منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تقریر کی تاثیر، تحریر: ظفر اقبال ظفر

نقطہ نظر
zafar iqbal zafar

ماضی میں تقریروں سے تحریکوں کے لیے بڑے بڑے مقاصد حاصل کیے گئے ہیں،مدتوں بعد بھی ان تقریروں سے اخذ ہونے والے نتیجے ماضی میں لے جاتے ہیں اور حال میں خون گرماتے ہیں، کوئی تحریک تقریر کے بغیر منزل تک نہیں پہنچتی،مذہب و وطن نے بھی اپنے قیام اور سربلندی کے لیے تقریروں کا استعمال کروایا۔تقریریں کبھی آتش فشاں،کبھی آتش بجاں، کبھی آبشار،بعض تقریروں میں ساری صورتیں جمع ہو تیں،قیام پاکستان کے لیے وہ تقریریں جن میں آزادی اور پاکستان کا مطالبہ ہوتایا فکرو عمل اور سرفروشی و جانبازی کی تلقین ہوتی بالکل آتش فشاں کی مانند،آگ اور حرارت کا سیل بے پناہ جوہر مقابل پر حاوی ہو جائے،اور ہر رکاوٹ پر غالب آ جائے۔

جو تقدیریں اسوہ رسول ؑ،ایمان کی کمزوری،اتحاد کی کمی،فکر صحیح سے محرومی،اور راہ حق سے انحراف بارے ہوتیں وہ آبشار کی طرح تھیں،جو یہ کہتے ہوئے نیچے گر رہا ہو کہ اچھا تم میری سطح تک بلند نہیں ہوسکتے تو لو میں بلندیوں سے اتر کر تمہاری کشت ویراں کو سیراب کیے دیتا ہوں۔عام طور پر جذباتی تقریریں جب احاطہ تحریر میں آتی ہیں تو بہت معمولی لگتی ہیں،کسی واقعے یا حادثے کی نسبت سے کی گی دُھواں دار تقریر پر جب وقت بیت جائے اور اسے پڑھنے والا زہنی طور پر اس لمحے سے بہت دُور ہو جائے جو سامعین کو میسر تھا تو ایسی تقریر بجھی ہوئی آگ کے دُھوئیں سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی،یوں بھی مقرر کی ذات،صفات،انداز اور آہنگ سے تقریر میں تاثر پیدا ہوتا ہے،اور تحریر میں ان کی غیرموجودگی سے جو کمی واقع ہوتی ہے وہ وقت کے ساتھ بڑھتی چلی جاتی ہے،یہاں تک کہ ایک مدت کے بعد تقریر پڑھنے کی کوئی چیز ہی نہیں رہتی۔

کسی خاص مقصد کے لیے عوامی رائے کو ایک فیصلے پرلانے کے لیے مستقبل میں جانکھنے کی اصلاحیت ہر آنکھ کو نصیب نہیں ہوتی اس خصوصیت کی شہادت پر ہی کسی کو لیڈر قرار دیا جاسکتا ہے،جو مطلوبہ مقاصد کے حصول تک عوام کے خون کو اس شدت سے گرماتا رہتا ہے کہ لوگ تحریک کی کامیابی کے لیے اپنا لہو تک بہا دیتے ہیں،ماضی گواہ ہیں کہ تقریروں کے زریعے خونی انقلاب لائے گئے تاکہ اگلی نسلوں کا خون بہنے سے بچ سکے۔

لمبا عرصہ چلنے والی تحریکوں کے لیے لوگوں کے دلوں کو گرمائے رکھنا اور جذبات کا درجہ حرارت کم نہ پڑنے دینا،سامعین کو ایک فیصلے پر جما دینا،پختہ،نظریہ، سوچ دے کر مجاہد بنانا ایک لیڈر کی تقریر ہی کر تی ہے، کامیابی کی آگ دوسروں کے سینے میں منتقل کرکے تکمیل مقصد کے ساتھ جڑی تاریخ رقم کرنا ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا۔

جہاں انسانی بھلائی کے لیے خدائی مقصد کی تکمیل پر تقریریں ہو ئی ہیں وہاں موقع پرستوں نے ذاتی و سیاسی مفادات میں شعلہ بیانی سے انسانی زہنوں کے ساتھ کھیلا ہے،ناقص عقلوں کو خود غرضانہ بیانے کے زیراثر کیا،اور لوگ گھٹیا آدمی کے بڑھیا بیانے میں بہک گے،تقریریں سنتے وقت اپاہج زہن اور صحت مند زہن کا فیصلہ الگ الگ ہوتا ہے،تقریر اپنی بات دوسروں کے دل میں اُتارنے والے فن کا نام ہے،مگر اس فن کو جو زندہ رکھتے ہیں وہ مقصد کی اہمیت،الفاظوں کا چناؤ،انداز بیاں ہوتا ہے،یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ نہ دیکھو کون کہہ رہا ہے یہ دیکھو کیا کہہ رہا ہے۔مگر اس کے ساتھ ایک اور بھی قیمتی بات وابستہ کرتا چلوں کہ اگر باکردار آدمی وہ بات کہے جس پر خود پیراعمل ہو تو اس کی زبان تاثیر رکھتی ہے،جھوٹا سچی بات کہہ بھی دے تو اس کی اپنی ذات اچھے نتیجے سے محروم رہتی ہے۔

