حساب سے پہلے احتساب، تحریر: مبراء عبدالقیوم
نقطہ نظر
انسان کی زندگی ایک مسلسل سفر ہے، جس میں ہر دن اسے اپنے اعمال کے انتخاب کا موقع ملتا ہے۔ ہم دوسروں کے اعمال کا جائزہ لینے، ان کی غلطیاں تلاش کرنے اور ان کے کردار پر سوال اٹھانے میں تو بہت وقت صرف کرتے ہیں، لیکن کبھی اپنے گریبان میں جھانکنے کی زحمت بھی نہیں کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دوسروں کا حساب لینے سے پہلے اپنے اعمال کا احتساب ضروری ہے۔ ہم نے کسی کا دل تو نہیں دکھایا؟ کسی کا حق تو نہیں مارا؟ ہماری زبان سے کسی کی دل آزاری تو نہیں ہوئی؟ ہم نے اپنے فرائض کتنی دیانت داری سے ادا کیے؟ یہ وہ سوالات ہیں جو ہمیں روزانہ خود سے کرنے چاہییں۔
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: "اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور ہر شخص دیکھے کہ اس نے کل کے لیے کیا آگے بھیجا ہے۔" (سورۃ الحشر: 18)
یہ آیت ہمیں اپنے اعمال پر غور کرنے اور آخرت کی تیاری کی دعوت دیتی ہے۔ گویا انسان کو ہر روز اپنے کردار کا جائزہ لینا چاہیے کہ اس نے اپنی زندگی کے قیمتی لمحات کس مقصد میں صرف کیے اور اپنے نامۂ اعمال میں کیا جمع کیا۔
احتساب انسان کو اپنی اصلاح کا راستہ دکھاتا ہے۔ جو شخص اپنی غلطی تسلیم کرنے کا حوصلہ رکھتا ہے، وہی حقیقی معنوں میں بہتری کی طرف قدم بڑھاتا ہے۔ دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہماری اپنی تین انگلیاں بھی ہماری طرف ہی ہوتی ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ دنیا میں ہر شخص کو اپنے اعمال کا جواب دینا ہے۔ اس لیے دوسروں کے محاسبے سے زیادہ اپنی اصلاح کی فکر کرنی چاہیے۔
ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ ہم دوسروں کی چھوٹی چھوٹی کوتاہیوں کو موضوعِ گفتگو بنا لیتے ہیں، لیکن اپنی بڑی غلطیوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ کسی کی غیبت کرنا، بلاوجہ کسی پر تہمت لگانا، وعدہ خلافی کرنا، دوسروں کے حقوق پامال کرنا اور کسی کی مجبوری سے فائدہ اٹھانا ایسے اعمال ہیں، جنہیں ہم اکثر معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔ حالانکہ حقوق العباد کا معاملہ نہایت اہم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الزلزال میں ارشاد فرمایا: "پس جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی، وہ اسے دیکھ لے گا اور جس نے ذرہ برابر برائی کی ہوگی، وہ بھی اسے دیکھ لے گا۔" (سورۃ الزلزال: 8-7)
یہ آیات واضح کرتی ہیں کہ کوئی عمل اللہ تعالیٰ کے علم سے پوشیدہ نہیں ہے۔ اس لیے کسی نیکی کو معمولی اور کسی برائی کو بے اہمیت سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
رسول اللہﷺ نے بھی خود احتسابی کی اہمیت بیان فرمائی ہے۔ حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپﷺ نے فرمایا: "عقلمند وہ ہے جو اپنے نفس کا محاسبہ کرے اور موت کے بعد کی زندگی کے لیے عمل کرے۔" (جامع ترمذی: 2459)
اس فرمانِ نبویﷺ میں کامیاب زندگی کا ایک اہم اصول بیان کیا گیا ہے کہ انسان اپنی خواہشات کا غلام بننے کے بجائے اپنے اعمال کی نگرانی کرے اور انجام کو سامنے رکھ کر زندگی گزارے۔
خود احتسابی کا آغاز کسی بڑے موقع یا خاص دن سے نہیں بلکہ روزمرہ زندگی سے ہونا چاہیے۔ دن کے اختتام پر چند لمحے اپنے لیے نکال کر یہ سوچنا چاہیے کہ آج ہم نے کس کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا، کہاں کسی کے ساتھ ناانصافی ہوئی، کون سا فرض ادھورا رہ گیا اور کس غلطی کی اصلاح ضروری ہے۔ اگر کسی کا حق متاثر ہوا ہے تو معذرت اور تلافی میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ محض اپنی غلطی کا احساس کافی نہیں، بلکہ اسے درست کرنے کی عملی کوشش بھی ضروری ہے۔
یاد رکھیے! دنیا کی عدالتوں میں انسان بعض اوقات اپنی غلطی چھپا سکتا ہے، لوگوں کی نظروں سے بچ سکتا ہے اور اپنی صفائی میں دلائل بھی پیش کر سکتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کے حضور کوئی عذر پوشیدہ نہیں رہے گا۔ وہاں نہ عہدہ کام آئے گا، نہ دولت اور نہ ہی دوسروں کی خامیاں ہمارے لیے ڈھال بن سکیں گی۔ ہر شخص کو اپنے اعمال کا جواب خود دینا ہوگا۔
لہٰذا حساب کے دن کا انتظار کرنے کے بجائے آج ہی اپنے اعمال کا جائزہ لینا شروع کر دیجیے۔ اپنی غلطیوں کو پہچانیے، ان کی اصلاح کیجیے اور دوسروں کے معاملات میں فیصلہ سنانے سے پہلے اپنے کردار کو دیکھیے۔ کیونکہ حقیقی کامیابی دوسروں کو غلط ثابت کرنے میں نہیں بلکہ خود کو بہتر بنانے میں ہے۔ اگر ہم نے دنیا میں اپنا احتساب کر لیا تو امید ہے کہ آخرت کی جواب دہی آسان ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں


