جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت، اہل خانہ نے ملزم کو معاف کر دیا


نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ کے اہل خانہ نے مقدمے میں نامزد ملزم احسن طاہر خان کو معاف کر دیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔

ربیعہ احسن کی والدہ، بھائی اور بہن علوینہ نے عدالت میں پیش ہو کر ملزم کے حق میں بیان حلفی جمع کروایا اور مؤقف اختیار کیا کہ ربیعہ احسن کی موت ایک حادثہ تھی، احسن طاہر نے جان بوجھ کر انہیں قتل نہیں کیا۔

بیان حلفی میں مقتولہ کی بہن نے کہا کہ انہوں نے اپنے طور پر تسلی کر لی ہے کہ ملزم احسن نے ان کی بہن کو قتل نہیں کیا، وہ ملزم کو فی سبیل اللہ معاف کرتی ہیں۔

اہل خانہ نے عدالت سے استدعا کی کہ احسن طاہر کو ضمانت پر رہا کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ورثا کے بیانات اور بیان حلفی کی روشنی میں ملزم احسن طاہر خان کی بعد از گرفتاری ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔

مدعی مقدمہ کی جانب سے ملک محسن محمود کلیامی اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ بار صباء فراز راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