ دانیال کے فون کی گھنٹی بج اٹھی

اس نے کانپتے ہاتھوں سے کال اٹھائی تو دوسری طرف سے ایک ٹھنڈی اور پکی آواز آئی

دانیال تم کہتے تھے نا کہ تمہارے پاس چھوڑنے کی کوئی وجہ نہیں ہے آج ہم سب کے پاس بھی تمہیں معاف کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اب ذرا اپنے کمرے کے کونے میں لگے اس چھوٹے سے کیمرے کو دیکھیے جو پچھلے چھ مہینوں سے تمہاری ہر مکاری کی لائیو سٹریمنگ کر رہا ہے

دانیال کا سر چکرا گیا اس نے ڈرتے ہوئے اپنے کمرے کے کونوں میں نظر دوڑائی اس کے اپنے ہی لیپ ٹاپ کے کیمرے کی چھوٹی سی ہری بتی جل رہی تھی اور اس پر کسی نامعلوم ہیکر کا آئیکن جھلملا رہا تھا

اور پھر نیچے سڑک سے ایک اور پیغام اس کی سکرین پر چمکا

مبارک ہو دانیال تمہاری یہ لائیو ویڈیو اب صرف ہم نے نہیں بلکہ ملک کے تمام بڑے میڈیا چینلز اور سائبر کرائم پورٹلز پر لائیو جا چکی ہے پولیس بس اب تمہارے گیٹ پر ہی پہنچنے والی ہے

باہر گلی میں پولیس کے سائرن کی سرخ اور نیلی لائٹیں اندھیرے میں چمک اٹھیں اور دانیال کے فلیٹ کے باہر زور زور سے دروازہ پیٹنے کی آوازیں آنے لگیں دھڑ دھڑ دھڑ

دانیال کے ہاتھ سے فون چھوٹ کر زمین پر گر گیا اور وہیں اندھیرے میں اس کی آنکھوں کے آگے سب کچھ سیاہ ہو گیا

وہ ہوش میں آیا تو کمرے میں تیز روشنی اور ہتھکڑیوں کی کھنکھناہٹ تھی عدالت اور بدنامی کے سائے تلے دانیال کو احساس ہوا کہ دوسروں کے ٹوٹے ہوئے دلوں پر بنایا گیا انتقام کا محل ہمیشہ ریت کی دیوار ثابت ہوتا ہے اور اس کے اپنے ہاتھوں سے بویا گیا بیج آج زہریلی فصل بن کر اس کے سامنے کھڑا تھا.