ایک لیڈر کی جاندار تقریر لاکھوں سننے والوں کو تبصرہ و تجزیہ نگار بنا دیتی ہے،نقطہ نظر سرایت کرتا ہوا کہیں سوال بنتا ہے توکہیں جواب بنتا ہے اور کہیں دونوں صورتیں جمع ہو جاتی ہیں،ایک مختصر تقریر سے سامعین کے جذبات کو بلندیوں تک لے جانا پھر واپس زمین پر لے آنا ایک مقرر کے فن کا کمال ہے۔

دنیاوی مقاصد میں کی گئی تقریروں میں خون کا آخری قطرہ تک بہا دینے کے اعلانات انسان کو انسان کے خون کا پیاسہ بنا دیتے ہیں جب حالات بے قابو ہو جاتے ہیں تو یہ اعلان کرنے والے اپنی جان بچاتے ہوئے راہ فرار اختیار کر جاتے ہیں اور ان کے اعلان میں بہکے لوگوں کی جان پر بن جاتی ہے،پھر ان کے سامنے دو راستے ہوتے ہیں پھونکے گئے مقصد پر جان قربان کر دیں یا جان بچانے کو مقصد سے پیچھے ہٹ جائیں ایسے بھی جان بچانے کا فرض مقصد کو بے جان کر دیتا ہے۔

انسانی حقوق کے سچے لیڈر اتنے عقل مند تو ہونے چاہیے کہ انسان بچاکر حصول حقوق کا کامیاب راستہ نکالیں۔ہاتھوں میں ہتھ کڑیاں پیروں میں بیڑیاں اور جسم زخموں سے چور یہ وہ عوامی قربانی ہے جو ایک لیڈر کے حصے میں آتی ہے۔لیڈر وہ ہے جو خود تو زہر کے گھونٹ پی لے مگر جب دوسروں تک پہنچے تو شہد بن جائے۔

اس تناظر میں دیکھا پرکھا جائے تو یہ بات طے ہے کہ ہر تقریر کے پیچھے لیڈر نہیں ہوتااور ہر لیڈر کے آگے تقریر نہیں ہوتی۔قابل اثرفن خطابت ہر کوئی چاہتا ہے اورتقریر کے لفظوں سے نکلنے والی صورتحال کی زمہ داری کوئی کوئی لیتا ہے اس صورتحال سے اگر واقفیت ہو تو بڑے سے بڑا مقرر بھی نتیجہ دیکھ کر جملوں کا انتخاب کرتا ہے۔

چند منٹوں کی ایسی تاریخی تقریریں بھی ہوئی ہیں جن کے پیچھے برسوں کی تیاری ہوتی ہے، اک اک لفظ،جملے کے کئی کئی پہلودیکھے گئے اور پھر الفاظ و انداز بیاں کی وہ ترتیب دی گئی جس سے چاہا ہوا نتیجہ سامنے آتا ہے اور یہاں تک پہنچنے کے لیے نیت کو پاکیزہ کرکے خدا سے انسانیت کے خیر خواہ حالات منظور کروانے پڑتے ہیں۔

جو سمجھانا چاہتے ہیں وہ الفاظ و بیان میں نہ ہو تو کہی گئی بات کا مطلب بدل جاتا ہے،کتنے ہی لوگ اس مسلے میں مبتلا ہیں کہ وہ اپنی بات اپنی سوچ کے مطابق کہہ نہیں پاتے اور وہ اہمیت کھو دیتی ہے۔

بیویوں کے تابناک چہروں،بچوں کی مسکراہٹ،کاروبار،زریعہ معاش کی ساری تباہیوں سمیت زندگی کے ہر حسن و آسانی کو آنکھوں کے سامنے رکھ کرجوش سے نہیں ہوش سے فیصلہ لیاکریں۔ تقریروں والی زبان کے پیچھے ایسے دل رکھنے والے کو قائد بنائیں جوانسانی زندگیوں میں بہار لائے،کھاد بن کر زمین میں جذب ہو جڑوں کو مضبوط کرئے مٹی و پانی سے خوش رنگ پھول پیدا کرئے،خود فنا ہو اور آپ کو لذت و شیرینی سے بھرے پھل دے۔

ہر خوبصورت و مقدس عمارت اپنے بنیاد کے پتھروں کی سلامتی مانگتی ہے۔آدم ؑ اور ان کی اولاد میں ایسے ان گنت انسانی کردار گزرے ہیں جو فرشتوں کے کیے جانے والے سجدے کا مطلب سمجھانے کے لیے کافی ہیں اور آج بھی کئی صاحب کردار موجود ہیں جن کے جذبہ خدائی کام کو دیکھ کر فرشتے ان کے لیے خدا سے کامیابی کی دُعا مانگتے ہوں گے۔