اکیسویں صدی میں فکرِ اقبال کی اہمیت، تحریر: ایمن ریاض
نقطہ نظر
حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے نام سے تو ہر مرد و زن واقف ہے۔ یہ نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔
ہاں، یہ وہی شخصیت ہیں جن کا نام ہی ان کی شخصیت کی کامل عکاسی کرتا ہے۔
بڑا ہی بابرکت سمے تھا جب امّ اقبال کے گھر اقبال رحمۃ اللہ علیہ جلوہ افروز ہوئے۔
کوئی نہیں جانتا تھا کہ امّ اقبال کا یہی سپوت اردو شاعری کے جسم میں ایک نئی روح پھونکے گا اور اسے ایک نیا جنم دے گا۔
امّ اقبال کے اس فرزندِ اقبال کا اقبال بلند ہوا اور ان کی شاعری پاکستان کے وجود سے قبل ہندوستان کی کوکھ میں سانس لے کر روم، ایران اور انگلستان تک جا پہنچی؛ اور ان کی شاعری نے مشرق تو کیا، مغرب کے ایوانوں تک کو ہلا ڈالا۔
پروفیسر نکلسن جو کہ کیمبرج یونیورسٹی کے اعلیٰ اور بڑے علماء میں شمار ہوتے ہیں انہوں نے اقبال کی مشہور فارسی نظم ”اسرارِ خودی“ کا دیباچہ اور حواشی لکھ کر یورپ اور امریکہ میں اقبال کے نام کا بیج بویا۔
اقبال تھے کون؟ کیا صرف ایک شاعر؟ کیا وقت کے پنوں میں بس یہی تعارف ہے اقبال کا؟
نہیں... بلکہ اقبال وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے آنے والی نسلوں کے سینوں میں خودی، امید، عروج، مشقت، وفا، محبت، توکل اور بہادری کو پیوست کیا۔ انہوں نے ایک ایسا انقلابِ عظیم برپا کیا جس کی بنا پر ہم ایک مملکتِ خداداد پاکستان کے وجود کو یقینی بنا سکے۔
ان کی زندگی ان کے اس مصرعے کی بھرپور عکاسی کرتی ہے:
”زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری“
اقبال کی زندگی مسلمانانِ ہند کے لیے شمع کی مانند تھی، ایسی شمع جو اپنے وجود کو جلا کر روشنی کی بنیاد رکھتی ہے۔ ان کی روشنی ان کے اشعار سے پھوٹ کر مسلمانانِ ہند کے ذہن و شعور کو روشن کرتی رہی۔ آپ کو کبھی ”شاعرِ مشرق“، تو کبھی ”حکیم الامت“ اور کہیں ”مفکرِ پاکستان“ جیسے القابات سے نوازا گیا۔
آج دورِ حاضر میں، جب ہر انسان بہتر مستقبل کی تگ و دو کرتا دکھائی دیتا ہے، بعض مسائل کا حل تلاش کیا جاتا ہے اور ان میں سے بعض مسائل مزید بگاڑ کا باعث بن جاتے ہیں۔ حالات و واقعات اس سمت میں گامزن ہیں کہ امیر، امیر تر اور غریب، غریب تر ہوتا چلا جاتا ہے:
”ہم کو تو میسّر نہیں مٹی کا دیا بھی
گھر پیر کا بجلی کے چراغوں سے ہے روشن“
موجودہ دور میں جب مسلم تشخص شدید بحران کا شکار ہے، مسلمان اندرونی اور بیرونی طور پر کمزور ہو چکے ہیں؛ معاشرتی، معاشی اور تہذیبی طور پر ہمارا معاشرہ تعفن زدہ ہو چکا ہے جس میں سے بدبو کے بھبکے اٹھ رہے ہیں۔ مسلماں، مسلماں کے ہی دست و گریباں ہے۔ ہر طرف ایک عجیب شور و غل برپا ہے اور خون پانی کی طرح گلی کوچوں کی زینت بن رہا ہے:
”رہ گئی رسمِ اذاں، روحِ بلالی نہ رہی
فلسفہ رہ گیا، تلقینِ غزالی نہ رہی“
