باپ کے لیے بیٹی ایک شہزادی ہوتی ہے، ایسی شہزادی جس کی ہر خواہش، ہر آرزو اور ہر چھوٹی بڑی ضرورت پوری کرنا وہ اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ جس کے چہرے پر اداسی دیکھ کر اس کی اپنی خوشیاں بھی ماند پڑ جاتی ہیں۔ جس کی ایک مسکراہٹ کے لیے وہ دنیا بھر کی آسائشیں اس کے قدموں میں لا کر رکھ دیتا ہے۔
میں بھی ایسی ہی ایک خوش نصیب بیٹی تھی، جو منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہوئی۔ ایک ایسے گھر میں آنکھ کھولی جہاں محبت صرف لفظ نہیں بلکہ زندگی کا سب سے خوب صورت احساس تھی۔ مجھے کسی خواب کی طرح پالا گیا۔ میرے بابا نے مجھے اپنی سلطنت میں ملکہ کی طرح رکھا۔ وہ سلطنت جہاں مجھے کسی خواہش کے اظہار کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، جہاں میری خاموشی بھی سمجھی جاتی تھی اور میری آنکھوں میں اترنے والی ہر اداسی کا مطلب بھی جان لیا جاتا تھا۔
ملکہ وہ ہوتی ہے جسے اپنی ضرورتوں کے لیے کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، اور میرے بابا نے مجھے ہمیشہ اسی مقام پر رکھا۔ میری زندگی میں کبھی کسی چیز کی کمی نہیں آئی۔میرے لیے زندگی پھولوں کی سیج تھی،جس میں راستے خود بن جاتے تھے، دروازے بنا دستک کے کھل جاتے تھے۔ مجھے کبھی کچھ مانگنا نہیں پڑتا تھا، کیونکہ میرے مانگنے سے پہلے ہی سب کچھ میرے سامنے موجود ہوتا تھا۔ دنیا میرے قدموں کے نیچے بچھی ہوئی تھی اور لوگ میری قسمت پر رشک کرتے تھے۔
مگر مجھے یہ معلوم نہیں تھا کہ قسمت کی کتاب میں ایک ایسا باب بھی لکھا ہے جسے پڑھنے کے بعد میری ساری خوش فہمیاں ٹوٹ جائیں گی۔
اچانک ایک دن میری دنیا پلٹ گئی۔ میرے بابا اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ان کے جانے سے میرے سر سے صرف ایک سایہ نہیں اٹھا بلکہ میری پوری سلطنت اجڑ گئی۔ گھر وہی رہا، کمرے وہی، دیواریں بھی وہی، مگر ان سب کے درمیان ایک ایسی خاموشی نے جگہ بنا لی جسے کوئی آواز توڑ نہیں سکتی تھی۔
ان کے جانے کے بعد سب کچھ موجود ہے، مگر کچھ بھی پہلے جیسا نہیں رہا۔ میں نے پہلی بار جانا کہ خالی گھر صرف دیواروں اور کمروں سے نہیں بنتے، بعض اوقات انسانوں کے اندر بھی ایک گھر ویران ہو جاتا ہے۔ وہ گھر جہاں کبھی بے فکری رہتی تھی، جہاں ہر مشکل کا حل موجود تھا، جہاں کسی خوف کو داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔
اب دروازے خود نہیں کھلتے، راستے خود نہیں بنتے۔ ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا پڑتا ہے۔ اب کسی سے کچھ مانگنے کا خیال بھی آئے تو الفاظ ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔ میں نے کئی بار کسی سے اپنا حال کہنا چاہا، اپنے دل کا بوجھ بانٹنا چاہا، مگر لب ساکت رہ گئے۔
شاید اس لیے کہ مجھے کبھی بولنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی تھی۔ میرے بابا میری خاموشی کی زبان سمجھتے تھے۔ میں نے اپنی زندگی میں سب کچھ ہمیشہ بن مانگے پایا تھا، اس لیے مانگنے کا ہنر کبھی سیکھ ہی نہیں سکی۔
آج احساس ہوتا ہے کہ وہ صرف میرے والد نہیں تھے، وہ میری پہچان، میرا غرور، میرا تحفظ اور میری بے فکری کا دوسرا نام تھے۔ ان کے ہوتے ہوئے میں دنیا کے سامنے ایک مضبوط اور محفوظ وجود تھی، مگر ان کے بعد خود اپنی ذات سے اجنبی ہو گئی ہوں۔
لوگ سمجھتے ہیں کہ جسے زندگی میں بہت کچھ ملا ہو، اسے محرومی کا دکھ کم ہونا چاہیے۔ مگر کوئی انہیں کیسے سمجھائے کہ بعض محرومیاں تمام آسائشوں کے باوجود ختم نہیں ہوتیں۔ باپ کا سایہ وہ نعمت ہے جس کا بدل نہ دولت ہو سکتی ہے، نہ کوئی رشتہ اور نہ ہی دنیا کی کوئی سلطنت۔
شاید زندگی کا سب سے بڑا ستم یہی ہے کہ جنہیں سب کچھ بن کہے ملتا رہا ہو، انہیں ایک دن اپنے حق کے لیے جب بولنا پڑتا ہے، اپنی ضرورتیں خود بیان کرنی پڑتی ہیں اور اپنے دکھ بھی خود سمجھانے پڑتے ہیں۔ مگر وہ یہ سب کرنا نہیں جانتے۔
اور پھر ایک دن وہی شہزادیاں، جو کبھی سلطنتوں میں رہا کرتی تھیں، زندگی کے وسیع و عریض میدان میں تنہا کھڑی رہ جاتی ہیں۔ ان کے پاس یادیں تو ہوتی ہیں، مگر انہیں سننے والا کوئی نہیں ہوتا۔ خواہشیں تو ہوتی ہیں، مگر انہیں پورا کرنے والا کوئی نہیں ہوتا۔
میں بھی ایک ایسی ہی بیٹی ہوں، جس نے اپنے بابا کے ساتھ ایک سلطنت میں زندگی گزاری اور ان کے بعد اب تنہا خالی دل لیے اس بے حس دنیا میں رہ گئی ہوں۔
مزید پڑھیں



