بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حاصل کی بے قدری اور لاحاصل کی طلب، تحریر: ام ماریہ حق

نقطہ نظر

انسان کی خواہشات کا دائرہ کبھی مکمل نہیں ہوتا۔ ایک منزل مل جائے تو دوسری منزل کی طلب جاگ اٹھتی ہے۔ ایک خواب پورا ہو تو کئی نئے خواب آنکھوں میں جگہ بنا لیتے ہیں۔ دولت ہو تو شہرت کی خواہش، شہرت مل جائے تو اقتدار کی طلب، اور سب کچھ حاصل ہونے کے باوجود دل میں ایک عجیب سی خالی جگہ باقی رہتی ہے۔ شاید اس لیے کہ ہم نے حصول کو خوشی سمجھ لیا ہے، حالاں کہ خوشی کا تعلق صرف پانے سے نہیں بلکہ پائی ہوئی نعمتوں کو محسوس کرنے اور اُن کی قدر کرنے سے بھی ہے۔ یہ کیسی عجیب نفسیات ہے انسان کی کہ جو اُس کے پاس موجود ہے، اُس سے مطمئن نہیں، اور جو اُس کی دسترس سے باہر ہے، اُسی کے حصول میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔ یہاں ہر کوئی حاصل سے بے زار ہے، اور لاحاصل کا طلبگار ہے۔ ہماری زندگی کا المیہ شاید یہی ہے کہ ہم نے اپنی خوشیوں کا معیار اُن چیزوں کو بنا لیا ہے جو ابھی ہمارے پاس نہیں ہیں۔ اسی کے سبب ہم اکثر اُس سکون کو کھو دیتے ہیں جو ہمارے اردگرد موجود ہوتا ہے، صرف اُس سکون کی تلاش میں جو کسی نامعلوم مستقبل سے وابستہ ہوتا ہے۔ اپنے گھر کی محبت معمولی لگتی ہے، کسی دوسرے کے گھر کی رونق متاثر کرتی ہے۔ اپنی زندگی کے رنگ پھیکے محسوس ہوتے ہیں، دوسروں کی زندگی کی چمک آنکھوں کو خیرہ کرتی ہے۔ ہم دوسروں کے حاصل کو دیکھ کر اپنے نصیب سے شکوہ کرنے لگتے ہیں، مگر یہ بھول جاتے ہیں کہ ہر چمکتی ہوئی چیز کے پیچھے ایک ایسی کہانی بھی ہوتی ہے جس سے ہم ناواقف ہیں۔ اور کبھی کبھی تو معاملہ صرف چیزوں یا آسائشوں کا نہیں ہوتا، بلکہ انسان اُن لوگوں کا طلبگار بن جاتا ہے جو اُس کے لیے کبھی میسر ہی نہیں تھے، اور اُن لوگوں کو نظرانداز کر دیتا ہے جو ہر مشکل میں اُس کے ساتھ کھڑے رہے۔ ہم اُن دروازوں پر دستک دیتے رہتے ہیں جہاں سے جواب نہیں آتا، مگر اُن کھلے دروازوں کی اہمیت بھول جاتے ہیں جہاں ہمارے لیے جگہ اور قدر موجود ہوتی ہے۔

لاحاصل کی کشش شاید اس لیے زیادہ ہوتی ہے کہ اُس میں تصور کی خوب صورتی شامل ہوتی ہے۔ جو چیز ہمارے پاس نہیں ہوتی، ہم اُسے اپنی خواہشوں کے مطابق حسین بنا لیتے ہیں۔ ہمیں اُس کی خامیاں دکھائی نہیں دیتیں، صرف اُس کا دلکش تصور نظر آتا ہے۔ لیکن جب وہی چیز حاصل ہو جاتی ہے تو اُس کی حقیقت سامنے آنے لگتی ہے اور ہماری دلچسپی کسی نئی خواہش کی طرف منتقل ہو جاتی ہے۔ مگر کیا زندگی اسی دوڑ کا نام ہے؟ کیا ہم ہمیشہ اُس چیز کے پیچھے بھاگتے رہیں گے جو ہمارے پاس نہیں، اور اُس کی قدر کرنا بھول جائیں گے جو اللہ نے ہمیں عطا کر رکھی ہے؟ حقیقت تو یہ ہے کہ قناعت خواہشوں کا خاتمہ نہیں، بلکہ اُن کے درمیان توازن پیدا کرنے کا نام ہے۔ خواب دیکھنا، آگے بڑھنا اور بہتر زندگی کی کوشش کرنا یقیناً اچھی بات ہے، مگر اپنے موجودہ لمحے کو محرومی کا نام دے دینا دانش مندی نہیں۔ انسان کو آگے بڑھنے کی خواہش بھی رکھنی چاہیے اور پیچھے مڑ کر اپنے حاصل کو دیکھنے کا ہنر بھی سیکھنا چاہیے۔

زندگی بہت مختصر ہے۔ اسے اُن چیزوں کے انتظار میں ضائع نہ کیجیے جو شاید کبھی حاصل نہ ہوں۔ اُن ہاتھوں کی قدر کیجیے جو آپ کے لیے اٹھتے ہیں، اُن رشتوں کو سنبھالیے جو آپ کے وجود سے محبت کرتے ہیں، اُن نعمتوں پر شکر ادا کیجیے جو خاموشی سے آپ کی زندگی کا حصہ ہیں۔ کیوں نہ کبھی ٹھہر کر اپنے حاصل کو دیکھا جائے؟ کیوں نہ اُن خوشیوں کو محسوس کیا جائے جنہیں ہم معمولی سمجھ کر نظرانداز کر دیتے ہیں؟ کیوں نہ لاحاصل کے تعاقب میں حاصل کو کھونے کے بجائے، حاصل کی قدر کرنا سیکھ لیا جائے؟ شاید زندگی کا سب سے بڑا شعور یہی ہے کہ لاحاصل کی خواہش میں حاصل کی خوب صورتی کو فراموش نہ کیا جائے۔