ایسے حالات میں، جبکہ ہمارا معاشرہ اقبال کے اس مصرعے کی عملی تفسیر بن چکا ہے کہ ”یہ مسلماں ہیں جنہیں دیکھ کے شرمائیں یہود“ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تمام مسائل کا حل قرآن و حدیث کے بعد فکرِ اقبال میں تلاش کیا جائے۔ اقبال کے نظریات میں ہی ہمارے اس معاشرے کے زنگ آلود تالے کی کنجی موجود ہے۔
مغرب کے افکار پر تو ہم بخوشی چلنے اور انہیں اپنانے پر آمادہ ہیں... فکرِ اقبال کو کیوں نہیں؟
اقبال کے افکار میں ہمیں معبودیت، اخلاق اور صراطِ مستقیم کی وسعتیں میسر آتی ہیں۔ علامہ اقبال نے معاشرتی زندگی میں توازن برقرار رکھنے کے لیے انسان کو ”خود شناسی سے خدا شناسی“ تک کا سفر طے کرنے کے گر سکھائے۔ انہوں نے آزادی اور آزادی ارادہ کی تفہیم یوں کروائی کہ آزادیء ارادہ سے اخلاقی حکم ممکن ہو سکے۔
کہتے ہیں کہ جو مسائل انسان حل نہیں کر سکتا، پھر ان کے فیصلے آسمانی ہوتے ہیں یعنی قدرت خود انہیں حل کرتی ہے اور جو قومیں فکر سے محروم رہتی ہیں، وہ تباہ ہو جاتی ہیں۔ شاید مسلمانانِ ہند اور موجودہ دور کے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے اللہ تعالیٰ نے اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو ایسی صلاحیتوں سے نوازا کہ لوگ اگر اب بھی چاہیں تو ان کی شاعری سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں اور کر رہے ہیں۔ وہ فکر سے محروم اور غفلت کی نیند سوئے ہوئے لوگوں کو امید، محبت، توکل، خودی اور بہادری جیسی تمام صلاحیتوں کا اپنے افکار کے ذریعے درس دے رہے ہیں وہ درس جن پر انسان اگر غور کرے تو دین و دنیا کی فلاح حاصل کر لے۔
مسلمان جو کسی دور میں دنیا پر غالب تھا، بقولِ اقبال:
”دشت تو دشت ہیں، دریا بھی نہ چھوڑے ہم نے
بحرِ ظلمات میں دوڑا دیے گھوڑے ہم نے“
یہ وہ وقت تھا جب چہار سو مسلمانوں کا ڈنکا بجتا تھا۔ علم و ہنر میں سب سے آگے، جہاں ارسطو اور افلاطون کی جگہ جابر، الرازی اور ابن الہیثم کا طوطی بولتا تھا، کہیں ابنِ بطوطہ دنیا کے نقشے لوگوں کو سمجھاتے تھے۔ غرض یہ کہ ہر ایجاد کا بانی مسلمان تھا یا مسلمانوں نے ایجاد کردہ اشیاء کو اس قابل بنایا تھا کہ دنیا اس سے استفادہ حاصل کر سکے۔ الغرض مسلمان دنیا کے ہر شعبے اور ہر کونے پر بادشاہوں کی طرح براجمان تھے، مگر کیوں...؟ پھر کیوں مسلمان اپنے مقام سے اتنا گر گئے کہ آج دنیا میں سب سے پیچھے اور سب سے گئے گزرے ہیں؟
اس ”کیوں“ کا جواب اور حل، دونوں ہمیں علامہ اقبال کی شاعری سے ملتے ہیں۔ آج جب ہر طرف انگریزوں کی حکمرانی، کفار کی عیاری اور اس کے درمیان پھنسے مسلمانوں کی بے چارگی نظر آتی ہے، کہیں غیرتِ ایمانی کو فراموش کیے مجاہد نظر آتے ہیں تو ایسے میں ایک مردِ مجاہد کی یاد بے ساختہ دل کے جھروکوں سے نکلتی ہے، جس نے ان سوئے ہوئے مسلمانوں کو بیدار کیا تھا اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزادی کا آغاز کیا تھا:
”تجھے اس قوم نے پالا ہے آغوشِ محبت میں
کچل ڈالا تھا جس نے پاؤں میں تاجِ سرداراں“
