بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وفاقی کابینہ کی کےپی کے وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے اور نئے نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری

PM-Shehbaz-Sharif

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیاہے جس کے مطابق گورنر کو ایمرجنسی کے دوران روزمرہ امور انجام دینے کیلئے اختیارات منتقل کئے گئے، انتظامی امور کی آسان انجام دہی اور گورننس کی مزید بہتری کیلئے منظوری دی گئی،گورنر اختیارات کے استعمال کی ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے امید ظاہر کی کہ عوام کی خوشحالی اور امن و امان کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی،امید ہے ایڈوائزری کونسل اور گورنر بھرپور کاوشیں یقینی بنائیں گے۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے دفاعی تعاون معاہدے کی بھی توثیق کردی،پاکستان اور کویت کے مابین دفاعی تعاون کا معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا،معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کا فروغ ہے،کویتی حکومت نے 19 جولائی کو دفاعی معاہدے کی توثیق کردی تھی۔

وفاقی کابینہ نے ملک میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری بھی دیدی ہے، اجلاس میں وفاقی کابینہ کو نئے کرنسی نوٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹس کے ڈیزائن کیلئے مصوروں و ڈیزائنرز سے تجاویز لی گئیں،وزیرِ اعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی،نئے نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کیلئے سیکیورٹی فیچرز بڑھائے جائیں گے،جدید میٹریل بھی استعمال ہوگا جس سے نوٹوں کے استعمال کی معیاد بڑھے گی ۔وفاقی کابینہ کی جانب سے 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