پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خیبرپختونخواہ میں گورنر راج کسی لالچ یا اقتدار کی ہوس میں نہیں لگایا، شرجیل میمن

ppp

سینئر وزیر سندھ و صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں گورنر راج کا نفاذ کسی لالچ یا اقتدار حاصل کرنے کی غرض سے نہیں کیا گیا، بلکہ تحریک انصاف کی جانب سے دہشت گردوں کے لیے رکھے جانے والے نرم گوشے اور غلط پالیسیوں کے نتیجے میں صوبہ اس سیاسی بحران کا شکار ہوا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں پیدا ہونے والے تمام تر سیاسی بحران کی ذمہ دار پی ٹی آئی خود ہے، جسے آج اپنے ماضی کے فیصلے اور عمل کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی صوبائی حکومت نے دہشت گردوں سے مذاکرات اور ان کے لیے دفاتر کھولنے کی باتیں کیں، بے گناہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھوتے رہے اور ہمارے جوان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جامِ شہادت نوش کرتے رہے۔


سندھ کے سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے حساس معاملے پر کسی قسم کا ابہام یا دوغلا پن برداشت نہیں کرسکتا، مسلح افواج کے افسران اور جوان قوم کا فخر ہیں جو ملک کے بچوں، جوانوں اور بزرگوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت پرعزم اور الرٹ رہتے ہیں، قوم اپنے تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور پیپلزپارٹی ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں اپنی پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