یہ وہ قانون دان، وہ سیاست دان ہے جو کبھی شاعری کے ذریعے دلوں پر چھاتا ہے، کبھی قلندرانہ غیرتِ ایمانی جگاتا ہے، کبھی سجدوں کی اجازت میں جکڑی غلامی کی زنجیریں دکھاتا ہے، کبھی امامت کا مطلب سمجھا کر مومن و منافق میں فرق بیان کرتا ہے، تو کہیں حقیقت کا ادراک کرواتا ہے۔ ایسے میں جب وہ مردِ مجاہد ماضی کی غلطیوں کی نشاندہی کرتا ہے، تو وہیں عروج کی راہ بھی بتاتا ہے وہی عروج جو فکرِ اقبال کی روح اور عصرِ حاضر کی شدید ضرورت ہے:
”وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارکِ قرآں ہو کر“
عہدِ حاضر کا معاشرہ فتنوں کے جال میں پھنسا نظر آتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عصرِ حاضر کے مسائل کا حل فکرِ اقبال میں تلاش کیا جائے۔ انسان کو صراطِ مستقیم پر گامزن رکھنے کے لیے اسلام نے جو طریقے استعمال کیے ہیں، اقبال نے ان کی روح کو حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ مثلاً عبدیت کے مفہوم کو نئی وسعتوں سے ہم کنار کرتے ہوئے اس نکتے پر زور دیا ہے کہ مسلمان کو اللہ کا بندہ ہوتے ہوئے اس کا نائب بننے کی سعی کرنی چاہیے۔ اس سے انسان کا مرتبہ بلند ہو گا اور ہر فرد کی حیثیت ایک جیسی ہو جائے گی۔ مساواتِ انسانی کا یہ تصور عہدِ قدیم میں نمایاں نہیں تھا؛ دینِ اسلام نے انسانی قدر و منزلت کو بتدریج ابھارا اور اسی کو علامہ اقبال اپنی شاعری میں پیش کرتے ہیں۔
یعنی ”خودی“ کے ساتھ ساتھ انسانی مساوات بھی فکرِ اقبال کا ایک بنیادی جزو ہے، جس کے سمجھنے سے معاشرتی زندگی میں سدھار ممکن ہے۔
اقبال کا دل مسلمانوں کے زوال سے شدید رنجور تھا۔ علامہ اقبال کے یہ اشعار نہ صرف مسلمانوں کے زوال کا، بلکہ عصرِ حاضر کے مسلمان کے کراہیت آمیز چہرے سے پردہ چاک کرتے ہیں:
”برُوئے او دَرِ دِل ناکُشادہ
خُودی اندر کَفِ خاکش نَزادہ
ضَمِیرِ او تَہی اَز بانگِ تَکبِیر
حَرِیمِ ذِکرِ او اَز پا فِتادہ“
(اس پر دل کا دروازہ بند ہو چکا ہے، یعنی اس ملت کو اعلیٰ جذبوں اور مقاصد سے کوئی سروکار نہیں رہا۔ اس کے جسم میں خودی پیدا نہیں ہوتی، وہ خودی سے عاری ہو چکی ہے۔ اس کا ضمیر ”اللہ اکبر“ کی بانگ سے خالی ہے، یعنی پہلے یہ ملت اللہ ہی کو معبودِ حقیقی سمجھتی تھی اور اس کی عظمت و کبریائی کے آگے سر بسجود ہوتی تھی، اب وہ دنیاوی مفادات اور دنیاوی حکمرانوں کے آگے جھکتی ہے اور اس کے حریمِ ذکر کی عمارت نیچے گر چکی ہے۔)
کیا یہ اشعار دورِ حاضر کے مسلمانوں اور خاص کر حکمرانوں کی کامل عکاسی کرتے نہیں دکھائی دیتے؟ یہ ہماری غیرتِ ایمانی پر زوردار تمانچہ ہے۔ کاش اس تمانچے کی بازگشت سے ہی مسلمانوں کی کھوئی ہوئی غیرتِ ایمانی جاگ جائے اور ہر طرف اسلام اور مسلمانوں کا بول بالا ہو۔
اقبال کی شاعری میں دو اصطلاحات بکثرت موجود ہیں: ”خودی“ اور ”بے خودی“۔
اقبال کے نزدیک خدا کی پہچان کے لیے خود کو پہچاننا ضروری ہے۔ خود کو پہچاننے سے مراد یہ نہیں ہے کہ کوئی شخص یہ جان لے کہ اس کا نام و نسب کیا ہے، وہ کس نسل سے ہے یا اس کے آبا و اجداد کہاں کے رہنے والے تھے بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ آدمی اپنی اہمیت کو سمجھے۔ وہ یہ جاننے کی کوشش کرے کہ وہ کس مقصد کے لیے پیدا کیا گیا ہے، اسے کون کون سی قابلیتیں عطا ہوئی ہیں اور وہ ان سے کیا کام لے سکتا ہے۔ اقبال کے نزدیک اپنی صلاحیتوں کی پہچان اور ان کا اظہار ہی زندگی ہے، اور ذوقِ نمود کے بغیر زندگی کچھ نہیں بلکہ موت ہے:
