Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ای سی سی کے اجلاس میں اہم شعبوں کیلئے فنڈز کی منظوری


وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران اہم شعبوں کیلئے فنڈز کی منظوری دیدی گئی ہے۔

ای سی سی کے اجلاس میں چھوٹے کاروبار اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی منظوری دیدی گئی ، مائیکرو فنانس اور نان بینکنگ اداروں کے ذریعے قرضوں تک رسائی بڑھائی جائے گی، سستے ہاؤسنگ فنانس کیلئے کریڈٹ گارنٹی اسکیم کا دائرہ بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے ،سمیڈا کیلئے 2 ارب روپے کی اضافی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے 11 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کا عمل مکمل کرنے کیلئے فنڈز جاری ہوں گے،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کیلئے 8 ارب روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی، یہ فنڈز بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے۔

تھرکوئلہ ریل رابطہ منصوبے کیلئے 10 ارب روپے کی گرانٹ جبکہ اسلام آباد اورسندھ، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے59 کروڑ61 لاکھ روپے منظور کیئے گئے ہیں ۔ پنجاب،خیبرپختونخوا،اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کیلئے2 ارب کے فوری اجرا کی منظوری دیدی گئی جبکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے مجموعی طور پر 17 ارب 87 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس اور اسٹاف کالونی کی مرمت کیلئے سی ڈی اے کو 30 کروڑ روپے، پاکستان کی کاپ31 میں شرکت کیلئے 15 کروڑ روپے ، پاکستان سپورٹس اینڈومنٹ فنڈ کیلئے 93 کروڑ 44 لاکھ روپے ، چین میں ایک ہزار زرعی ماہرین کی مختصر تربیت کیلئےایک ارب 66 کروڑ 62 لاکھ روپے ، 2026ءکی تمباکو فصل کی کم از کم امدادی قیمت اور سیس کی شرحوں کی منظوری دیدی گئی۔

صوبوں سے پاسکو کے واجبات وصول کرنے کی تجویز مؤخر کر دی گئی ہے اور مزید مشاورت کی ہدایت کی گئی ہے ۔ مقامی طور پر تیار ہونے والے ٹائرز پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی سے متعلق ایس آر اومیں ترمیم منظور کی گئی ہے ۔

ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کیلئے پرال کو 4 ارب روپے کی گرانٹ ، ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی رقم حکومتی سیکیورٹیزمیں سرمایہ کاری کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی ۔