موئنجودڑو: کھنڈرات میں زندہ ایک شہر،تحریر:انعم عباسی
نقطہ نظر
کچھ چیزیں انسان کو اپنی طرف اس قدر کھینچتی ہیں کہ وہ چاہ کر بھی ان سے نظریں نہیں ہٹا پاتا۔ میری کمزوری ہمیشہ سے قدیم عمارتیں، تاریخی مقامات، شکستہ دروازے اور ماضی کی خاموش نشانیاں رہی ہیں۔ مجھے جب بھی کوئی پرانی، بوسیدہ یا ٹوٹی پھوٹی عمارت دکھائی دیتی ہے تو میرا دل چاہتا ہے کہ فوراً وہاں پہنچ جاؤں۔ وہاں کی دیواروں کو چھو کر محسوس کروں کہ کبھی یہاں زندگی کس طرح گزرتی ہوگی۔ کون ان دریچوں سے جھانکتا ہوگا؟ کون ان بالکونیوں میں بیٹھ کر اپنے ہمسایوں سے گپ شپ کرتا ہوگا؟ ان گلیوں میں بچوں کی شرارتیں کیسی گونجتی ہوں گی؟ کون سے گھر میں شام کو کھانا پکنے کی خوشبو اٹھتی ہوگی؟ عجیب بات ہے کہ میں جب کسی ایسے مقام کو دیکھتی ہوں تو میرے ذہن میں جیسے ایک پوری فلم چلنے لگتی ہے۔ میں ان بے جان دیواروں کے پیچھے آباد زندگی کو اپنے تخیل میں زندہ کرنے لگتی ہوں۔ شاید اسی لیے قدیم ورثے سے مجھے ایک غیر معمولی محبت ہے۔
انہی تاریخی مقامات میں ایک نام موئنجودڑو کا ہے، جسے دیکھنے اور اس کی تاریخ جاننے کی خواہش ہمیشہ میرے دل میں رہی ہے۔ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں واقع یہ شہر تقریباً پانچ ہزار سال قدیم وادیٔ سندھ کی تہذیب کا عظیم مرکز تھا۔ تقریباً 2600 سے 1900 قبلِ مسیح کے دوران یہاں شہری زندگی اپنے عروج پر تھی۔ منظم سڑکیں، پختہ اینٹوں کے مکانات، کنویں، غسل خانے اور نکاسیٔ آب کا حیرت انگیز نظام اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ اس دور کے لوگ تعمیرات، صفائی اور شہری نظم و ضبط کے معاملے میں خاصی ترقی یافتہ سوچ رکھتے تھے۔
یہاں کا عظیم غسل خانہ، رہائشی مکانات، قدیم گلیاں اور دریافت ہونے والی مہریں آج بھی انسانی ذہانت کی داستان سناتی ہیں۔ کانسی سے بنا رقص کرتی لڑکی کا مجسمہ ،جسے تاریخ میں سمبارا کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔مٹی کے برتن، زیورات اور کھلونے ہمیں ان لوگوں کی روزمرہ زندگی کی ایک جھلک دکھاتے ہیں۔ افسوس کہ ان کی تحریر آج تک مکمل طور پر پڑھی نہیں جاسکی۔
لیکن سوال یہ ہے کہ آخر اتنا ترقی یافتہ شہر اجڑا کیسے؟ تقریباً 1900 قبلِ مسیح کے بعد یہاں کی شہری زندگی زوال پذیر ہونے لگی۔ موسمیاتی تبدیلی، دریاؤں کے بہاؤ میں تبدیلی، بارشوں میں کمی، سیلاب اور تجارتی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کو اس زوال کی ممکنہ وجوہات سمجھا جاتا ہے۔ 1922ء میں اس قدیم شہر کے آثار دوبارہ دریافت ہوئے، مگر آج تک سائنس اور آثارِ قدیمہ کے ماہرین اس کے زوال کی کسی ایک حتمی وجہ پر متفق نہیں ہوسکے۔ گویا ہزاروں سال گزرنے کے باوجود یہ شہر اپنے سینے میں کئی راز چھپائے بیٹھا ہے۔