”ہر چیز ہے محوِ خود نمائی
ہر ذرہ شہیدِ کبریائی
بے ذوقِ نمود زندگی، موت
تعمیرِ خودی میں ہے خدائی“
جیسے سوال کرنے سے، دوسروں سے مانگنے اور محتاجی سے خودی کمزور ہوتی ہے، جبکہ عشق سے خودی مضبوط اور مستحکم ہوتی ہے۔
بے خودی کے لفظی معنی تو مدہوشی یا بے خبری کے ہیں، لیکن ”خودی“ کی طرح اقبال کے ہاں ”بے خودی“ کا بھی ایک خاص مفہوم ہے۔ جب کوئی فرد اپنی خودی کی تعمیر و تکمیل کر لیتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اپنی جماعت اور ملت کے لیے استعمال کرے۔ جب فرد اپنی جماعت سے اپنا رابطہ استوار کر لیتا ہے تو وہ خودی سے بے خودی کی منزل میں داخل ہو جاتا ہے۔ علامہ اقبال نے فرد کو شاخ اور جماعت کو درخت سے تشبیہ دی ہے، شاخیں اگر درخت سے علیحدہ ہو جائیں تو ان پر پھل پھول نہیں آ سکتے:
”فرد قائم ربطِ ملت سے ہے، تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں“
اقبال کے نزدیک جس قدر فرد کی اہمیت ہے، اسی قدر اس کی جماعت اور جماعت سے فرد کے رشتے کی اہمیت ہے۔ اقبال نے اپنی فارسی کتاب ”رموزِ بے خودی“ میں قوم کی اجتماعی زندگی کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
آج ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر جس طرح زوال کا شکار ہیں، ہمیں اقبال کے افکار سے علمی و فکری استفادہ حاصل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ یعنی اس مسئلے کا حل بھی ہمیں فکرِ اقبال میں ہی نظر آتا ہے۔
عصرِ حاضر میں جب دیگر کئی فتنے سر اٹھا رہے ہیں، ان میں ایک فتنہ اسرائیل بھی ہے۔ فلسطین کی موجودہ صورتِ حال اقبال کے حیات بخش فلسفہء زندگی اور ان کی شش جہات کو تھرتھرا دینے والی شاعری کو ایک مسیحا کی طرح دیکھنے پر مجبور کرتی ہے۔ ”نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر“ موجود قوم کو سرفرازی کا درس دینے والی یہ شاعری ایک نئی آن بان سے اس دور کا ایک نہایت اہم حوالہ بن گئی ہے۔ اب ہمیں یہ سمجھ آ جانا چاہیے کہ اپنے دفاع کے لیے اجتماعی خودی کو مضبوط کرنے کا یہ فلسفہ ہمارے لیے ایک آبِ حیات کا درجہ کیوں رکھتا ہے؟ بقولِ اقبال:
”سنا ہے میں نے غلامی سے امتوں کی نجات
خودی کی پرورش و لذتِ نمود میں ہے“
آج عالمِ اسلام کو فرقہ واریت، وطنی قومیت، لسانیت، تنگ نظر و متعصب ملائیت، جعلی تصوف اور علاقائی گروہیت جیسے عفریتوں نے گھیر رکھا ہے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کر دیا ہے۔ یہاں علامہ اقبال کا یہ قول سچ ثابت ہو رہا ہے کہ: ”اسلام کو دشمنوں سے زیادہ خود مسلمانوں کی کج فہمی اور داخلی انتشار سے خطرہ ہے۔“
عشق کی تعریف تو بڑے بڑے علماء نے بڑی تشریح کے ساتھ کی ہے، مگر سیدھے سادھے لفظوں میں عشق سے مراد اپنی ہستی کو محبوب کی ہستی میں ضم کر دینا، محبوب کی اطاعت کو اپنا شعار بنا لینا اور عرفانِ عشق میں عاشق کی مرضی کا معشوق کی مرضی میں ڈھل جانا ہے۔ یہ راز صرف اقبال نے بتایا ہے۔ علامہ اقبال اپنے دور کے بہت بڑے فلسفی تھے، مگر اقبال سے ان کا فلسفہ گرمئی عشق نہ چھین سکا، انہیں رقتِ قلبی سے محروم نہ کر سکا، نہ ہی ان کی پاکیزگی کو آلودہ کر سکا۔ اقبال پر جب عشقِ نبی کی عجیب کیفیت اور سرور کا عالم طاری ہوتا تو کچھ یوں لکھتے:
”فرشتے بزمِ رسالت میں لے گئے مجھ کو
حضورِ آیہ رحمت میں لے گئے مجھ کو“
علامہ اقبال کی شاعری میں جہاں ہمیں بہت سے عناصر لڑی در لڑی بکھرے نظر آتے ہیں، وہیں اقبال کا نظریہء عشق ان لڑیوں کو گویا ایک مالا میں پرو دیتا ہے۔ اقبال کی کل شاعری قرآن کی فلسفیانہ تفسیر ہے۔ جیسے قرآنِ پاک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا، ویسے ہی کلامِ اقبال سیرتِ طیبہ کا طواف کرتا نظر آتا ہے۔ اقبال کے اس فارسی شعر سے ان کے دل کی مخفی کیفیات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے:
”تو غنی از ہر دو عالم، من فقیر
روزِ محشر عذر ہائے من پذیر
یا اگر بینی حسابم ناگزیر
از نگاهِ مصطفےٰ پنہاں بگیر“
(اے اللہ! تو دونوں جہانوں سے بے نیاز ہے اور میں ایک سوالی ہوں۔ روزِ قیامت میری عذر خواہی قبول فرما لینا، اور اگر میرا حساب دیکھنا اتنا ہی ضروری ہے تو برائے مہربانی اسے حضور کی نگاہوں سے اوجھل رکھنا۔)
اس سے بڑھ کر عشقِ رسول کی مثال ملنا ناممکن ہے۔ اور اقبال کے اس عشق میں بھی ہمارے لیے پیغام پنہاں ہے:
”کی محمدؐ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں“
گویا اس شعر میں ہمارے لیے، نیز اکیسویں صدی کے عوام اور حکمرانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ اگر ہم عشقِ نبیؐ کو تمام معاملات سے بالاتر رکھیں تو دنیاوی اور اخروی، دونوں زندگیوں میں کامرانی حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر ہم غور کریں تو زندگی کے ہر شعبے میں اقبال نظر آتے ہیں۔ کہیں وہ آدابِ عبادت سکھاتے ہیں، کہیں محبت کا سلیقہ بتاتے ہیں، تو کہیں اطاعت و بندگی کا مفہوم سمجھاتے ہیں۔
اقبال صرف ایک شخصیت نہیں، بلکہ ایک نظریہ کا نام ہے۔ ایک ایسا نظریہ جو کسی بھولے بھٹکے مسافر کو منزل سے ملاتا ہے، بھنور کے بیچ میں پھنسی ہوئی ناؤ کو پار لگاتا ہے، کھوئی ہوئی غیرت جگاتا ہے، کھوئی ہوئی عزت بحال کرتا ہے اور پھر عروج کی بلندیوں تک لے جاتا ہے۔
اکیسویں صدی میں فکرِ اقبال کو اپنانا گویا ایسے ہی ہے جیسے صدیوں کے پیاسے کو فرحت بخش امرت پلا دیا جائے، جسے پی کر وہ پھر سے جی اٹھے۔ اکیسویں صدی میں ہم فکرِ اقبال کو اپنا کر اپنی کشتی پار لگا سکتے ہیں اور اپنا کھویا ہوا مقامِ سرفرازی دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔
اقبال اور فکرِ اقبال کا احاطہ کرنا تقریباً ناممکن ہے، خود علامہ اقبال اپنے بارے میں فرماتے ہیں:
”اقبال بھی اقبال سے آگاہ نہیں ہے
کوئی اس میں تمسخر نہیں، واللہ نہیں ہے!“
مزید پڑھیں