میرا خیال ہے کہ ایسے مقامات کو دیکھنے کے لیے صرف سیاح بن کر نہیں بلکہ ایک حساس انسان بن کر جانا چاہیے۔ یہ محض مٹی کی دیواریں یا ٹوٹی ہوئی اینٹیں نہیں، یہ ہمارے آباؤ اجداد کی محنت، ذہانت، طرزِ زندگی اور تہذیبی شناخت کی نشانیاں ہیں۔ افسوس کہ ہم اکثر اپنے تاریخی ورثے کی اہمیت کا احساس اس وقت کرتے ہیں جب اس کا بڑا حصہ ضائع ہوچکا ہوتا ہے۔
ہمیں چاہیے کہ ایسے مقامات کو ان کی اصل حالت اور تاریخی شناخت کے ساتھ محفوظ رکھیں۔ ان کی مرمت کے نام پر ان کی اصل ساخت اور قدامت کو نقصان نہ پہنچائیں، غیر ضروری تعمیرات سے گریز کریں اور نئی نسل کو ان کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ کیونکہ کسی تاریخی مقام کو خوبصورت بنانے کا مطلب اسے جدید عمارت میں بدل دینا نہیں، بلکہ اس کی اصل خوبصورتی، اس کی قدامت اور اس کی روح کو برقرار رکھنا ہے۔
میں جب موئنجودڑو کا تصور کرتی ہوں تو مجھے کھنڈرات سے زیادہ ایک آباد شہر دکھائی دیتا ہے۔ ایک ایسا شہر جہاں کبھی کسی ماں نے اپنے بچے کو آواز دی ہوگی، کسی بچے نے گلی میں کھیلتے ہوئے قہقہہ لگایا ہوگا اور کسی نے اپنے گھر کی دہلیز پر بیٹھ کر ڈھلتے سورج کو دیکھا ہوگا۔ آج وہ سب لوگ تاریخ کا حصہ ہیں، مگر ان کے چھوڑے ہوئے آثار اب بھی ہم سے باتیں کرتے ہیں۔ بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تاریخ کو صرف پڑھیں نہیں، اسے محسوس کرنا بھی سیکھیں۔
میری ان تمام قارئین سے ایک گزارش ہے کہ جب بھی موقع ملے، خصوصاً وہ لوگ جن کے دل میں تاریخ، تہذیب اور ماضی کی نشانیوں کے لیے ذرا سی بھی محبت اور حساسیت موجود ہے، موئن جو دڑو کی ضرور سیر کریں۔ وہاں جائیں، ان خاموش گلیوں میں کچھ وقت گزاریں، ان شکستہ دیواروں کو دیکھیں اور تصور کریں کہ کبھی یہاں زندگی کس قدر رواں دواں ہوگی۔ پھر اپنے احساسات اور تجربات مجھ سے ضرور شیئر کیجیے گا۔ میں جاننا چاہوں گی کہ کیا وہاں پہنچ کر آپ کے ذہن میں بھی میری طرح ایک پوری دنیا آباد ہوجاتی ہے؟ کیا آپ کو بھی ان خاموش دیواروں کے پیچھے لوگوں کی ہنسی، بچوں کے کھیل اور گھروں کی رونقیں محسوس ہوتی ہیں، یا اس مقام کو دیکھ کر آپ کے احساسات کچھ اور ہوتے ہیں؟ میں شدت سے منتظر رہوں گی کہ آپ اس تاریخی شہر کو دیکھنے کے بعد اپنے دل کی کیفیت میرے ساتھ بیان کریں، کیونکہ بعض مقامات صرف دیکھے نہیں جاتے، محسوس کیے جاتے ہیں۔..
مزید پڑھیں


